رنجی ٹرافی کے مقابلے میں ہریانہ کے خلاف پہلے بلے بازی کرتے ہوئے۳؍وکٹ پر ۲۹۰؍رن بنا لئے۔
EPAPER
Updated: October 27, 2026, 1:19 PM IST | Agency | Mumbai
رنجی ٹرافی کے مقابلے میں ہریانہ کے خلاف پہلے بلے بازی کرتے ہوئے۳؍وکٹ پر ۲۹۰؍رن بنا لئے۔
انگکرش رگھوونشی (۱۱۴) اور مشیر خان (۱۰۹) کی شاندار سنچریوں کی مدد سے ممبئی نے پیر کو یہاں ہریانہ کے خلاف رنجی ٹرافی ایلیٹ گروپ’ ڈی‘ کے مقابلے کے پہلے دن ۳؍ وکٹ پر ۲۹۰؍ رن بنا کر ایک مضبوط اسکور کی جانب قدم بڑھا دئیے۔رگھوونشی نے اپنی پہلی فرسٹ کلاس سنچری اسکور کی جبکہ مشیر نے ٹورنامنٹ میں تیسری بار ۵۰؍ سے زائد رن کی اننگز کھیلی۔ دونوں نے دوسرے وکٹ کے لئے ۲۰۸؍ رنوں کی شراکت داری کر کے ممبئی کی اننگز کو مضبوطی دی۔
ممبئی کو دیویانش سکسینہ (۱۰) کے جلدی آؤٹ ہونے سے ابتدائی جھٹکا لگا لیکن اوپننگ بلے باز رگھوونشی اور تیسرے نمبر پر بلے بازی کرنے اترے مشیر خان نے سخت گرمی اور حبس کے درمیان شاندار سنچری بنا کر میزبان ٹیم کو سنبھال لیا۔رگھوونشی نے ۱۸۰؍گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے ۱۳؍ چوکے اور ایک چھکا لگایا جبکہ مشیر نے ۱۹۵؍ گیندوں کی اپنی اننگز میں۱۲؍ چوکے اور ایک چھکا مارا۔دن کا کھیل ختم ہونے پر کپتان سدھیش لاڈ ۲۹؍اور سرفراز خان ۲۰؍رن بنا کر کریز پر موجود تھے۔
یہ بھی پڑھئے: پی وی سندھو سیمی فائنل میں، اسمتا چلیہا کو شکست
زبیر علی کی ہاف سنچری
چنئی میں زبیر علی کی ۷۵؍ رنوں کی اننگز اور ہمانشو سنگوان کے ساتھ دسویں وکٹ کیلئے ان کی ۶۱؍رنوں کی شراکت داری کے باوجود تمل ناڈو کے خلاف ریلوے کی ٹیم پہلی اننگز میں ۱۸۴؍ رن پر آؤٹ ہو گئی۔ جواب میں تمل ناڈو نے دن کا کھیل ختم ہونے تک ۳؍ وکٹ پر ۷۱؍ رن بنا لئے تھے اور وہ پہلی اننگز کی بنیاد پر ۱۱۳؍ رن پیچھے ہے۔
آیوش بدونی کی ناٹ آؤٹ سنچری
کپتان آیوش بدونی (ناٹ آؤٹ ۱۰۶) کی سنچری اور سُمیت ماتھر (ناٹ آؤٹ ۵۰) کی نصف سنچری کی بدولت دہلی نےگروپ’ سی‘ کے مقابلے میں پہلے دن کا کھیل ختم ہونے تک جھارکھنڈ کے خلاف ۵؍وکٹوں پر ۳۰۹؍ رن بنا کر اپنی پوزیشن مضبوط کر لی ہے۔ ٹاس جیت کر دہلی نے پہلے بلے بازی کا فیصلہ کیا تھا۔
یہ بھی پڑھئے: ویلنگٹن میں ہندوستان کی سیریز جیتنے پر نظر جبکہ نیوزی لینڈ پر واپسی کا دباؤ
اروناچل پردیش ۱۱۱؍ پر آؤٹ
احمد آباد، )ایجنسی): لمابم سنگھ (۴؍ وکٹ)، آر آر سنگھ، ایل کشن سنگھا اور ایس بی سنگھ (۲۔۲؍وکٹ) کی شاندار گیند بازی کی بدولت منی پور نے پیر کو رنجی ٹرافی پلیٹ گروپ کے مقابلے میں اروناچل پردیش کو ۱۱۱؍ رن کے اسکور پر سمیٹ دیا۔ اروناچل پردیش نے ٹاس جیت کر پہلے بلے بازی کا فیصلہ کیا۔ بلے بازی کرنے اتری اروناچل پردیش کی ٹیم کو ۱۳؍ رن کے اسکور پر ۲؍ دھچکے لگے۔ کامشا یانگفو نے اروناچل پردیش کیلئےسب سے زیادہ (۱۹) رن بنائے۔
بہار ۹۹؍رن پر ڈھیر،سارانش جین نے ۷؍ وکٹیں حاصل کیں
اندور،(ایجنسی): سارانش جین (۷؍وکٹ) کی شاندار گیند بازی کی بدولت مدھیہ پردیش نے رنجی ٹرافی ایلیٹ گروپ’ اے‘ کے مقابلے میں پیر کو پہلے بلے بازی کرنے اتری بہار کی ٹیم کو ۹۹؍ رن کے اسکور پر سمیٹ دیا۔ بہار نے ٹاس جیت کر پہلے بلے بازی کا فیصلہ کیا تھا۔ بہار کی شروعات انتہائی خراب رہی اور اس نے محض ایک رن پر اپنے ۲؍ وکٹ گنوا دئیے۔ نمن گورو اور شرمن نگروڈ کو اویس خان نے پہلے ہی اوور میں بغیر کوئی رن بنائے پویلین بھیج دیا۔ اس کے بعد مدھیہ پردیش کے سارانش کے سامنے بہار کے بلے باز زیادہ دیر تک نہیں ٹک سکے اور مسلسل اپنے وکٹ گنواتے رہے۔ منگل مہراور نے بہار کیلئے سب سے زیادہ (۴۲) رنوں کی اننگز کھیلی۔ وہ ۳۱؍ویں اوور میں بہار کے آخری بلے باز کے طور پر آؤٹ ہوئے۔ ان کے علاوہ سورج کشیپ (۱۵) ہی دوہرے ہندسے تک پہنچ سکے۔مدھیہ پردیش کی جانب سے سارانش جین نے ۱۳؍ اوور میں ۴۰؍رن دے کر ۷؍ وکٹ حاصل کئے۔