• Tue, 24 November, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

ڈیاگو سیمیون لا لیگا کی تاریخ میں سب سے زیادہ فتوحات حاصل کرنے والے کوچ بنے

Updated: November 24, 2026, 10:03 PM IST | Madrid

ایٹلیٹکو میڈرڈ کے ارجنٹائنی کوچ ڈیاگو سیمیون نے ہسپانوی فٹ بال کی تاریخ میں ایک نیا سنگ میل عبور کرلیا ہے۔ وہ لا لیگا کی تاریخ میں سب سے زیادہ میچ جیتنے والے کوچ بن گئے ہیں۔ ان کی ٹیم نے گیٹافے کو ۰-۳ ؍سے شکست دے کر نہ صرف قیمتی تین پوائنٹس حاصل کیے بلکہ سیمیون نے بھی لیگ میں اپنی ۳۴۵؍ویں فتح درج کرائی۔

Diego Simeone.Photo:X
ڈیاگو سیمیون۔ تصویر:ایکس

ایٹلیٹکو میڈرڈ کے ارجنٹائنی کوچ ڈیاگو سیمیون نے ہسپانوی فٹ بال کی تاریخ میں ایک نیا سنگ میل عبور کرلیا ہے۔ وہ لا لیگا کی تاریخ میں سب سے زیادہ میچ جیتنے والے کوچ بن گئے ہیں۔ ان کی ٹیم نے اتوار ۲۲ ؍نومبر کو گیٹافے کو ۰-۳ سے شکست دے کر نہ صرف قیمتی تین پوائنٹس حاصل کیے بلکہ سیمیون نے بھی لیگ میں اپنی ۳۴۵؍ویں فتح درج کرائی۔ اس کامیابی کے ساتھ انہوں نے سابق کوچ لوئس آراگونس کا ریکارڈ توڑ دیا، جن کے نام لا لیگا میں ۳۴۴ ؍فتوحات درج تھیں۔


 ۵۶ ؍سالہ ڈیاگو سیمیون نے یہ تاریخی کارنامہ لا لیگا میں اپنے ۵۶۷؍ویں میچ کے دوران انجام دیا۔ اس کے برعکس لوئس آراگونس کو ۳۴۴ ؍فتوحات حاصل کرنے کے لیے ۷۵۶؍میچ کھیلنے پڑے تھے۔ اس طرح سیمیون نے اپنے پیش رو کے مقابلے میں ۱۸۹ ؍کم میچوں میں یہ ریکارڈ اپنے نام کرلیا۔سیمیون کی کامیابی کی ایک خاص بات یہ بھی ہے کہ ان کی تمام ۳۴۵ ؍ فتوحات صرف ایک ہی کلب، ایٹلیٹکو میڈرڈ کے ساتھ حاصل ہوئی ہیں، جب کہ آراگونس نے مختلف کلبوں کی کوچنگ کرتے ہوئے یہ کامیابیاں حاصل کی تھیں۔ سیمیون کی مسلسل محنت، حکمت عملی اور کلب کے ساتھ طویل وابستگی نے انہیں اس تاریخی مقام تک پہنچایا ہے۔

یہ بھی پڑھئے:اسرائیلی حریف سے ہاتھ ملانے سے انکار، بیت اللہ ماجدنے ایک سیکنڈ میں مقابلہ جیت لیا

