• Fri, 04 September, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

چائنا ماسٹرز: سری کانت نے وکٹر لائی کو شکست دے کر کوارٹر فائنل میں جگہ بنائی

Updated: September 04, 2026, 1:04 PM IST | Agency | Shenzhen

ہندوستان کے بیڈمنٹن کھلاڑی نےدنیا کے ۹؍ویں نمبر کے کنیڈا کے کھلاڑی کو سیدھے گیمز میں شکست دے دی۔

Indian badminton player Kidambi Srikanth displayed a magnificent performance. Picture: INN
ہندوستان کے بیڈمنٹن کھلاڑی کدامبی سری کانت نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کیا۔ تصویر: آئی این این

ہندوستان کے تجربہ کار بیڈمنٹن کھلاڑی کدامبی سری کانت نے دنیا کے نویں نمبر کے کھلاڑی وکٹر لائی کو شکست دے کر چائناماسٹرز سپر ۷۵۰؍ بیڈمنٹن ٹورنامنٹ کے کوارٹر فائنل میں رسائی حاصل کر لی ہے۔ ۳۳؍سالہ سری کانت نے کنیڈا کے کھلاڑی کو سیدھے گیمز میں۱۸۔۲۱،۱۹۔۲۱؍ سے ہرایا۔ یاد رہے کہ سری کانت رواں سال یو ایس اوپن سپر ۳۰۰؍کے فائنل میں پہنچے تھے۔ انہوں نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے لائی کو مات دی، جنہوں نے گزشتہ ماہ نئی دہلی میں اپنا دوسرا ورلڈ چمپئن شپ کانسہ کا تمغہ جیتا تھا۔ سابق نمبر ایک اور ۲۰۲۱ء ورلڈ چمپئن شپ کے سلور میڈلسٹ سری کانت کا مقابلہ اب ہانگ کانگ کے لی چیوک یُو سے ہوگا۔

یہ بھی پڑھئے:ویمنز ڈی پی ایل لیگ خطاب پر نارتھ دہلی اسٹرائکرز کا قبضہ

سری کانت وکٹر پر کس طرح حاوی رہے؟

سری کانت نے لائی کے خلاف اپنے عزم اور حوصلے کا شاندار مظاہرہ کیا۔ وہ پہلے گیم کے آغاز میں ۳۔۷؍سے پیچھے ہو گئے تھے، لیکن لائی کی غلطیوں سے فائدہ اٹھاتے ہوئے انہوں نے ۸۔۸؍ سے برابر کر دیا۔تاہم، کنیڈا کے کھلاڑی نے وقفہ تک ۲؍پوائنٹس کی برتری حاصل کر لی۔  پھر انہوں نے اسکور ۱۱۔۱۵؍کر دیا۔ اس کے بعد سری کانت نے زبردست واپسی کی اور اسکور ۱۵۔۱۵؍ سے برابر کر دیا۔ کراس کورٹ اسمیش کی مدد سے ہندوستانی کھلاڑی نے ۱۶۔۱۸؍کی برتری حاصل کی۔ اس کے بعد انہیں ۳؍ گیم پوائنٹس ملے اور انہوں نے دوسرے گیم پوائنٹ پر ہی یہ گیم اپنے نام کر لیا۔

یہ بھی پڑھئے:سری لنکا کے خلاف سیریز میں ہندوستان کے لیے کئی مثبت پہلو: شبھ من گل

سری کانت نے دوسرے گیم کے شروع میں کچھ غلطیاں کیں جس کی وجہ سے وہ ۵۔۹؍ سے پیچھے ہو گئے۔ تاہم، ہندوستانی کھلاڑی نے واپسی کی کوششیں جاری رکھیں۔ جب وہ ۹۔۱۴؍ سے پیچھے تھے، تب انہوں نے ۲؍ زبردست شاٹس لگائے اوروکٹر لائی کی غلطیوں کی مدد سے اسکور ۱۳۔۱۴؍کر دیا۔ ایک وقت پر اسکور ۱۸۔۱۸؍پر برابر تھا۔ اس کے بعد وکٹر لائی کا شاٹ باہر چلا گیا اور سری کانت نے ایک زبردست شاٹ لگا کر میچ پوائنٹ حاصل کیا اور جلد ہی میچ اپنے نام کر لیا۔

تنوی شرما کو شکست کا سامنا

خواتین کے سنگلز میں حال ہی میں  تائیپے اوپن ورلڈ ٹور سپر ۳۰۰؍ کا خطاب جیتنے والی تنوی شرما کو دوسرے راؤنڈ میں جاپان کی دنیا کی نویں نمبر کی کھلاڑی توموکا میازاکی کے ہاتھوں ۲۔۱۷، ۱۸۔۲۱،۲۱۔۱۶؍ سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ وہیں ہندوستان کے دھرو کپیلا اور تنیشا کراسٹو بھی مکسڈ ڈبلز میں چینی تائی پے کے لیو کوانگ ہینگ اور سو ین ہوئی سے ۱۸۔۲۱، ۱۸۔۲۱؍ سے  ہارنے کے بعد ٹورنامنٹ سے باہر ہو گئے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK