• Mon, 05 October, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

ایشین گیمز: ہندوستان ۸۵؍تمغوں کے ساتھ چوتھے مقام پر رہا

Updated: October 05, 2026, 12:36 PM IST | Agency | Nagoya

ناگویا میں سب سے زیادہ ۵؍گولڈ میڈل تیر اندازی میں حاصل کئے،شوٹنگ اور مکے بازی میں ۳۔۳؍جبکہ کرکٹ اور ہاکی میں ’گولڈن ڈبل‘ بنایا۔گزشتہ ایشیائی کھیلوں کے مقابلے۲۲؍تمغے کم ملے۔

India won 85 medals, including 21 gold, at the Nagoya Asian Games. Courtesy: X
ہندوستان نے ناگویا ایشین گیمز میں ۲۱؍طلائی سمیت ۸۵؍تمغے جیتے۔ بشکریہ:ایکس

ایشین گیمز۲۰۲۶ءکا اتوار کو آخری دن  تھا  اور اس دن ہندوستان کا کوئی مقابلہ نہیں تھا۔ ۱۹؍ستمبر سے شروع ہونے والے ۲۰؍ویں ایشیائی کھیلوں میں ہندوستان کی کارکردگی پچھلے ایشین گیمز کے مقابلے اتنی شاندار نہیں رہی کیونکہ ہندوستان میڈل ٹیلی میں چوتھے نمبر پر تو ضرور موجود ہے لیکن اس کے تمغوں کی تعداد پچھلے ایشین گیمز کے مقابلے۲۲؍ میڈلز کم ہے۔ہندوستان نے اس ایشین گیمزمیں تیر اندازی، باکسنگ، ہاکی، کرکٹ، کشتی، شوٹنگ، کبڈی اور اسکواش میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ تاہم، بیڈمنٹن کے کھلاڑیوں نے سب سے زیادہ مایوس کیا کیونکہ اس کھیل میں ہندوستان کو صرف ایک میڈل مل سکا اور وہ بھی ٹیم ایونٹ میں آیا۔ اس کے علاوہ انفرادی مقابلوں میں کوئی بھی میڈل حاصل نہیں ہو سکا۔۲۰۱۴ءکے بعد یہ پہلا موقع ہے جب ہندوستان بیڈمنٹن کے سنگلز مقابلوں میں ایک بھی میڈل نہیں جیت پایا۔

یہ بھی پڑھئے: میں میدان پر بلے کے ساتھ زیادہ وقت گزارنا چاہتا تھا: کے ایل راہل

کس کھیل میں ملا گولڈ؟

ایشین گیمز کے کل۴۳؍ کھیلوں میں سے ہندوستان نے ۲۰؍کھیلوں میں مجموعی طور پر۸۵؍ میڈلز حاصل کئے۔ واضح رہے کہ ہندوستان نے صرف۳۴؍ کھیلوں میں حصہ لیا تھا۔ تیر اندازی میں ہندوستان کی کارکردگی سب سے شاندار رہی جس میں ہندوستانی تیر اندازوں نے۵؍ گولڈ سمیت  کُل۹؍ میڈلز جیتے۔ اس کے بعد شوٹنگ اور باکسنگ میں ۳۔۳؍ گولڈ ملے، جبکہ کرکٹ، ہاکی، کبڈی اور کشتی (ریسلنگ) میں ۲۔۲؍ گولڈ میڈلز جیت کر سب کو حیران کر دیا۔ ہندوستان نے اس بار مجموعی طور پر۲۱؍گولڈ میڈلز اپنے نام کئے جبکہ پچھلی بار  ریکارڈ۲۸؍ گولڈ میڈلز جیتے تھے۔

یہ بھی پڑھئے:پرچم بردار نیرو ڈھانڈا کی قیادت میں ہندوستان نے آئیچی ناگویا کو الوداع کہا

پچھلے ایشین گیمز (ہانگزو۲۰۲۳ء) میں کارکردگی

چین میں کھیلے گئے پچھلے ایشین گیمز ۲۰۲۳ءمیں ہندوستان  نے تاریخی کارکردگی کا مظاہرہ کیا تھا۔ ہندوستانی دستے نے۲۲؍ الگ الگ کھیلوں میں حصہ لیا تھا اور۲۸؍ گولڈ،۳۸؍ سلور،۴۱؍ برونز سمیت ریکارڈ۱۰۷؍تمغے جیتے تھےلیکن اس بار کے ایشین گیمز میں ہندوستان ۲۰؍ مختلف کھیلوں میں ۸۵؍ میڈلز ہی جیت سکا ۔ جاپان کے شہر ناگویا میں کھیلے گئے ایشین گیمز کےمیڈل ٹیبل  میں چین کا دبدبہ برقرار رہا۔ چین۱۶۹؍ گولڈ سمیت مجموعی طور پر۳۴۱؍ تمغوں کے ساتھ پہلے نمبر پر رہا۔ اس کے بعد دوسرے نمبر پر میزبان ملک جاپان  رہا جس نے۸۳؍گولڈ سمیت کل۲۶۹؍میڈل حاصل کئے۔ تیسرے نمبر پر جنوبی کوریا نے ۳۹؍گولڈ کے ساتھ مجموعی طور پر۱۵۰؍ میڈلز جیتے ہیں، جبکہ ہندوستان  چوتھے نمبر پر رہا۔ہندوستان نے ۲۱؍ سونے ، ۲۷؍ چاندی ،۳۷؍ کانسےسمیت کل ۸۵؍ تمغے اپنے نام کئے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK