Inquilab Logo Happiest Places to Work

ہر تعلیمی سرگرمی اور تجربہ آپ کے مستقبل کی تعمیر میں اہم

Updated: July 10, 2026, 9:02 PM IST | Shahebaz Khan | Mumbai

طلبہ کی مجموعی ترقی کیلئے نصابی اُمور جتنے ضروری ہیں اُتنی ہی ضروری غیر نصابی سرگرمیاں ہیں۔ ان میں محض چند طلبہ کو نہیں بلکہ ہر طالب علم کو بڑھ چڑھ کر حصہ لینا چاہئے۔

Photo: INN.
تصویر: آئی این این۔

تعلیمی دَور صرف امتحانات کی تیاری اور ان میں نمایاں نمبروں سے کامیابی حاصل کرنے کا نام نہیں ہے۔ یہ ایک ایسا دَور ہے جہاں ہر دن کچھ نیا سیکھنے، اپنی صلاحیتوں کو دریافت کرنے اور اپنی شخصیت کو نکھارنے کا موقع ملتا ہے۔ کمرۂ جماعت میں حاصل ہونے والا علم طلبہ کی بنیاد ضرور بنتا ہے، لیکن پروجیکٹ، اسائنمنٹ، تعلیمی دورے، نمائشیں، تعلیمی مقابلے اور نصابی اور غیر نصابی سرگرمیاں اسی علم کو حقیقی اور عملی زندگی سے جوڑ دیتی ہیں۔ آج کے مقابلہ جاتی دور میں تعلیم کا مقصد صرف معلومات فراہم کرنا نہیں بلکہ شخصیت کی ہمہ جہت ترقی بھی ہے۔ اس لئے آپ متجسس، سوال پوچھنے والے، تحقیق کرنے والے، نئے خیالات پیش کرنے والے اور اپنی صلاحیتوں کو معاشرے کی بھلائی کیلئے استعمال کرنے والے طلبہ بنیں۔ ان کالموں میں اسی بات پر روشنی ڈالی گئی ہے کہ پروجیکٹ، اسائنمنٹ، تعلیمی دورے، نمائشیں، تعلیمی مقابلے، نصابی اور غیر نصابی سرگرمیاں کیوں ضروری ہیں، اور عملی زندگی میں یہ آپ کو کس طرح فائدہ پہنچاتی ہیں۔ 
پروجیکٹس
خیالات کو حقیقت میں بدلنے کا سفر
پروجیکٹس، آپ کو ہونے والے فوائد

تحقیق اور مطالعہ کی عادت پروان چڑھتی ہے۔ 
تخلیقی اور اختراعی سوچ کو فروغ حاصل ہوتا ہے۔ 
مسئلہ حل کرنے کی صلاحیت مضبوط ہوتی ہے۔ 
ٹیم ورک اور باہمی تعاون سیکھنے کا بہترین موقع ملتا ہے۔ 
منصوبہ بندی اور وقت کے مؤثر استعمال (ٹائم مینجمنٹ) کی تربیت ملتی ہے۔ 
اپنی سوچ کو اعتماد کے ساتھ پیش کرنے کا موقع ملتا ہے۔ 
حقیقی زندگی سے جڑے مسائل سمجھنے میں معاون ہیں۔

یہ بھی پڑھئے: یہ صرف کتابیں نہیں، آپ کی Mentor ہیں، اِن سے ہر دن کچھ نیا سیکھیں

اسائنمنٹس
سوچنے، سمجھنے اور لکھنے کی مشق
اسائنمنٹس، آپ کو کیا سکھاتے ہیں؟ 

مطالعے کی عادت (Reading habit) مستحکم ہوتی ہے، نیز تحریر کے ذریعے اظہار کا سلیقہ آتا ہے۔ 
تنقیدی اور تجزیاتی سوچ پروان چڑھتی ہے۔ 
وقت کی منصوبہ بندی کی صلاحیت پیدا ہوتی ہے۔ 
ذمہ داری اور خود اعتمادی میں اضافہ ہوتا ہے۔ 
مختلف ذرائع سے معلومات حاصل کرنے اور انہیں بہتر طریقے سے پیش کرنے کا شعور پیدا ہوتا ہے۔ 
نئے موضوعات کو گہرائی سے سمجھنے کا موقع ملتا ہے۔

