لا لیگا مقابلے میں بارسا نے تین صفر سے کامیابی حاصل کی، رابرٹ لیوانڈووسکی نے کلب کےلئے گولز کی سنچری مکمل کی۔
EPAPER
Updated: May 27, 2025, 12:07 PM IST | Agency | New Delhi
لا لیگا مقابلے میں بارسا نے تین صفر سے کامیابی حاصل کی، رابرٹ لیوانڈووسکی نے کلب کےلئے گولز کی سنچری مکمل کی۔
بارسلونا نے اپنے ۲۵۔ ۲۰۲۴ء سیزن کا اختتام جیت کے ساتھ کیا۔ اپنے آخری لا لیگا میچ میں بارسلونا نے ایتھلیٹک کلب کیخلاف تین صفرکی شاندار جیت درج کی۔ بارسلونا کی جانب سے اسٹار فارورڈ رابرٹ لیوانڈووسکی نے ۲؍ گول کئے جبکہ ڈینی اولمو نے بھی ایک گول کیا۔ واضح رہے کہ بارسلونا اس سیزن میں پہلے ہی لا لیگا خطاب جیت چکا ہے۔ بارسلونا کے ۳۸؍میچوں میں ۸۸؍پوائنٹس ہیں جبکہ ریئل میڈرڈ ۳۸؍ میچوں میں ۸۴؍ پوائنٹس کے ساتھ ان سے بالکل نیچے ہے۔
ایتھلیٹک کلب کے خلاف بارسلونا کی جیت میں رابرٹ لیوانڈووسکی نے اہم کردار ادا کیا۔ انہوں نے اپنے ۲؍ گول کے ساتھ ایک خاص سنگ میل بھی حاصل کیا۔ لیوانڈووسکی نے بارسلونا کیلئے ۱۰۰؍گول مکمل کر لئے۔ لیوانڈووسکی نے ایتھلیٹک کلب کے خلاف اپنے ۲؍ گول کے ساتھ ایف سی بارسلونا کے لئے ۱۰۰؍گول بھی مکمل کر لئے۔ رابرٹ کے اب ۱۴۷؍ میچوں میں بارسلونا کیلئے ۱۰۱؍گول ہیں۔ وہ بارسلونا کے لئے۱۰۰؍گول کرنے والے پانچویں تیز ترین کھلاڑی بن گئے۔ تاہم حیرت کی بات یہ ہے کہ کلب کے لیجنڈ فٹبالر لیونل میسی کا نام بارسلونا کے لئے تیز ترین ۱۰۰؍گول کرنے والے ٹاپ ۵؍ کھلاڑیوں میں شامل نہیں ہے۔ اس طرح لیوانڈووسکی نے اس خصوصی ریکارڈ میں میسی کو بھی پیچھے چھوڑ دیاہے۔ میسی نے ۱۸۸؍ میچ کھیلنے کے بعد بارسلونا کیلئے۱۰۰؍گول کئے تھے۔
بارسلونا کیلئے تیز ترین ۱۰۰؍گول کرنے والے ۵؍کھلاڑی
۱)ناریانو مارٹن نے ۹۹؍میچوں میں ۱۰۰؍ گول مکمل کئے۔ (۲)کازلو کبالا نے ۱۰۳؍میچوں میں اپنے گولوں کی سنچری مکمل کی۔ ( ۳)لوئس سواریز نے ۱۰۰؍گول کرنے کیلئے ۱۲۰؍میچ کھیلے۔ (۴) ایوارسٹو کو ۱۰۰؍گول کرنے کیلئے ۱۴۳؍میچوں تک انتظار کرنا پڑا۔ ( ۵)رابرٹ لیوانڈووسکی نے ۱۴۷؍ میچوں میں ۱۰۰؍گول مکمل کئے۔ کلب کو ان سے مزید بہتر کارکردگی کی امید رہےگی۔
رابرٹ لیوانڈووسکی پولینڈ سے تعلق رکھنے والے ۳۶؍ سالہ اسٹرائیکر ہیں۔ ان کا شمار فٹ بال کے عظیم اسٹرائیکرز میں ہوتا ہے۔ بارسلونا سے پہلے رابرٹ بائرن میونخ، بوروسیا ڈورٹمنڈ، لیخ پوزنان اور زنکز پرسکو کلبوں کا حصہ تھے۔ انہوں نے اب تک ان تمام کلبوں کیلئے کھیلتے ہوئے ۸۲۳؍ میچوں میں ۶۱۰؍گول کئے ہیں اور ۱۵۵؍ گول کرنے میں معاون کا رول ادا کیا۔ اس کے علاوہ اپنی بین الاقوامی ٹیم (پولینڈ) کیلئے انہوں نے ۱۵۷؍میچوں میں ۸۴؍گول کئے ہیں۔