اوپن واٹر سوئمنگ :ناسک کی ۱۶؍ سالہ تیراک دیویہ مہاجن نے۱۴؍ گھنٹے۳۵؍ منٹ میں انگلش چینل عبور کرلیا،اس سے قبل وہ نارتھ چینل عبور کرچکی ہیں۔
EPAPER
Updated: October 07, 2026, 1:04 PM IST | Agency | Nashik
اوپن واٹر سوئمنگ :ناسک کی ۱۶؍ سالہ تیراک دیویہ مہاجن نے۱۴؍ گھنٹے۳۵؍ منٹ میں انگلش چینل عبور کرلیا،اس سے قبل وہ نارتھ چینل عبور کرچکی ہیں۔
ناسک سے تعلق رکھنے والی ۱۶؍سالہ تیراک دیویہ مہاجن نے انگلینڈ سے فرانس تک انگلش چینل کو۱۴؍گھنٹے۳۵؍ منٹ میں کامیابی سے عبور کرکے عالمی اوپن واٹر سوئمنگ میں ہندوستان کا نام روشن کیا ہے ۔ دیویہ نے یہ کارنامہ ۳؍ اکتوبر کو اپنے مشن’ سپت ساگر ‘کے تحت انجام دیا۔ اس مہم کا مقصد دنیا کے ۷؍ مشکل ترین سمندری چینلوں کو عبور کرنا ہے ۔ یہ کامیابی شمالی آئرلینڈ اور اسکاٹ لینڈ کے درمیان نارتھ چینل عبور کرنے کے ایک ماہ سے کچھ زیادہ عرصے بعد حاصل ہوئی ہے جہاں ۲۳؍ اگست کو دیویہ دنیا میں نارتھ چینل عبور کرنے والی سب سے کم عمر خاتون تیراک بنی تھیں۔دیویہ نے رات۲؍بج کر۵۰؍منٹ پر مکمل تاریکی میں انگلش چینل میں تیراکی شروع کی۔ اس دوران انہیں تیز لہروں، طاقتور ہواؤں اور ناموافق سمندری دھاروں کا سامنا کرنا پڑا۔
یہ بھی پڑھئے: دلیپ ٹرافی میں شاندار کارکردگی، ایشان کشن کے ٹیسٹ ٹیم میں انتخاب پر بحث
انگلش چینل عبور کرنے کا عام فاصلہ تقریباً۳۳ء۷؍ کلومیٹر ہے لیکن تیز دھاروں نے انہیں راستے سے ہٹا دیا جس کے باعث انہیں تقریباً ۵۰؍ کلومیٹر تیراکی کرنا پڑی۔مشکل حالات کے باوجود دیویہ نے حوصلہ نہیں ہارا اور فرانسیسی وقت کے مطابق شام۵؍بج کر۲۵؍ منٹ پر فرانس کے ساحل پر پہنچ گئیں، جہاں انہوں نے فخر کے ساتھ ہندوستانی ترنگا لہرایا۔ سی لیپرڈ کے کپتان اسٹورٹ اور شریک پائلٹ شان نے اس دوران ان کی رہنمائی کی، جبکہ چینل سوئمنگ ایسوسی ایشن کی جانب سے جون مل نے سرکاری مبصر کے طور پر ذمہ داری نبھائی۔دیویہ اس وقت اہل خانہ کے ساتھ برطانیہ میںمقیم ہیں، جہاں وہ اوپن واٹر سوئمنگ کی اعلیٰ سطح کی تربیت حاصل کر رہی ہیں۔