تعلیمی دورے
یہاں عملی طور پر سبق سیکھتے ہیں 
ایجوکیشنل ٹِرِپس عملی سبق دیتی ہیں 

تعلیمی دورے کتابی علم کو عملی زندگی سے جوڑتے ہیں۔ 
مشاہدہ کرنے کی صلاحیت بڑھاتے ہیں۔ 
سوال پوچھنے اور انفرادی طور پر کچھ دریافت کرنے یا آزادانہ طور پر کچھ کرنے کا جذبہ پیدا کرتے ہیں۔ 
تاریخ، ثقافت، ماحولیات اور سائنس و ٹیک سے آگاہی میں اضافہ کرتے ہیں۔ نئی دلچسپیاں بڑھاتے ہیں۔ 
مختلف پیشوں اور شعبوں کو قریب سے جاننے کا موقع دیتے ہیں۔ مستقبل کے خوابوں کو جنم دیتے ہیں۔

یہ بھی پڑھئے: آسان مراحل میں جانئے پورا سال تعلیمی ہدف پر قائم رہنے کا طریقہ

نمائشیں، مقابلے
صلاحیتیں دکھانے کا بہترین موقع
یہ سرگرمیاں مہارتوں کیلئے اہم ہیں 

اظہارِ خیال کا سلیقہ آتا ہے اور اعتماد میں اضافہ ہوتا ہے۔ 
مؤثر گفتگو کی صلاحیت بہتر ہوتی ہے۔ بات چیت کرتے وقت گھبراہٹ نہیں ہوتی اور زبان نہیں لڑکھڑاتی۔ 
قائدانہ اوصاف پروان چڑھتے ہیں۔ 
تخلیقی صلاحیتوں کو اظہار کا موقع ملتا ہے۔ 
دوسروں سے سیکھنے اور اپنی صلاحیتوں کو دکھانے کا پلیٹ فارم ملتا ہے۔ اپنی اسکلز سے متاثر کرسکتے ہیں۔ 
باہمی تعاون اور مثبت اشتراک کو فروغ ملتا ہے۔

پروجیکٹس
ایک پروجیکٹ صرف چند صفحات پر مشتمل رپورٹ یا ماڈل نہیں ہوتا بلکہ یہ سیکھنے کا ایک مکمل عمل ہوتا ہے۔ موضوع کا انتخاب، معلومات جمع کرنا، تحقیق کرنا، منصوبہ بندی کرنا، نتائج اخذ کرنا اور اپنی محنت دوسروں کے سامنے پیش کرنا، یہ سب مرحلے طلبہ کو عملی زندگی کیلئے تیار کرتے ہیں۔ ہر پروجیکٹ طلبہ میں یہ اعتماد پیدا کرتا ہے کہ وہ کسی بھی مسئلے کو سمجھ سکتے ہیں، اس کے مختلف پہلوؤں پر غور کر سکتے ہیں اور اپنی تخلیقی سوچ سے نئے حل تلاش کر سکتے ہیں۔

یہ بھی پڑھئے: وہ ۲۴؍ شخصیات جو اے آئی کی دنیا کو تشکیل دے رہی ہیں

اسائنمنٹس
اسائنمنٹس طلبہ کو کسی موضوع پر گہرائی سے غور کرنے کا موقع دیتے ہیں۔ جب وہ مختلف کتابوں، مضامین یا دیگر ذرائع سے معلومات حاصل کرتے ہیں تو ان کی علمی وسعت بڑھتی ہے اور وہ اپنے خیالات کو بہتر انداز میں ترتیب دینا سیکھتے ہیں۔ ان کی تنقیدی سوچ بہتر ہوتی ہے۔ باقاعدگی سے اسائنمنٹس مکمل کرنے سے خود سیکھنے کی عادت پیدا ہوتی ہے اور طالب علم اپنی معلومات میں مسلسل اضافہ کررہا ہوتا ہے۔

تعلیمی دورے
بعض اوقات ایک تعلیمی دورہ کئی اسباق سے زیادہ یادگار ثابت ہوتا ہے۔ میوزیم، سائنس سینٹر، تاریخی مقامات، صنعتی ادارے، لائبریریاں، عدالتیں، زرعی فارم، جامعات اور قدرتی مقامات طلبہ کیلئے کھلی درسگاہوں کی حیثیت رکھتے ہیں۔ جب طلبہ اپنی آنکھوں سے چیزوں کو دیکھتے، سوال پوچھتے ہیں اور مشاہدہ کرتے ہیں تو ان کا تجسس بڑھتا ہے اور سیکھنے کا عمل مزید دلچسپ اور تیز ہو جاتا ہے۔

نمائشیں، پریزنٹیشنز اور مقابلے
سائنس نمائش، آرٹ ایگزیبیشن، تقریری مقابلہ، کوئز، مباحثہ، ماڈل سازی یا کسی تحقیقی منصوبے کی پیشکش، یہ تمام سرگرمیاں طلبہ کو اپنی صلاحیتیں دوسروں کے سامنے پیش کرنے کا موقع فراہم کرتی ہیں۔ ایسے مواقع صرف معلومات کی نمائش نہیں ہوتے بلکہ یہ اعتماد، اظہارِ خیال اور باہمی سیکھنے کا خوبصورت ذریعہ بھی بنتے ہیں۔

یہ بھی پڑھئے: کمپیوٹر سائنس کا یہ جدید شعبہ عالمی سطح پر مقابلے کے قابل بناتا ہے

صلاحیتوں، مہارتوں کی اہمیت !

