Updated: January 21, 2026, 7:13 PM IST
| Dubai
انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ (بی سی بی) کی جانب سے ٹی ۲۰؍ ورلڈ کپ کے میچز ہندوستان سے منتقل کرنے کی درخواست کو مکمل طور پر مسترد کر دیا ہے۔ آئی سی سی نے سخت موقف اختیار کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ اگر بنگلہ دیشی ٹیم ہندوستان جانے سے انکار کرتی ہے تو ٹورنامنٹ میں اس کی جگہ کسی دوسری ٹیم کو شامل کر لیا جائے گا۔
بنگلہ دیشی کھلاڑی۔ تصویر:آئی این این
انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ (بی سی بی) کی جانب سے ٹی ۲۰؍ ورلڈ کپ کے میچز ہندوستان سے منتقل کرنے کی درخواست کو مکمل طور پر مسترد کر دیا ہے۔ آئی سی سی نے سخت موقف اختیار کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ اگر بنگلہ دیشی ٹیم ہندوستان جانے سے انکار کرتی ہے تو ٹورنامنٹ میں اس کی جگہ کسی دوسری ٹیم کو شامل کر لیا جائے گا۔
ذرائع کے مطابق آئی سی سی بورڈ ممبران کے درمیان ہونے والی ووٹنگ میں اکثریت نے بنگلہ دیش کی جگہ متبادل ٹیم لانے کے حق میں فیصلہ دیا۔ اگر بنگلہ دیش اپنے فیصلے پر قائم رہتا ہے تو گروپ سی میں اس کی جگہ اسکاٹ لینڈ کو شامل کیا جا سکتا ہے۔ یاد رہے کہ اسکاٹ لینڈ یورپی کوالیفائرز میں ہالینڈ، اٹلی اور جرسی سے پیچھے رہنے کی وجہ سے ورلڈ کپ کے لیے کوالیفائی نہیں کر سکا تھا۔
بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ کا موقف ہے کہ وہ سیکوریٹی وجوہات کی بنا پر اپنی ٹیم ہندوستان نہیں بھیج سکتا۔ بی سی بی نے بنگلہ دیشی حکومت کے تحفظات کا حوالہ دیتے ہوئے مطالبہ کیا تھا کہ ان کے میچز سری لنکا منتقل کیے جائیں۔ یہ تنازع اس وقت شدت اختیار کر گیا جب بی سی سی آئی نے آئی پی ایل ٹیم کولکتہ نائٹ رائڈرز کو مستفیض الرحمان کو ریلیز کرنے کی ہدایت دی، جس کے بعد بنگلہ دیش نے سیکیورٹی کا معاملہ اٹھایا۔
یہ بھی پڑھئے:آسٹریلین اوپن :زینب سونمیز کی تاریخی پیش قدمی، تیسرے راؤنڈ میں پہنچ گئیں
گزشتہ ہفتے ہونے والی میٹنگ میں بی سی بی نے ایک غیر معمولی تجویز پیش کی تھی کہ انہیں گروپ سی سے نکال کر گروپ بی میں شامل کر دیا جائے اور آئرلینڈ کی جگہ دے دی جائے، کیونکہ آئرلینڈ کے تمام میچز سری لنکا میں شیڈول ہیں۔ تاہم، آئی سی سی نے اس تجویز کو مضحکہ خیز قرار دے کر مسترد کر دیا اور شیڈول میں کسی بھی قسم کی تبدیلی سے صاف انکار کر دیا ہے۔ ہندوستان میں نہ کھیلنے کی صورت میں بنگلہ دیش کو صرف کرکٹ کے میدان میں ہی نہیں بلکہ مالی طور پر بھی بڑا دھچکا لگے گا۔
یہ بھی پڑھئے:’’اوینجرز: ڈومسڈے‘‘ کے ہدایتکار نے ’’دبنگ‘‘ میں سلمان خان کی تعریف کی
آئی سی سی کی جانب سے ملنے والی ۵؍ لاکھ امریکی ڈالر کی تیاری فیس سے محرومی اور کھلاڑیوں کو ملنے والی کم از کم ۲؍ لاکھ امریکی ڈالر کی انعامی رقم کا نقصان ہو گا۔ آئی سی سی نے بی سی بی کو اپنا حتمی جواب دینے کے لیے مزید ایک دن کی مہلت دی ہے۔ مبصرین کا کہنا ہے کہ اگر بنگلہ دیش اب ہندوستان جانے پر راضی ہوتا ہے تو اسے عوامی سطح پر سخت ردعمل کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے، اور اگر نہیں جاتا تو ورلڈ کپ سے محرومی یقینی ہے۔