فائنل میں ایک کے مقابلے ۴؍گول سے کامیابی حاصل کرتے ہوئے یوئیفا کی پانچوں ٹرافی جیتنے والی پہلی ٹیم بننے کا اعزاز حاصل کیا۔
EPAPER
Updated: May 30, 2025, 12:34 PM IST | Agency | London
فائنل میں ایک کے مقابلے ۴؍گول سے کامیابی حاصل کرتے ہوئے یوئیفا کی پانچوں ٹرافی جیتنے والی پہلی ٹیم بننے کا اعزاز حاصل کیا۔
چیلسی فٹ بال کلب نے پولینڈ کےروکلا اسٹیڈیم میں منعقدہ فائنل میں ریئل بیٹس کو ایک کے مقابلے۴؍گول سے شکست دے کر یوئفا کانفرنس لیگ کا خطاب جیت لیا۔ یہ فتح چیلسی کے لئے ایک تاریخی کامیابی بھی ہے کیونکہ وہ یوئیفاکےپانچوں بڑی کلب ٹرافی جیتنے والی پہلی ٹیم بن گئی ہے۔
یہ میچ چیلسی کے لئے کافی یادگار رہا کیونکہ اس نے اپنے حریف ریئل بیٹس کو یک طرفہ مقابلے میں شکست دی۔ رئیل بیٹس نے میچ کے آغاز میں اچھے کھیل کا مظاہرہ کیا اور ایزلزولی نے ۹؍ویں منٹ میں شاندار گول کر کے اپنی ٹیم کو برتری دلادی۔ تاہم چیلسی نے اپنے کھیل میں بہتری لائی اور وقفہ سے قبل کئی مواقع پیدا کئے لیکن وہ گول کرنے میں ناکام رہے۔
دوسرے ہاف میں چیلسی نے اپنی تمام تر قوت لگا دی اور ۶۵؍ویں منٹ میں فرنانڈیز نے شاندار گول کر کے اسکور ایک ایک سے برابر کر دیا۔ اس کے بعد چیلسی نے میچ پراپنا غلبہ برقرار رکھا اور ۷۰؍ویں منٹ میں جیکسن نے گول کر کے اپنی ٹیم کو دو ایک سے آگے کر دیا۔ برتری حاصل کرنے کے بعد چیلسی کے کھلاڑیوں میں مزید جوش پیدا ہو گیا۔ کھیل کے۸۳؍ویں منٹ میں سانچو نے گول کرتے ہوئے ا سکور تین ایک کر کے ٹیم کی فتح کو تقریباً یقینی کردیا۔ میچ کے آخری لمحات میں کسیڈونے ایک اور گول کر کے چیلسی کی جیت کو یقینی بنایا اورا سکور چار ایک کر دیا جو آخر تک برقرار رہا۔ چیلسی کی یہ فتح نہ صرف ٹیم کیلئے ایک بڑی کامیابی ہے بلکہ یہ یوئیفا کی تاریخ کا ایک اہم لمحہ بھی ہے۔ چیلسی اب یوئیفا چمپئن لیگ، یوئیفا یوروپا لیگ، یوئیفا یوروپا کانفرنس لیگ، یوئیفا سپر کپ اورفیفا کلب ورلڈ کپ جیتنے والی پہلی ٹیم بن گئی ہے۔
چیلسی کے کھلاڑیوں اور کوچنگ ا سٹاف نے اس جیت کو خواب کے سچ ہونے سے تعبیر کیا۔ چیلسی کے کوچ نے کہا کہ یہ فتح ہمارے لئے ایک ناقابل یقین کامیابی ہے اور ہم اپنے مداحوں کا شکریہ ادا کرنا چاہتے ہیں جنہوں نے پورے سیزن ہمارا ساتھ دیا۔ وہیں ریئل بیٹس کے کوچ نے کہا کہ ہم نے اچھا کھیلا لیکن چیلسی نے اپنی طاقت اور تجربے کا مظاہرہ کیا، ہمیں اپنی شکست سے سبق سیکھنا ہوگا اور اگلے سیزن میں بہتر کارکردگی دکھانے کی کوشش کرنی ہوگی۔
چیلسی کے کھلاڑیوں نے اس فتح کو ایک ناقابل یقین کامیابی قرار دیا اور مداحوں کا شکریہ ادا کیا۔ - فرنانڈیز نے کہا’’یہ جیت ہمارے لئے دیرینہ خواب تھی، ہم نے پورے سیزن سخت محنت کی اور اپنا مقصد حاصل کیا۔ ‘‘ جیکسن نے کہا کہ میں اس جیت سے بہت خوش ہوں۔ ہم نے ریئل بیٹس کے خلاف اچھا کھیلا اور اپنی طاقت کا مظاہرہ کیا۔ وہیں سانچو نے کہا کہ ہم اس جیت کے لئے مداحوں کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