گیٹافے کے خلاف مقابلے میں ایٹلیٹکو میڈرڈ نے ابتدا ہی سے مضبوط کھیل کا مظاہرہ کیا۔ الیکس بائنا اور جانی کارڈوسو نے پہلے ہاف میں گول کرکے ٹیم کو برتری دلائی، جب کہ دوسرے ہاف میں الیکس گریمالڈو نے پنالٹی پر گول کرکے اسکور ۰-۳ ؍گول کردیا۔ اس طرح ایٹلیٹکو نے حریف ٹیم کو اس کے ہوم گراؤنڈ پر شکست دے کر سیمیون کے لیے تاریخی لمحہ یادگار بنادیا۔
لا لیگا میں سب سے زیادہ فتوحات حاصل کرنے والے کوچوں کی فہرست میں لوئس آراگونس طویل عرصے تک سرفہرست رہے۔ انہوں نے اپنے کوچنگ کریئر کے دوران ۳۴۴؍میچوں میں کامیابی حاصل کی تھی۔ سیمیون اب ۳۴۵ ؍فتوحات کے ساتھ پہلے مقام پر پہنچ گئے ہیں۔اس فہرست میں ریئل میڈرڈ کے سابق کوچ میگوئل میوز ۳۲۳ ؍فتوحات کے ساتھ تیسرے، ارنیستو والورڈے ۲۷۸ ؍کامیابیوں کے ساتھ چوتھے اور مینوئل پیلیگرینی ۲۷۱؍فتوحات کے ساتھ پانچویں مقام پر ہیں۔ڈیاگو سیمیون نے دسمبر ۲۰۱۱ء میں ایٹلیٹکو میڈرڈ کی کوچنگ کی ذمہ داری سنبھالی تھی۔ اس وقت اسپینش فٹ بال میں ریئل میڈرڈ اور بارسلونا کا غلبہ تھا، لیکن سیمیون نے اپنی محنت اور منفرد حکمت عملی کے ذریعے ایٹلیٹکو کو ان دونوں بڑے کلبوں کے مقابلے میں ایک مضبوط طاقت بنا دیا۔ان کی قیادت میں ایٹلیٹکو میڈرڈ نے دو مرتبہ لا لیگا کا خطاب جیتا۔ ٹیم نے ۲۰۱۳-۱۴ء کے سیزن میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے چیمپئن شپ اپنے نام کی، جب کہ ۲۰۲۰-۲۱ء میں بھی لیگ کا تاج حاصل کیا۔ اس کے علاوہ کلب نے ان کی کوچنگ میں کوپا ڈیل رے، یوروپا لیگ اور یوئیفا سپر کپ سمیت کئی اہم ٹرافیاں بھی جیتیں۔ مجموعی طور پر سیمیون کے دور میں ایٹلیٹکو میڈرڈ نے آٹھ بڑے خطابات حاصل کیے ہیں۔

یہ بھی پڑھئے:ویر داس انٹرنیشنل ایمی ایوارڈ جیتنے سے محروم، کامیڈی اسپیشل ’فول والیوم‘ کو اعزازنہیں ملا

سیمیون کی کوچنگ میں ایٹلیٹکو میڈرڈ نے یورپی فٹ بال میں بھی اپنی شناخت مضبوط کی، تاہم یوئیفا چیمپئنز لیگ کا خطاب اب تک ان کے لیے ایک ادھورا خواب ہے۔ ٹیم نے ۲۰۱۴ء اور ۲۰۱۶ء میں فائنل تک رسائی حاصل کی، لیکن دونوں مرتبہ شہر کی حریف ٹیم ریئل میڈرڈ کے ہاتھوں شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ان ناکامیوں کے باوجود سیمیون نے ایٹلیٹکو میڈرڈ کا ساتھ نہیں چھوڑا اور ٹیم کو مسلسل مقابلے کی پوزیشن میں برقرار رکھا۔ ان کی کوچنگ میں کلب نے ہر سیزن میں اعلیٰ سطح پر مقابلہ کیا اور اسپین کے تین بڑے فٹ بال کلبوں میں اپنی جگہ مستحکم کی۔
ریکارڈ قائم کرنے کے بعد ڈیاگو سیمیون نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس کامیابی کے پیچھے بہت زیادہ محنت شامل ہے۔ انہوں نے اس سنگ میل کو صرف اپنی ذاتی کامیابی قرار دینے کے بجائے کھلاڑیوں، کوچنگ اسٹاف، کلب انتظامیہ اور مداحوں کی مشترکہ کوششوں کا نتیجہ بتایا۔انہوں نے اس تاثر پر بھی ردعمل ظاہر کیا کہ ایٹلیٹکو میڈرڈ صرف دفاعی کھیل کے ذریعے کامیاب ہوتا ہے۔ سیمیون کے مطابق محض دفاع کرتے ہوئے ۳۴۵ ؍میچ جیتنا ممکن نہیں، اس لیے ٹیم کی کامیابی کو صرف دفاعی حکمت عملی سے جوڑنا درست نہیں ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK