Inquilab Logo Happiest Places to Work

کامن ویلتھ گیمز ۲۰۲۶ء: ہندوستان کے لیے یادگار ثابت ہونے کی ۵؍ بڑی وجوہات

Updated: August 03, 2026, 9:08 PM IST | Glasgow

اسکاٹ لینڈ کے شہر گلاسگو میں منعقدہ کامن ویلتھ گیمز ۲۰۲۶ءشاندار اختتامی تقریب کے ساتھ ختم ہو گئے۔ اگرچہ اس ایڈیشن میں ریسلنگ، بیڈمنٹن اور ہاکی جیسے اہم کھیل شامل نہیں تھے، اس کے باوجود ہندوستان نے ۳۹؍تمغے جیت کر ایک یادگار مہم مکمل کی۔

Sachin Siwach.Photo:PTI
سچن سیواچ۔ تصویر:پی ٹی آئی

اسکاٹ لینڈ کے شہر گلاسگو میں منعقدہ  کامن ویلتھ گیمز   ۲۰۲۶ءشاندار اختتامی تقریب کے ساتھ ختم ہو گئے۔ اگرچہ اس ایڈیشن میں ریسلنگ، بیڈمنٹن اور ہاکی جیسے اہم کھیل شامل نہیں تھے، اس کے باوجود ہندوستان نے ۳۹؍تمغے جیت کر ایک یادگار مہم مکمل کی۔ آئیے جانتے ہیں وہ پانچ بڑی وجوہات جنہوں نے اس بار کے کامن ویلتھ گیمز کو بھارت کے لیے خاص بنا دیا۔
ہندوستانی باکسرز کی تاریخی کامیابی
ہندوستانی باکسرز نے گلاسگو میں غیرمعمولی کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے مجموعی طور پر ۱۰؍ تمغے  جیتے، جن میں ۷؍طلائی تمغے  شامل تھے۔ یہ کامن ویلتھ گیمز کی تاریخ میں پہلی بار ہوا کہ ہندوستان نے باکسنگ میں سات طلائی تمغے اپنے نام کیے۔ خواتین باکسرز نے شاندار کھیل پیش کرتے ہوئے ۵؍طلائی اور ایک چاندی  جبکہ مرد باکسرز نے ۲؍ طلائی اور۲؍ چاندی  کے تمغے حاصل کیے۔

یہ بھی پڑھئے:اسپائیڈر مین: برانڈ نیو ڈے پہلے ہفتے میں ۹۲؍ کروڑ ۷۰؍ لاکھ ڈالر کی کمائی


جوڈو میں پہلی بار طلائی تمغہ
 جوڈو میں بھی ہندوستان نے تاریخ رقم کی۔ اسمیتا دے اور ہرش سنگھ نے ملک کو اس کھیل میں پہلی مرتبہ کامن ویلتھ گیمز کا طلائی تمغہ دلایا۔ اس کے علاوہ یامنی موریہ نے چاندی اور اونّتی شرما نے کانسی کا تمغہ جیتا، جس سے  ہندوستانی نے جوڈو میں مجموعی طور پر چار تمغے حاصل کیے۔
میرابائی چانو کی گولڈن ہیٹ ٹرک
میرابائی چانو نے ویٹ لفٹنگ کے ۴۸؍ کلوگرام مقابلے میں ۱۹۰؍ کلوگرام  وزن اٹھا کر طلائی تمغہ جیتا۔ اس کامیابی کے ساتھ انہوں نے مسلسل تیسرے کامن ویلتھ گیمز میں طلائی تمغہ جیت کر منفرد ہیٹ ٹرک مکمل کی اور ایک بار پھر اپنی عالمی کلاس کا ثبوت دیا۔
گل ویر سنگھ کا تاریخی کارنامہ
 گل ویر سنگھ نے ۱۰؍ ہزار میٹر دوڑ میں چاندی اور ۵؍ ہزار میٹر دوڑ میں کانسہ کا تمغہ جیت کر تاریخ رقم کی۔ وہ ایک ہی کامن ویلتھ گیمز میں دو تمغے جیتنے والے پہلے ہندوستانی ٹریک اینڈ فیلڈ ایتھلیٹ بن گئے، جو    ہندوستانی ایتھلیٹکس کے لیے ایک اہم سنگ میل ہے۔

یہ بھی پڑھئے:کامن ویلتھ گیمز ۲۰۲۶ءختم ،۲۰۳۰ء کی میزبانی ہندوستان کے سپرد

شرمیلا دھنکھڑ کی سنہری کامیابی
شرمیلا دھنکھڑ نے پیرا ایتھلیٹکس کے  شاٹ پٹ ایف ۵۷؍ مقابلے میں۸۱ء۹؍ میٹر کی اپنے سیزن کے  بہترین تھرو کے ساتھ طلائی تمغہ جیتا۔ انہوں نے ۲۰؍ سال بعد اس ایونٹ میں ہندوستان کو سونا دلایا اور کامن ویلتھ گیمز ۲۰۲۶ء میں پیرا ایتھلیٹکس میں طلائی تمغہ جیتنے والی پہلی ہندوستانی کھلاڑی بھی بن گئیں۔ ہندوستان کی یہ کامیابیاں اس بات کا ثبوت ہیں کہ ملک مختلف کھیلوں میں مسلسل ترقی کر رہا ہے۔ خاص طور پر نئے شعبوں میں تاریخی کامیابیاں اور خواتین کھلاڑیوں کی شاندار کارکردگی نے کامن ویلتھ گیمز ۲۰۲۶ء کو ہندوستانی کھیلوں کی تاریخ کا ایک یادگار باب بنا دیا۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK