Updated: July 07, 2026, 10:09 PM IST
| Washington
میچ کے بعد، اسپین کے ۱۸ سالہ فارورڈ کھلاڑی الامین جمال نے میدان میں رونالڈو کو دلاسہ دیا۔ اپنی ٹیم کی شکست کے بعد رونالڈو کے چہرے پر جذبات اور دکھ کے تاثرات بالکل نمایاں تھے۔ اس موقع پر جمال ان کے قریب گئے اور انہیں گلے لگا لیا۔ اس لمحے کو سوشل میڈیا پر بڑے پیمانے پر شیئر کیا جا رہا ہے۔
کرسٹیانو رونالڈو اور الامین جمال۔ تصویر: ایکس
فیفا ورلڈکپ ۲۰۲۶ء کے راؤنڈ آف ۱۶ کے مقابلے میں اسپین کے ہاتھوں پرتگال کی ۱-۰ سے شکست کے ساتھ ہی دنیائے فٹبال کے اسٹار کھلاڑی کرسٹیانو رونالڈو کے ورلڈکپ کریئر کا اختتام ہوگیا ہے۔ میکل میرینو نے میچ کے اضافی وقت (اسٹاپج ٹائم) میں فیصلہ کن گول کرکے ۲۰۱۰ء کے چیمپئن کو کوارٹر فائنل میں پہنچا دیا، جہاں اس کا مقابلہ بیلجیم سے ہوگا۔ رونالڈو پہلے ہی اس بات کی تصدیق کر چکے تھے کہ یہ ان کا آخری ورلڈ کپ ہوگا، جس کے باعث شکست کے بعد یہ میچ اس ٹورنامنٹ میں ان کا آخری مقابلہ ثابت ہوا۔
جمال نے رونالڈو کو دلاسہ دیا، انٹرنیٹ پر ستائش
میچ کے بعد، اسپین کے ۱۸ سالہ فارورڈ الامین جمال کو میدان میں رونالڈو کو دلاسہ دیتے ہوئے دیکھا گیا۔ اپنی ٹیم کی شکست کے بعد رونالڈو کے چہرے پر جذبات اور دکھ کے تاثرات بالکل نمایاں تھے۔ اس موقع پر جمال ان کے قریب گئے اور انہیں گلے لگا لیا۔ اس لمحے کو سوشل میڈیا پر بڑے پیمانے پر شیئر کیا گیا اور اسے دونوں کھلاڑیوں کے درمیان اسپورٹس مین اسپرٹ (اعلیٰ ظرفی) کے ایک شاندار مظاہرے کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔
یہ بھی پڑھئے: فیفا عالمی کپ: نیمار کا بین الاقوامی فٹ بال سے ریٹائرمنٹ کا اعلان
رونالڈو کا فیفا ورلڈ کپ ۲۰۲۶ء رپورٹ کارڈ
رونالڈو نے اس ورلڈکپ میں پانچ میچوں میں تین گول کے ساتھ ٹورنامنٹ کا اختتام کیا۔ انہوں نے ازبکستان کے خلاف دو گول اسکور کئے اور کروشیا کے خلاف پرتگال کی جیت میں برابری کا گول کیا، یہ وہ میچ تھا جو لوکا موڈرچ کا ورلڈ کپ کا آخری میچ ثابت ہوا تھا۔ رونالڈو، ڈی آر کانگو، کولمبیا اور اسپین کے خلاف کوئی گول اسکور نہ کر سکے۔
رونالڈو کے ورلڈ کپ کے اعداد و شمار پر ایک نظر
رونالڈو نے اپنے ورلڈ کپ کیریئر میں ۲۷ میچوں میں ۱۱ گولز کئے ہیں۔ ورلڈکپ ۲۰۲۶ء کے راؤنڈ آف ۳۲ میں کروشیا کے خلاف کیا گیا ان کا گول، ناک آؤٹ مرحلے میں ان کا واحد گول تھا۔ ڈی آر کانگو کے خلاف میدان میں اترتے ہی وہ ۶ ورلڈ کپ کھیلنے والے دنیا کے پہلے کھلاڑی بن گئے، انہوں نے یہ اعزاز ارجنٹائنا کے اسٹار کھلاڑی لیونل میسی سے پہلے حاصل کیا جنہوں نے بعد میں ۶ ورلڈ کپ کھیلنے کا سنگِ میل عبور کیا۔ رونالڈو ۶ مختلف ورلڈ کپ ایڈیشنز میں گول کرنے والے پہلے کھلاڑی بھی بنے، یہ ایک ایسا ریکارڈ ہے جو صرف ان کے پاس ہے کیونکہ میسی ۲۰۱۰ء کے ٹورنامنٹ میں ایک بھی گول نہیں کر پائے تھے۔ بین الاقوامی سطح پر، رونالڈو سب سے زیادہ گول (۱۴۶) اور سب سے زیادہ میچز (۲۳۳) کھیلنے کا ریکارڈ رکھتے ہیں۔
یہ بھی پڑھئے: ورلڈ کپ سے جلد باہر ہونے کے بعدجنوبی کوریا کے کوچ عہدے سے مستعفی
اسپین ۲۰۱۰ء کے بعد پہلی بار کوارٹر فائنل میں پہنچ گیا
اسپین کی اس جیت نے انہیں ۲۰۱۰ء میں ٹائٹل جیتنے کے بعد پہلی بار ورلڈ کپ کے کوارٹر فائنل میں پہنچا دیا ہے۔ اس سال بھی اسپین نے فائنل کے سفر کے دوران پرتگال کو اسی ۱-۰ کے اسکور لائن سے شکست دی تھی۔ ٹورنامنٹ کے ایک اور مقابلے میں، فرانس نے راؤنڈ آف ۱۶ میں پیراگوئے کو شکست دی اور اب وہ کوارٹر فائنل میں مراکش کا سامنا کرے گا۔