کرناٹک کے وزیر نے کہا کہ جب عوام کی بہبود پر خرچ نہیں کرنا تو اکٹھا کیوں کیا جارہاہے، دپکے نے اسکولوں کی تعمیر پر صرف کرنے کا مطالبہ کیا۔
EPAPER
Updated: August 20, 2026, 11:12 AM IST | Agency | New Delhi
کرناٹک کے وزیر نے کہا کہ جب عوام کی بہبود پر خرچ نہیں کرنا تو اکٹھا کیوں کیا جارہاہے، دپکے نے اسکولوں کی تعمیر پر صرف کرنے کا مطالبہ کیا۔
پی ایم کیئر فنڈ کی آڈٹ رپورٹ کی تفصیلات منظر عام پر آنے کے بعد وزیراعظم مودی پر ہزاروں کروڑ کی رقم عوام کی فلاح و بہبود پر خر چ کرنےکیلئے تنقید ہورہی ہے۔ کرناٹک کے وزیر پرینک کھرگے کہا ہے کہ لوگوں کو ریلیف دینے کیلئےمختص رقم کا استعمال نہ کرنا انتہائی افسوسناک اور سفاکی ہے۔دوسری طرف کاکروچ جنتا پارٹی کے بانی ابھیجیت دپکے نے مطالبہ کیا کہ ۸۴؍ ہزار کروڑ میں حکومت چاہے تو ملک بھر میں کم از کم ایک ہزار ایسے اسکول تعمیر کرسکتی ہے جو تمام سہولیات سے آراستہ ہوں۔ انہوں نےا س رقم کوعام لوگوں کا پیسہ قرار دیتے ہوئے اسکولوں کی تعمیر پر خرچ کرنے کی مانگ کی۔
یہ بھی پڑھئے: عام شہریوں کاڈیٹا دہلی پولیس کوکس نے دیا؟
پریانک کھرگے نے سوشل میڈیا پر کہا کہ جب لوگ مشکلات کا سامنا کر رہے ہوں اور ریلیف کیلئےموجود رقم خرچ نہ کی جائے تو یہ ’’انتہائی سفاکی ‘‘ہے۔ انہوں نے پی ایم کیئر کو ملک کے بڑے ادارہ جاتی گھوٹالوں میں سے ایک قرار دیتے ہوئے اس کے استعمال اور شفافیت پر سوال اٹھائے۔ واضح رہے کہ پی ایم کیئر فنڈ کی آڈٹ رپورٹ کے حوالے سے دعویٰ کیاگیا ہے کہ اس میں ۸۴؍ ہزار کروڑ روپے کی بڑی رقم اب بھی استعمال نہیں ہوئی ہے، جبکہ حکومت نے یہ فنڈ ہنگامی حالات اور متاثرہ افراد کو امداد فراہم کرنے کے مقصد سے قائم کیا تھا۔ یاد رہے کہ پی ایم کیئرس فنڈ۲۰۲۰ء میں کورونا کی وبا اور دیگر ہنگامی حالات سے نمٹنے اور متاثرین کو امداد فراہم کرنے کیلئے قائم کیا گیا تھا۔ فنڈ کی سرکاری ویب سائٹ بھی اسے ایک عوامی خیراتی ٹرسٹ قرار دیتی ہے، جس کا بنیادی مقصد ہنگامی یا پریشان کن حالات میں متاثرہ افراد کو ریلیف فراہم کرنا ہے۔ کانگریس نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ فنڈ میں موجود رقم کے استعمال اور اس سے متعلق مالی معاملات میں زیادہ شفافیت اختیار کی جائے۔
یہ بھی پڑھئے: آسٹریلیا نے ہندوستانی باسمتی چاول کی کھیپ مسترد کی، ذمہ دار کون؟
کاکروچ جنتا پارٹی (سی جے پی) کے بانی اور قومی کنوینر ابھیجیت دپکے نے وزیر اعظم نریندر مودی پر پی ایم کیئرس فنڈ کے حوالے سے سخت حملہ کیا ہے۔ انہوں نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ پی ایم کیئر فنڈ کا مناسب استعمال کیا جائے تو ملک بھر میں ایک ہزار سے زائد ہائی ٹیک اسکول بنائے جاسکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس فنڈ کو دیہی علاقوں میں اسکولوں کی بنیادی سہولیات اور انفراسٹرکچر کو بہتر بنانے کیلئے استعمال کیا جا سکتا ہے۔