• Sat, 07 November, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

بمراہ اور جڈیجہ ٹیسٹ سیریز سے قبل انڈیا ’اے‘ ٹیم میں شامل

Updated: November 07, 2026, 3:13 PM IST | Agency | Lincoln

آج سے نیوزی لینڈ ’اے‘ کے خلاف ۴؍روزہ میچ کا آغاز،دونوںکھلاڑیوں کےلئے ٹیسٹ سیریز سے قبل فارم حاصل کرنے کا موقع۔

Ravindra Jadeja (right) and Jasprit Bumrah will play for India `A`. Photo: INN
رویندر جڈیجہ(دائیں)اور جسپریت بمراہ انڈیا’اے‘ کےلئے کھیلیںگے۔ تصویر: آئی این این

نیوزی لینڈ کیخلاف آئندہ ۲؍ ٹیسٹ میچوں کی سیریز کی تیاریوں کے سلسلے میں جسپریت بمراہ اور رویندر جڈیجہ سنیچر سے لنکن میں شروع ہونے والے انڈیا’ اے‘ اور نیوزی لینڈ ’اے‘ کے درمیان تیسرے اور آخری ۴؍ روزہ میچ میں شرکت کریں گے۔۱۹؍نومبر کو ویلنگٹن میں پہلے ٹیسٹ سے قبل یہ مقابلہ دونوں سینئر کھلاڑیوں کو ریڈ بال کرکٹ میں اپنی صلاحیتیں آزمانے کا اہم موقع فراہم کرے گا۔  واضح رہے کہ ورک لوڈ مینجمنٹ منصوبے کے تحت بمراہ کو جاری ون ڈے سیریز سے باہر رکھا گیا ہے تاکہ وہ طویل فارمیٹ کے لئے خود کو تیار کر سکیں۔

ہندوستانی تیز گیندباز نے آخری بار ۳؍ اکتوبر کو ایشیائی کھیلوں کے فائنل میں حصہ لیا تھا۔ وہ اپنے فارم اور میچ فٹنس بہتر بنانے کے خواہش مند ہوں گے۔ نیوزی لینڈ کی پچیں عموماً تیز گیندبازوں کیلئے مددگار ثابت ہوتی ہیں، ایسے میں ان کی تیاری ٹیسٹ سیریز میں ہندوستان کیلئے اہم ہوگی۔

گھریلو کرکٹ میں کامیاب واپسی کے بعد جڈیجہ بھی اس موقع سے فائدہ اٹھانا چاہیں گے۔ بائیں ہاتھ کے آل راؤنڈر نے سوراشٹر کی جانب سے ۲؍ رنجی ٹرافی میچوں میں ۷؍ وکٹیں حاصل کرنے کے علاوہ ایک سنچری بھی بنائی تھی۔ ون ڈے ٹیم سے باہر ہونے کے بعد وہ گیند اور بلے دونوں سے عمدہ کارکردگی دکھا کر ٹیسٹ سیریز کیلئے  اپنا دعویٰ مضبوط کرنا چاہیں گے۔

یہ بھی پڑھئے: فاسٹ بالر محمد سمیع کا ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان، شائقین کا شکریہ ادا کیا

تیز گیندباز پرسدھ کرشنا بھی انڈیا’ اے‘ ٹیم کا حصہ ہوں گے۔ وہ ہیم اسٹرنگ کی چوٹ سے صحت یاب ہونے کے بعد مسابقتی کرکٹ میں واپسی کے منتظر ہیں۔ انہوں نے آخری بار ۳۰؍ ستمبر کو گوہاٹی میں ویسٹ انڈیز کے خلاف ون ڈے میچ کھیلا تھا۔ ہندوستانی ٹیم ٹیسٹ سیریز سے پہلے انہیں بھی دوبارہ ردھم حاصل کرتے دیکھنا چاہے گی۔

انڈیا’ اے‘ سیریز نیوزی لینڈ کے حالات سے واقفیت حاصل کرنے کیلئے ہندوستانی کھلاڑیوں کو اہم موقع فراہم کر رہی ہے۔ ابتدائی دونوں ۴؍ روزہ میچ ڈرا رہے، تاہم ان میں ہندوستانی بلے بازوں کو کافی وقت ملا۔ دیودت پڈیکل اور دھرو جوریل نے نمایاں رن بنائے جبکہ سلامی بلے باز یشسوی جیسوال نے ہیگلے اوول میں گزشتہ میچ کے دوران فارم میں واپسی کرتے ہوئے ۱۵۵؍ رنوں کی ناٹ آؤٹ اننگز کھیلی۔ پہلے میچ کے بعد ون ڈے ٹیم سے ریلیز کئےگئے نتیش کمار ریڈی کو بھی ریڈ بال کرکٹ کھیلنے کا موقع ملنے کی امید ہے۔ابتدائی دونوں میچوں میں دیکھا گیا کہ وقت گزرنے کے ساتھ پچیں بلے بازی کیلئے آسان ہوتی گئیں۔ تاہم لنکن میں انڈیا’ اے‘ کو پہلے دن سخت چیلنج کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے، خاص طور پر اگر اسے پہلے بلے بازی کرنا پڑی۔ سیریز کی پہلی اننگز میں ہندوستانی ٹیم محض ۱۱۳؍رنوں پر آؤٹ ہوگئی تھی لیکن دوسری اننگز میں اس نے ۵۱۶؍ رن بنا کر شاندار واپسی کی تھی۔

نیوزی لینڈ’ اے‘ کو آخری میچ میں اپنے ۲؍ اہم تیز گیندبازوں کی خدمات حاصل نہیں ہوں گی۔ سائمن کین بائیں ہیم اسٹرنگ میں گریڈ ۲؍ کی چوٹ کے باعث باہر ہوگئے ہیں جبکہ فریزر شیٹ کو پہلے میچ کے دوران  چوٹ لگی تھی۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK