• Thu, 06 November, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

کرسٹیانو رونالڈو کا جلد ریٹائرمنٹ کا فیصلہ؟

Updated: November 06, 2025, 3:55 PM IST

عالمی فٹبال اسٹار کرسٹیانو رونالڈو نے کہا ہے کہ وہ جلد فٹبال سے ریٹائرڈ ہو جائیں گےاور اس فیصلے کا سبب فیملی کے ساتھ مزید وقت گزارنا ہے۔ دنیا بھر میں کرسٹیانو رونالڈ کے مداح ان کے اس فیصلے پر نہایت افسردہ ہیں۔

Picture: INN
تصویر: آئی این این

عالمی فٹبال اسٹار کرسٹیانو رونالڈو نے کہا ہے کہ وہ جلد فٹبال سے ریٹائرڈ ہو جائیں گےاور اس فیصلے کا سبب فیملی کے ساتھ مزید وقت گزارنا ہے۔ دنیا بھر میں کرسٹیانو رونالڈ کے مداح ان کے اس فیصلے پر نہایت افسردہ ہیں۔  ۴۰؍سالہ رونالڈو نے اعتراف کیا کہ اپنے شاندار کریئر کا اختتام کرنا ان کے لیے بہت مشکل ہوگا لیکن انہوں نے اس فیصلے کی تیاری پچھلے کئی سالوں سے کی تھی۔ 
النصر فٹبال کلب کے اسٹرائیکر اور فٹبال کی تاریخ کے سب سے زیادہ گول کرنے والے کھلاڑی رونالڈو نے کہا کہ وہ اپنے ریٹائرمنٹ کے بعد کی زندگی کے بارے میں سنجیدہ ہیں اور اس پر کئی برسوں سے سوچ رہے ہیں۔ وہ اس وقت ۹۵۲؍ گولز کے ساتھ کلب اور قومی ٹیم کے تمام وقت کے سب سے بڑے گول اسکورر ہیں اور انہوں نے گزشتہ ماہ کہا تھا کہ وہ ایک ہزار گولز کا ہدف حاصل کرنے کے بعد کھیل کو خیرباد کہہ دیں گے۔ 

یہ بھی پڑھئے: پہلے ٹی ٹوینٹی میں ویسٹ انڈیز کی نپی تلی گیندبازی کے آگے نیوزی لینڈ کے بلے باز بے بس

ایک انٹرویو میں جو پیرس مورگن کے شو ان سنسرڈ میں نشر ہوا، رونالڈو نے کہا کہ میں سمجھتا ہوں کہ میں اس فیصلے کے لیے تیار ہوں گا۔ یہ بہت مشکل ہوگا، لیکن میں نے۲۵، ۲۶، ۲۷؍سال کی عمر سے ہی اپنے مستقبل کی تیاری شروع کر دی تھی، مجھے لگتا ہے کہ میں اس دباؤ کو برداشت کر سکوں گا۔  فٹبال میں گول کرنے کا جو ایڈرینلائن ہوتا ہے، وہ کسی بھی چیز سے موازنہ نہیں کیا جا سکتالیکن ہر چیز کا ایک آغاز ہوتا ہے اور ایک اختتام بھی۔ میں اب اپنے لیے اپنی فیملی کے لیے اور اپنے بچوں کی پرورش کے لیے مزید وقت گزار سکوں گا۔ رونالڈو نے اپنے سابق کلب مانچسٹر یونائٹیڈ کے بارے میں بھی بات کی جہاں انہوں نے آخری بار تین سال قبل ایک ناخوشگوار دور گزارا تھا۔ 
انہوں نے کہا کہ وہ اب بھی کلب کے نتائج کو فالو کرتے ہیں اور اس کا بہت برا حال دیکھ کر انہیں افسوس ہوتا ہے خاص طور پر گزشتہ سیزن میں جب یونائٹیڈ اپنی تاریخ کی سب سے خراب پوزیشن پر پہنچا تھا اور۱۵؍ویں نمبر پر آیا تھا۔  رونالڈو نے کہا میں افسردہ ہوں کیونکہ یہ کلب دنیا کے سب سے اہم کلبز میں سے ایک ہے اور یہ وہ کلب ہے جسے میں اب بھی اپنے دل میں رکھتا ہوں۔ ان کے پاس مناسب ڈھانچہ نہیں ہے۔ میں امید کرتا ہوں کہ یہ حالیہ اور مستقبل میں بدلے گا، کیونکہ اس کلب کی صلاحیت شاندار ہے۔

یہ بھی پڑھئے: پیگولا کو شکست دے کر سبالینکا نے لگاتار دوسری کامیابی حاصل کی

جارجینا کو غیر متوقع انداز میں شادی کی پیشکش کی: کرسٹیانو رونالڈو
  فٹبال کے عالمی اسٹار کرسٹیانو رونالڈو نے پہلی بار اپنی منگیتر جارجینا روڈریگز کو شادی کی پیشکش کے لمحے کی تفصیلات بتاتے ہوئے انکشاف کیا ہے کہ ان کی منگنی کا لمحہ بالکل غیر منصوبہ بند تھا۔ حالیہ انٹرویو میں رونالڈو نے بتایا کہ جارجینا کو انگوٹھی کی قیمت یا چمک دمک سے کوئی غرض نہیں تھی۔ انہوں نے کہا کہ مجھے اس بات سے پیار ہے کہ اسے انگوٹھی کی پرواہ نہیں تھی، اس نے بس مجھ سے پوچھا کہ کیا میں سچا ہوں؟ میں نے کہا کہ ہاں، میں تمہیں چاہتا ہوں اور تم سے شادی کرنا چاہتا ہوں۔ رونالڈو نے اعتراف کیا کہ اس لمحے میں بے حد جذباتی ہوگیا تھا، میں رویا تو نہیں، لیکن آنکھوں میں آنسو ضرور تھے۔ انہوں نے مزید کہا کہ میں نے انگوٹھی کا ہیرا خود جارجینا کے ذوق کے مطابق منتخب کیا، وہ ہمیشہ خوبصورت پتھر کا خواب دیکھتی تھی، میں نے کافی محنت کے بعد وہ ڈائمنڈ ڈھونڈا جو اسے پسند آئے۔ 

یہ بھی پڑھئے: معروف برطانوی فٹبالر ڈیوڈ بیکھم ’سر‘ کے خطاب سے سرفراز

رونالڈو نے مسکراتے ہوئے کہا کہ اگرچہ میں خود کو زیادہ رومانوی شخص نہیں سمجھتا، مگر یہ لمحہ قدرتی طور پر پیش آگیا، یہ تقریباً رات ایک بجے کا وقت تھا، میری بیٹیاں سو چکی تھیں، ایک دوست نے انگوٹھی دی اور اسی وقت میرے دونوں بچے اندر آئے اور بولے ڈیڈی، آپ ماما کو انگوٹھی دینے والے ہیں، تب مجھے لگا کہ یہی صحیح وقت ہے۔  انہوں نے بتایا کہ اگرچہ یہ لمحہ پہلے سے طے شدہ نہیں تھا، لیکن سب کچھ خودبخود خوبصورت بن گیا، میں جانتا تھا کہ کبھی نہ کبھی میں یہ کروں گا، لیکن اس رات کا ارادہ نہیں تھا، دوست ویڈیو بنا رہے تھے، سب کچھ بالکل پرفیکٹ ہوگیا۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK