دیودت پڈیکل کی شاندار اننگز (۱۹۹) کی بدولت انڈیا’ اے‘ نے غیر سرکاری ٹیسٹ میچ کے تیسرے دن نیوزی لینڈ ’اے‘ کے خلاف اہم برتری حاصل کر لی۔
EPAPER
Updated: October 27, 2026, 1:27 PM IST | Agency | Lincang
دیودت پڈیکل کی شاندار اننگز (۱۹۹) کی بدولت انڈیا’ اے‘ نے غیر سرکاری ٹیسٹ میچ کے تیسرے دن نیوزی لینڈ ’اے‘ کے خلاف اہم برتری حاصل کر لی۔
دیودت پڈیکل کی شاندار اننگز (۱۹۹) کی بدولت انڈیا’ اے‘ نے غیر سرکاری ٹیسٹ میچ کے تیسرے دن نیوزی لینڈ ’اے‘ کے خلاف اہم برتری حاصل کر لی۔ ان کی اس اننگز نے انڈیا’ اے‘ کو جیت کی پوزیشن میں لا کھڑا کیا ہے اور اب ٹیم کو ۲۸۴؍ رنوں کی برتری حاصل ہے۔ اس میچ میں جب پڈیکل دوہری سنچری کے بالکل قریب تھے، تو ایک متنازع فیصلے کے تحت انہیں کیچ بی ہائنڈ آؤٹ قرار دے دیا گیا۔
دن کا آغاز ۵۶؍ رنوں سے کرتے ہوئے پڈیکل اور سائی سدرشن (جنہوں نے ۳۹؍ رنوں سے اننگز آگے بڑھائی) نے میدان میں ایک طرف سے چلنے والی تیز ہواؤں کے باوجود بہترین بلے بازی جاری رکھی۔ سدرشن نے اپنی نصف سنچری مکمل کی اور دونوں بلے بازوں نے تیزی سے رن بنائے۔
یہ بھی پڑھئے: مشیر خان اور رگھوونشی کی سنچریاں،ممبئی بڑے اسکور کی جانب گامزن
نیوزی لینڈ اے کو اس وقت بڑا دھچکا لگا جب پہلی اننگز میں ۵؍ وکٹ لینے والے سائمن کین چوٹ کے باعث میدان میں نہیں اترے اور باقی گیند باز بھی رن بنانے کی رفتار کو قابو میں رکھنے میں ناکام رہے۔ جہاں سدرشن نے سنبھل کر بلے بازی کی، وہیں پڈیکل نے تیزی سے رن بنائے اور بالآخر جیڈن لینوکس کی گیند پر چھکا لگا کر شاندار انداز میں اپنی ۱۲؍ویں فرسٹ کلاس سنچری مکمل کی۔
دونوں بلے بازوں نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے انڈیا’ اے‘ کو برتری دلائی اور ان کی شراکت ۲۰۰؍ رنوں سے تجاوز کر گئی۔ سدرشن نے ۸۰؍ رنوں کے آس پاس کچھ باؤنڈری لگائیں، لیکن دونوں ہی بلے بازوں کو شارٹ گیندوں کا سامنا کرنے میں کچھ پریشانی ہوئی۔ نیوزی لینڈ ’اے‘ کی یہ حکمت عملی بالآخر کامیاب رہی، سدرشن کے بلے کا کنارہ لگا اور گیند اسکوائر کے پیچھے کھڑے فیلڈر کے ہاتھوں میں چلی گئی، جس کے نتیجے میں وہ ۹۱؍ رن بنا کر آؤٹ ہوگئے۔ پڈیکل بھی اپنی ڈبل سنچری سے ایک رن پہلے ۱۹۹؍رنوں پر آؤٹ ہوگئے۔دن کے کھیل کے اختتام پر انڈیا’ اے‘ کو ۲۸۴؍ رنوں کی برتری حاصل تھی۔ اب یہ دیکھنا دلچسپ ہوگا کہ آیا وہ آج رات ہی اننگز ڈکلیئر کردیتے ہیں یا آخری دن نیوزی لینڈ’ اے‘ کو بلے بازی کیلئے بلانے سے پہلے خود ۳؍ مکمل سیشن کھیلنے کا وقت لیتے ہیں۔