میچ کے پہلے ہاف کے بغیر گول رہنے کے بعد۱۷؍ سالہ یمل نے۵۳؍ویں منٹ میں بارسلونا کو برتری دلائی اور چمپئن بننے کی راہ پر گامزن کردیا۔
EPAPER
Updated: May 17, 2025, 1:42 PM IST | Agency | Barcelona
میچ کے پہلے ہاف کے بغیر گول رہنے کے بعد۱۷؍ سالہ یمل نے۵۳؍ویں منٹ میں بارسلونا کو برتری دلائی اور چمپئن بننے کی راہ پر گامزن کردیا۔
اسپین کے اسٹار نوجوان فٹبالر لامین یمل کے شاندار گول کی بدولت بارسلونا نے جمعرات کی دیررات کو ایسپینیول کو۰۔۲؍گول سے شکست دینے کے بعد ۲؍ میچ باقی رہ کر ۲۸؍ ویں بار لا لیگا خطاب جیت لیا۔ لا لیگا اسپین کی ٹاپ ڈومیسٹک فٹبال لیگ ہے۔
پہلے ہاف کے بغیر گول رہنے کے بعد۱۷؍ سالہ یمل نے ۵۳؍ ویں منٹ میں بارسلونا کو برتری دلائی اور فیرمین لوپیز نے اسٹاپیج ٹائم میں گول کرکے ٹیم کی۰۔۲؍ کی جیت پر مہر ثبت کردی۔ یہ ایف سی بارسلونا کی۳۶؍ میچوں میں۲۷؍ ویں جیت ہے اور ٹیم نے۸۵؍ پوائنٹس کے ساتھ خطاب کی تصدیق کی۔ دوسرے نمبر پر موجود ریئل میڈرڈ کے اتنے ہی میچوں میں۷۸؍ پوائنٹس ہیں اور اب اس کیلئے بارسلونا کی برابری کرنا ممکن نہیں ہے۔
یمل نے اپنے شاندار سیزن کو اور بھی یادگار بنا دیا جب انہوں نے ایسپینیول کے دو محافظوں کو چکمہ دیا اور اپنے مخصوص انداز میں گیند کو اپنے بائیں پیر سے گول پوسٹ کارنر میں مار کر گول کیا۔ گزشتہ سال اسپین کی یورو کپ جیتنے میں کلیدی کردار ادا کرنے والے یمل نے اپنی ڈربلنگ اور پلے میکنگ کی مہارت سے سب کو متاثر کیا اور دکھایا کہ انہیں مستقبل کا سپر اسٹار کیوں کہا جاتا ہے۔ یمل کے ساتھ ساتھ رافینہا اور پیڈری جیسے اسٹار کھلاڑیوں نے اس سیزن میں بارسلونا کی مہم کو یادگار بنا دیا۔
یہ۲۲؍سالہ پیڈری کا بارسلونا فٹبال کلب کیلئے ۲۰۰؍ واں میچ تھا۔ ایسپینیول کو۸۰؍ویں منٹ کے بعد ۱۰؍ کھلاڑیوں کے ساتھ کھیلنا پڑا۔ لیانڈرو کیبریرا کو گیند کے تنازع کے دوران یمل کو پیٹ میں مارنے پر ریڈ کارڈ دکھایا گیا۔ لوپیز نے اسٹاپیج ٹائم میں گول کر کے ٹیم کی فتح پر مہر ثبت کردی۔ لیجنڈ لیونل میسی نے انسٹاگرام پوسٹ کے ذریعے اپنی سابق ٹیم کو چمپئن بننے پر مبارکباد دی۔ ریئل میڈرڈ نے بھی اپنے روایتی حریفوں کو جیت کی مبارکباد دی۔