دنیا کی کئی بہترین یونیورسٹیاں داخلے کے وقت طلبہ کی صلاحیتوں اور مہارتوں کو خاص اہمیت دیتی ہیں۔ اس دوران تحقیقی منصوبے، سماجی خدمات، قائدانہ صلاحیت، کھیل، فنونِ لطیفہ، رضاکارانہ خدمات اور دیگر کامیابیوں کو بھی اہمیت دی جاتی ہے۔ 
ہر سوال، نئی دریافت کا آغاز

ہر سوال ایک نئی دریافت کی شروعات ہو سکتا ہے۔ کلاس روم میں سوال پوچھنے والے طلبہ اکثر نئے خیالات اور بہتر تحقیق تک پہنچتے ہیں۔ علاوہ ازیں، فلاحی سرگرمیوں میں حصہ لینے سے دوسروں کی مدد، سماجی شعور اور ذمہ داری کا احساس مضبوط ہوتا ہے۔

آج کی مہارتیں، کل کی کامیابی
آج کی دنیا تیزی سے بدل رہی ہے اور ہر روز نئے مواقع سامنے آ رہے ہیں۔ ایسے ماحول میں تعلیم کے ساتھ مختلف امور میں مہارت حاصل کرنا بھی ضروری ہے۔ ان اسکلز پر خاص توجہ دیں :
آرٹ اور تخلیقی سوچ

آرٹ، تخلیقی سوچ کو جِلا بخشتا ہے۔ مصوری، دستکاری اور ڈیزائننگ جیسی سرگرمیاں تخیل کو وسعت دیتی ہیں اور نئے انداز میں سوچنے کی صلاحیت 
پیدا کرتی ہیں۔ اس دوران آپ میں تنقیدی
 سوچ بھی پروان چڑھتی ہیں۔

یہ بھی پڑھئے: کمپیوٹر اور اے آئی ٹیکنالوجی کے امتزاج نے کریئرکے نئے راستے کھولے ہیں

اسپورٹس اور شخصیت سازی

کھیل (اسپورٹس) شخصیت نکھارتے ہیں۔ کھیل طلبہ کو نظم و ضبط، برداشت، تعاون، قائدانہ صلاحیت اور وقت کی پابندی جیسی عادات سکھاتے ہیں، جو زندگی کے ہر شعبے میں مفید ثابت ہوتی ہیں۔ تعلیمی زندگی میں اسپورٹس میں حصہ ضرور لیں۔

Extra- curricular Activities
(غیر نصابی سرگرمیاں )
تعلیم صرف نصاب تک محدود نہیں ہوتی۔ کھیل، موسیقی، مصوری، ڈراما، ادبی سرگرمیاں، فوٹوگرافی، کوڈنگ کلب، باغبانی، رضاکارانہ خدمات، سماجی مہمات اور مختلف کلب طلبہ کی شخصیت کو نئی جہت دیتے ہیں۔ 
ہر طالب علم کی دلچسپی الگ ہوتی ہے، اور یہی سرگرمیاں انہیں اپنی منفرد صلاحیتوں کو دریافت کرنے کا موقع فراہم کرتی ہیں۔ 
غیر نصابی سرگرمیوں کے فوائد
نظم و ضبط پیدا ہوتا ہے۔ 
خود اعتمادی میں اضافہ ہوتا ہے۔ 
ٹیم ورک، مل جل کر رہنے اور باہمی تعاون کا جذبہ مضبوط ہوتا ہے۔ 
تخلیقی صلاحیتیں نکھرتی ہیں۔ 
قائدانہ اوصاف پروان چڑھتے ہیں۔ 
سماجی ذمہ داری اور خدمتِ خلق کا جذبہ پیدا ہوتا ہے۔ 
دوسروں کے جذبات کو سمجھنے اور احترام کرنے کی عادت پروان چڑھتی ہے۔ 
جسمانی اور ذہنی توازن برقرار رکھنے میں مدد ملتی ہے۔ 
نئی دوستیاں اور خوشگوار یادیں بنتی ہیں۔ 
اپنی دلچسپی پہچاننے میں مدد ملتی ہے۔ 
اسکلز بہتر ہوتی ہیں۔ 
نئی مہارتیں پروان چڑھتی ہیں۔ 
اپنی طاقت کا اندازہ ہوتا ہے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK