• Thu, 22 January, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

بنگلہ دیش کا ہندوستان میں ٹی ۲۰؍ ورلڈ کپ کھیلنے سے انکار، ہائبرڈ ماڈل کی تجویز

Updated: January 22, 2026, 7:04 PM IST | Dhaka

بنگلہ دیش نے سیکوریٹی خدشات کا حوالہ دیتے ہوئے ہندوستان میں شیڈول ٹی ۲۰؍ ورلڈ کپ کے میچز نہ کھیلنے کا حتمی فیصلہ کر لیا ہے۔ یہ فیصلہ جمعرات کو ڈھاکہ میں بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ ( بی سی بی )، کھلاڑیوں اور عبوری حکومت کے مشیرِ کھیل کے درمیان ہونے والے ایک اہم اجلاس میں کیا گیا۔

Bangla Players.Photo:INN
بنگلہ دیشی کھلاڑی۔ تصویر:آئی این این

بنگلہ دیش نے سیکوریٹی  خدشات کا حوالہ دیتے ہوئے ہندوستان میں شیڈول ٹی ۲۰؍ ورلڈ کپ کے میچز نہ کھیلنے کا حتمی فیصلہ کر لیا ہے۔ یہ فیصلہ جمعرات کو ڈھاکہ میں بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ ( بی سی بی )، کھلاڑیوں اور عبوری حکومت کے مشیرِ کھیل کے درمیان ہونے والے ایک اہم اجلاس میں کیا گیا۔
 بنگلہ دیش کی عبوری حکومت کے مشیرکھیل آصف نذرل کا کہنا ہے کہ عبوری حکومت نے سیکوریٹی وجوہات کی بنا پر ٹیم کو ہندوستان نہ بھیجنے کا فیصلہ کیا ہے۔بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ کے صدر امین الاسلام نے پریس کانفرنس میں بتایا کہ بنگلہ دیش اپنے میچز ہندوستان کے بجائے سری لنکا میں کھیلنا چاہتا ہے۔ انہوں نے کہاکہ ہم آئی سی سی کے پاس سری لنکا میں کھیلنے کا منصوبہ لے کر جائیں گے۔ آئی سی سی کا ہمیں ۲۴؍ گھنٹے کا الٹی میٹم دینا درست نہیں ہے، اس سے کروڑوں شائقین کرکٹ محروم رہ جائیں گے۔
 ان کا کہنا تھا کہ وہ پرامید ہیں کہ آئی سی سی انہیں سری لنکا میں کھیلنے کی اجازت دے گا۔ دوسری جانب بین الاقوامی کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے بنگلہ دیش کی میچز شفٹ کرنے کی درخواست کو پہلے ہی مسترد کر دیا ہے۔ آئی سی سی نے واضح کیا ہے کہ اگر بنگلہ دیش ہندوستان جانے سے انکار کرتا ہے تو ٹورنامنٹ میں اس کی جگہ کسی دوسری ٹیم کو شامل کر لیا جائے گا۔ آئی سی سی بورڈ کے زیادہ تر ارکان بنگلہ دیش کی جگہ متبادل ٹیم لانے کے حق میں ووٹ دے چکے ہیں۔ 

یہ بھی پڑھئے:سپریم کورٹ نے ہندوستانی کرکٹ ٹیم کا نام تبدیل کرنے کی مانگ کی عرضی مسترد کر دی

رپورٹس کے مطابق یہ تنازع اس وقت شدت اختیار کر گیا جب بی سی سی آئی نے آئی پی ایل ٹیم کولکاتا نائٹ رائیڈرز کو مستفیض الرحمان کو ریلیز کرنے کی ہدایت کی۔ اس کے بعد بنگلہ دیش نے سیکوریٹی کو بنیاد بنا کر ہندوستان جانے سے انکار کر دیا۔ بنگلہ دیش نے یہ تجویز بھی دی تھی کہ انہیں آئرلینڈ کی جگہ گروپ بی  میں شامل کر دیا جائے کیونکہ آئرلینڈ کے میچز سری لنکا میں ہیں، جسے آئی سی سی نے مسترد کر دیا۔ ہندوستان میں نہ کھیلنے کی صورت میں بنگلہ دیشی بورڈ اور کھلاڑیوں کو بھاری مالی نقصان اٹھانا پڑے گا۔ 

یہ بھی پڑھئے:جاوید جعفری کی ’’مایا سبھا‘‘ کا ٹریلر ریلیز،سونے کے پیچھے بھاگتی دنیا سے سوال کرتے جاوید جعفری

ہمیں آئی سی سی سے انصاف نہیں ملا: آصف نذرل
بنگلہ دیش کی عبوری حکومت کے مشیر برائے کھیل آصف نذرل نے جمعرات کو اپنے ایک بیان میں کہا کہ آئی سی سی (انٹرنیشنل کرکٹ کونسل) نے آئندہ ٹی ۲۰؍ ورلڈ کپ کے حوالے سے بنگلہ دیش کے ساتھ انصاف نہیں کیا۔ یاد رہے کہ یہ ٹورنامنٹ  ہندوستان اور سری لنکا میں منعقد ہونا ہے۔  گزشتہ روز آئی سی سی نے بنگلہ دیش کی اس درخواست کو مسترد کر دیا تھا جس میں انہوں نے اپنے میچز  ہندوستان سے کسی دوسرے ملک منتقل کرنے کا مطالبہ کیا تھا۔ اس کے بجائے آئی سی سی نے بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ (بی سی بی ) کو اپنی شرکت کا حتمی فیصلہ کرنے کے لیے ۲۴؍ گھنٹے کی مہلت دی ہے۔ اگر بنگلہ دیش  ہندوستان جانے سے انکار کرتا ہے تو آئی سی سی نے اسکاٹ لینڈ کو اسٹینڈ بائی پر رکھا ہے۔  

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK