Inquilab Logo Happiest Places to Work

عیدالاضحی کے موقع پر ممنوعہ جانوروں سے گریز کیا جائے

Updated: May 03, 2026, 12:20 PM IST | Z. A. Khan | Nanded

اکثریت نے اس بات پر زور دیا کہ اس مرتبہ تمام مسلمانوں کو یہ فیصلہ کرنا چاہئے کہ قربانی کیلئے صرف انہی جانوروں کا انتخاب کیا جائے جن کے ذبیحہ پر قانونی پابندی نہیں ہے۔

A scene from the meeting. Photo: INN
میٹنگ کا ایک منظر۔ تصویر: آئی این این

عیدالاضحیٰ کے موقع پر قربانی کے جانوروں کی خرید و فروخت اور نقل و حمل کےعددوران پیش آنے والی پکڑ دھکڑ اور جھوٹے مقدمات سے لوگوں کو محفوظ رکھنے کے معاملے پر غور وخوض کیلئے ناندیڑ میں سنیچر کو ایک اہم کل جماعتی اجلاس منعقد کیا گیا جس میں علماء کرام،  سیاسی، سماجی اور ملی تنظیموں کے ذمہ داران نے شرکت کی۔اجلاس میں مختلف تنظیموں کے ذمہ داران سے تجاویز طلب کی گئیں۔ اکثریت نے اس بات پر زور دیا کہ اس مرتبہ تمام مسلمانوں کو یہ فیصلہ کرنا چاہئے کہ قربانی کیلئے صرف انہی جانوروں کا انتخاب کیا جائے جن کے ذبیحہ پر قانونی پابندی نہیں ہے۔ گائے  یا بیل کے جانوروں سے گریز کرتے ہوئے دیگر جائز جانوروں کی قربانی کی جائے تاکہ قانونی پیچیدگیوں سے بچا جاسکے۔ علماء کرام نے کہا کہ موجودہ ملکی اور ریاستی حالات کے پیش نظر احتیاط لازم ہے۔اگر ممنوعہ جانوروں کی قربانی کی کوشش کی گئی تو قانونی کارروائی اور مقدمات کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔اسلئے حکمت اور دانشمندی کا تقاضہ یہی ہے کہ صرف غیر ممنوعہ جانوروں کی قربانی کی جائے۔ علماء نے کہا کہ اسلام نے قربانی کیلئے متبادل کے طور پر مختلف اقسام کے چھوٹے اور بڑے جانوروں کی اجازت دی ہے، اس لئے قانونی حدود کا خیال رکھنا ضروری ہے۔اجلاس میں غیر ممنوعہ جانوروں کی خرید و فروخت اور ٹرانسپورٹیشن کے دوران پیش آنے والے مسائل پر بھی تفصیلی گفتگو ہوئی۔اس سلسلہ میں پولیس اور انتظامیہ سے نمائندگی کرنے اور ایک مشاورتی کمیٹی تشکیل دینے کا فیصلہ کیا گیا تاکہ قانون کے دائرے میں رہتے ہوئے قربانی کے مذہبی حق کا تحفظ یقینی بنایا جاسکے۔اجلاس میں سینئر قانون داں ایڈوکیٹ ایم زیڈ صدیقی، دارالقضاء کے ضلع قاضی مفتی ایوب قاسمی، مولانا سعد عبداللہ ندوی، مجلس کے لیڈر سید معین، این سی پی لیڈر محمد صابر چاؤش، کانگریس لیڈر عبدالغفار سمیت مختلف سیاسی، سماجی اور ملی شخصیات اور بڑی تعداد میں معززینِ شہر موجود تھے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK