Updated: July 07, 2026, 10:10 PM IST
| Dubai
ویمنز ٹی۲۰؍ ورلڈ کپ کے فائنل میں انگلینڈ کے خلاف ۴۹؍ گیندوں پر ۶۴؍ رنز کی فیصلہ کن اننگز اور ٹورنامنٹ میں سات اننگز کے دوران مجموعی طور پر ۲۳۸؍ رنز بنانے کے بعد آسٹریلیا کی بیتھ مونی آئی سی سی ویمنز ٹی۲۰؍ بین الاقوامی بلے بازوں کی تازہ درجہ بندی میں دوبارہ پہلے نمبر پر پہنچ گئی ہیں۔
ویمنز ٹی۲۰؍ ورلڈ کپ کے فائنل میں انگلینڈ کے خلاف ۴۹؍ گیندوں پر ۶۴؍ رنز کی فیصلہ کن اننگز اور ٹورنامنٹ میں سات اننگز کے دوران مجموعی طور پر ۲۳۸؍ رنز بنانے کے بعد آسٹریلیا کی بیتھ مونی آئی سی سی ویمنز ٹی۲۰؍ بین الاقوامی بلے بازوں کی تازہ درجہ بندی میں دوبارہ پہلے نمبر پر پہنچ گئی ہیں۔ انہوں نے اپنی ہم وطن جارجیا وول کو پیچھے چھوڑ دیا، جو آسٹریلیا کی ٹائٹل جیتنے والی مہم میں سات اننگز میں ۱۳۰؍ رنز ہی بنا سکیں۔
فائنل میں شاندار اننگز پر پلیئر آف دی میچ اور پورے ٹورنامنٹ میں بہترین کارکردگی پر پلیئر آف دی ٹورنامنٹ کا اعزاز حاصل کرنے والی مونی پانچویں مرتبہ ویمنز ٹی۲۰؍ بین الاقوامی کرکٹ کی نمبر ایک بلے باز بنی ہیں۔ وہ مجموعی طور پر چار برس سے زیادہ عرصے تک اس درجہ بندی میں سرفہرست رہ چکی ہیں۔
یہ بھی پڑھئے:’’بریج مین آف انڈیا‘‘ گریش بھردواج کا ۷۶؍ برس کی عمر میں انتقال
ورلڈ کپ، خصوصاً فائنل میں ان کی کارکردگی نے ایک بار پھر بڑے مقابلوں میں ان کی غیر معمولی صلاحیت ثابت کی۔ وہ مسلسل چار عالمی ٹورنامنٹس کے فائنلز میں نصف سنچری بنانے والی پہلی بلے باز بن گئی ہیں۔ اس سے قبل انہوں نے ۲۰۲۳ء کے ویمنز ٹی۲۰؍ ورلڈ کپ کے فائنل میں جنوبی افریقہ کے خلاف ۵۳؍ گیندوں پر ناٹ آؤٹ ۷۴؍رنز بنا کر پلیئر آف دی میچ کا اعزاز حاصل کیا تھا۔ مونی اب ویمنز ورلڈ کپ کی تاریخ میں دو مرتبہ پلیئر آف دی ٹورنامنٹ کا اعزاز حاصل کرنے والی پہلی کھلاڑی بھی بن گئی ہیں۔ اس سے قبل وہ ۲۰۲۰ء کے ہوم ٹی۲۰؍ ورلڈ کپ میں بھی یہ اعزاز جیت چکی تھیں۔
تازہ درجہ بندی میں جنوبی افریقہ کی تزمین برٹس انگلینڈ کے خلاف سیمی فائنل میں ۵۱؍ رنز کی بدولت تین درجے ترقی کرکے ۱۱؍ویں نمبر پر پہنچ گئی ہیں، جبکہ انگلینڈ کی کپتان نیٹ سکیور برنٹ سیمی فائنل میں ۷۵؍ اور فائنل میں ناٹ آؤٹ ۵۸؍ رنز بنانے کے بعد پانچ درجے بہتری کے ساتھ ۱۶؍ویں نمبر پر آگئی ہیں۔
یہ بھی پڑھئے:فیفا ورلڈکپ :آسٹریلوی کھلاڑی ٹیٹی ینگی نے اسلام قبول کر لیا
گیندبازوں کی درجہ بندی میں ہندوستان کی این شری چارانی بدستور پہلے نمبر پر برقرار ہیں، جبکہ انگلینڈ کی سوفی ایکل اسٹون سیمی فائنل اور فائنل میں ایک، ایک وکٹ لینے کے بعد اپنی ہم وطن چارلی ڈین کو پیچھے چھوڑتے ہوئے دوسرے نمبر پر پہنچ گئی ہیں۔ آسٹریلیا کی کم گارتھ فائنل میں چار اوورز میں ۲۰؍ رنز دے کر ایک وکٹ حاصل کرنے کے بعد پانچ درجے ترقی کرکے ۱۵؍ ویں نمبر پر آگئی ہیں، جبکہ جنوبی افریقہ کی ماریزان کیپ سیمی فائنل میں چار اوورز میں ۱۶؍ رنز دے کر ایک وکٹ لینے کی بدولت چار درجے ترقی کے ساتھ دوبارہ ٹاپ ٹین میں شامل ہو گئی ہیں۔