• Wed, 11 February, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

ٹی ۲۰؍ ورلڈ کپ: بی سی سی آئی نے بیویوں کو لے جانے کی اجازت نہیں دی، ذاتی شیف ساتھ جا سکتے ہیں

Updated: February 10, 2026, 10:00 PM IST | New Delhi

ہندوستان اور سری لنکا کی مشترکہ میزبانی میں ہونے والے ٹی ۲۰؍ ورلڈ کپ کے لیے بورڈ نے اس بات کا اعادہ کیا کہ کھلاڑیوں کی بیویاں اور بچے ٹیم کے ساتھ ۱۴ دن سے زیادہ قیام نہیں کرسکیں گے۔

Indian Cricket Team. Photo: X
ہندوستانی کرکٹ ٹیم۔ تصویر: ایکس

ہندوستانی کرکٹ کنٹرول بورڈ (بی سی سی آئی) نے کھلاڑیوں کے نظم و ضبط پر اپنا سخت موقف برقرار رکھتے ہوئے آئی سی سی ٹی ۲۰؍ ورلڈ کپ کے دوران ٹیم انڈیا کے ساتھ بیویوں اور اہل خانہ کو قیام کی اجازت دینے سے انکار کر دیا ہے، تاہم بورڈ نے دستے کے ساتھ ذاتی شیف کو سفر کرنے کی اجازت دی ہے۔

ہندوستان اور سری لنکا کی مشترکہ میزبانی میں ہونے والے اس ٹورنامنٹ کے لیے بورڈ نے اس بات کا اعادہ کیا کہ کھلاڑیوں کی بیویاں اور بچے ٹیم کے ساتھ ۱۴ دن سے زیادہ قیام نہیں کر سکیں گے۔ یہ فیصلہ ۴۵ دنوں سے زائد کے دوروں کے لیے بورڈ کی موجودہ پالیسی کے عین مطابق ہے۔ ٹیم انتظامیہ کی اس معاملے میں وضاحت کی درخواست کے بعد ہندوستانی کرکٹ بورڈ کا یہ فیصلہ سامنے آیا ہے۔

یہ بھی پڑھئے: بی سی سی آئی کے سالانہ کنٹریکٹ لسٹ کا اعلان، کوہلی اور روہت گریڈ-اے سے باہر

’دی انڈین ایکسپریس‘ کی ایک رپورٹ کے مطابق، بی سی سی آئی نے صاف واضح کر دیا ہے کہ وہ اہل خانہ کے قیام کے اخراجات برداشت نہیں کرے گا۔ تاہم، بورڈ نے مزید کہا کہ اگر کھلاڑی چاہیں تو وہ اپنی بیویوں اور بچوں کے لیے الگ سے انتظامات کرنے کے لیے آزاد ہیں۔

بی سی سی آئی کے ایک ذریعے نے بتایا کہ ”ہندوستانی ٹیم انتظامیہ نے بی سی سی آئی سے رجوع کیا تھا تاکہ یہ پوچھا جا سکے کہ آیا بیویاں اور منگیتریں ٹیم کے ساتھ سفر کر سکتی ہیں اور ان کے ساتھ ٹھہر سکتی ہیں۔ بورڈ نے جواب میں واضح کر دیا کہ اہل خانہ کھلاڑیوں کے ساتھ نہیں رہیں گے۔ تاہم، اگر وہ چاہیں تو الگ سے انتظامات کر سکتے ہیں۔“

شیڈول کے مطابق ہندوستان ہوم گراؤنڈ پر گروپ مرحلے کے تین مقابلوں میں شرکت کرے گا جبکہ کولمبو میں پاکستان کے خلاف ایک میچ کھیلے گا، جس کے بعد ٹیم ’سپر ۸‘ مرحلے میں داخل ہوگی۔ اگر ہندوستان فائنل میں پہنچتا ہے، تو پاکستان کی پیش قدمی کو مدنظر رکھتے ہوئے، ’نیوٹرل وینیو‘ (غیر جانبدار مقام) کے معاہدے کے تحت ہندوستان کو دوبارہ سری لنکا کا سفر کرنا پڑ سکتا ہے۔

یہ بھی پڑھئے: ٹی۲۰؍ ورلڈ کپ: پاکستان حکومت کا یوٹرن! ۱۵؍ فروری کو ہند-پاکستان میچ ہوگا

اگرچہ اہل خانہ پر پابندی برقرار ہے، بی سی سی آئی نے کھلاڑیوں کی غذائیت کے حوالے سے لچک کا مظاہرہ کرتے ہوئے ذاتی شیف کو ٹیم کے ساتھ جانے کی اجازت دی ہے جو نجی چارٹر طیارے کے ذریعے دستے کے ساتھ سفر کریں گے اور قریبی ہوٹلوں میں کھانا تیار کرکے کھلاڑیوں تک پہنچائیں گے۔

واضح رہے کہ بی سی سی آئی کی یہ پالیسی نئی نہیں ہے۔ بورڈ نے ۲۰۲۵ء کے اوائل میں ہندوستان کے آسٹریلیا کے مشکل دورے کے بعد ضابطہ اخلاق کو مزید سخت کر دیا تھا اور کووڈ کے بعد کے اس رواج کو ختم کر دیا تھا جس کے تحت اہل خانہ کو پورے دورے کے دوران کھلاڑیوں کے ساتھ رہنے کی اجازت دی گئی تھی۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK