Updated: February 06, 2026, 5:06 PM IST
| Melbourne
آسٹریلیا کی ٹیم کو ایک اور بڑا جھٹکا لگا ہے۔ فاسٹ بولر جوش ہیزل ووڈ باضابطہ طور پر آئی سی سی مینز ٹی۲۰؍ ورلڈ کپ سے باہر ہو گئے ہیں۔ یہ ٹورنامنٹ ہفتے سے سری لنکا اور ہندوستان میں شروع ہو رہا ہے، تاہم ہیزل ووڈ مقررہ وقت تک مکمل طور پر فٹ نہیں ہو سکے۔
جوش ہیزل ووڈ۔ تصویر:آئی این این
آسٹریلیا کی ٹیم کو ایک اور بڑا جھٹکا لگا ہے۔ فاسٹ بولر جوش ہیزل ووڈ باضابطہ طور پر آئی سی سی مینز ٹی۲۰؍ ورلڈ کپ سے باہر ہو گئے ہیں۔ یہ ٹورنامنٹ ہفتے سے سری لنکا اور ہندوستان میں شروع ہو رہا ہے، تاہم ہیزل ووڈ مقررہ وقت تک مکمل طور پر فٹ نہیں ہو سکے۔ایشیزسیریز کے آغاز سے قبل شیفیلڈ شیلڈ کے آخری میچ میں جوش ہیزل ووڈ کو ہیم اسٹرنگ میں چوٹ لگ گئی تھی، جس کی وجہ سے وہ انگلینڈ کے خلاف سیریز میں حصہ نہیں لے سکے۔ بحالی کے دوران ان کی ایکیلیز میں بھی مسئلہ پیدا ہو گیا، جس سے ان کی واپسی مزید مشکل ہو گئی۔
ہیزل ووڈ نے۱۲؍ نومبر کے بعد سے کوئی میچ نہیں کھیلا ہے۔ اس کے باوجود انہیں ورلڈ کپ اسکواڈ میں شامل کیا گیا تھا، حالانکہ ٹیم کے سری لنکا پہنچنے پر وہ سڈنی میں ہی موجود تھے تاہم آئرلینڈ کے خلاف ۱۱؍ فروری کو ہونے والے پہلے میچ سے صرف پانچ دن پہلے سلیکٹرز نے واضح کر دیا کہ وہ ابھی مکمل فٹنس سے کافی دور ہیں۔
نیشنل سلیکٹر ٹونی ڈوڈمائیڈ نے کہا کہ ’’ہمیں امید تھی کہ جوش سپر ۸؍مرحلے تک میچ فٹنیس حاصل کر لیں گے، لیکن تازہ اشارے بتاتے ہیں کہ انہیں ابھی مزید وقت درکار ہے۔ ان کے پروگرام کو تیز کرنے کی کوشش میں بہت زیادہ خطرہ ہو سکتا ہے۔‘‘ آسٹریلیا فی الحال ہیزل ووڈ کی جگہ کسی نئے کھلاڑی کا اعلان نہیں کرے گا۔ سلیکٹرز کا کہنا ہے کہ ابتدائی میچوں کے لیے ٹیم متوازن ہے اور آگے ٹورنامنٹ کی ضروریات اور حالات کے مطابق فیصلہ کیا جائے گا۔
تقریباً ۴؍ سال تک ٹی۲۰؍ کرکٹ نہ کھیلنے کے باوجود ہیزل ووڈ کا ریکارڈ شاندار رہا ہے۔ انہوں نے ۲۰۲۱ء میں متحدہ عرب امارات میں ہونے والے ٹی۲۰؍ ورلڈ کپ میں آسٹریلیا کو خطاب دلانے میں اہم کردار ادا کیا تھا اور فائنل میں نیوزی لینڈ کے خلاف ۱۶؍رنز دے کر۳؍ وکٹ حاصل کئے تھے۔ انہوں نے۴۴ء۲۰؍ کے اوسط اور۵۷ء۷؍ کی اکانومی ریٹ سے ۱۳۳؍وکٹ حاصل کئے ہیں۔
یہ بھی پڑھئے:سری لنکا کی پاکستان سے ہندوستان ٹی۲۰؍ میچ کے بائیکاٹ پر نظرِ ثانی کی اپیل
۳۵؍ سالہ ہیزل ووڈ پہلے سے زخمی فاسٹ بولر پیٹ کمنز کے ساتھ زخمی کھلاڑیوں کی فہرست میں شامل ہو گئے ہیں۔ اس وقت زیویئر بارٹلیٹ اور بین ڈوارشویس ہی مکمل طور پر فٹ فاسٹ بولرس ہیں۔ ٹریولنگ ریزرو کے طور پر ٹیم کے ساتھ موجود شان ایبٹ کو آئندہ ہیزل ووڈ کی جگہ اسکواڈ میں شامل کیا جا سکتا ہے۔
دیگر کھلاڑیوں کے حوالے سے، ناتھن ایلس اور ٹم ڈیوڈ گروپ مرحلے کے لیے دستیاب ہو سکتے ہیں۔ یہ دونوں بھی ہیم اسٹرنگ کے مسائل سے دوچار تھے۔ جبکہ ایڈم زمپا بھی اگلے ہفتے کولمبو میں ہونے والے پہلے میچ کے لیے فٹ ہوں گے۔نیدرلینڈز کے خلاف آسٹریلیا کا پریکٹس میچ منسوخ ہو گیا تھا، تاہم آئرلینڈ کے خلاف پہلے مقابلے سے قبل ٹیم کے پاس چھ دن کی تیاری کا وقت موجود ہے۔
یہ بھی پڑھئے:ہندوستان: مذہبی اقلیتوں، ناقدین پر غیر قانونی اقدامات سے نشانہ: ہیومن رائٹس واچ
ٹیم کے کپتان مچل مارش نے اعتماد ظاہر کیا کہ آسٹریلوی ٹیم ہر صورتحال سے نمٹنے کے لیے تیار ہے۔ انہوں نے کہا کہ مارکس اسٹوئنس اور کیمرون گرین جیسے آل راؤنڈرز کی موجودگی ٹیم کو مضبوط بناتی ہے۔ اس کے علاوہ اسپن ڈپارٹمنٹ میں میتھیو کونہیمین اور ایڈم زمپا جیسے کھلاڑی ٹیم کو توازن فراہم کرتے ہیں۔ مارش کے مطابق ٹیم اب مکمل تیاری کے ساتھ میدان میں اترنے کے لیے تیار ہے۔