Updated: June 24, 2026, 4:03 PM IST
| Mumbai
وکرم بھٹ کی Haunted 3D: Echoes of the Past کی غیر متوقع باکس آفس کامیابی کے بعد بالی ووڈ میں ہارر فلموں کا رجحان ایک بار پھر زور پکڑتا دکھائی دے رہا ہے۔ اسی سلسلے میں عمران ہاشمی نے برسوں بعد ہارر صنف میں واپسی کا اعلان کرتے ہوئے اپنی نئی فلم ’’روح‘‘ کا اعلان کیا ہے۔
عمران ہاشمی۔ تصویر: آئی این این
وکرم بھٹ کی حالیہ ہارر تھریلر Haunted 3D: Echoes of the Past کی باکس آفس پر غیر متوقع کامیابی کے بعد ہندی فلم انڈسٹری میں ہارر صنف ایک بار پھر توجہ کا مرکز بن گئی ہے۔ میمو چکرورتی اور چیتنا پانڈے کی اداکاری سے مزین اس فلم نے ریلیز کے بعد تقریباً ۱۶؍ کروڑ روپے کی کمائی کرتے ہوئے ہفتے کی سب سے کامیاب فلم کا اعزاز حاصل کیا۔ فلم کی کامیابی کے فوراً بعد وکرم بھٹ نے اپنی مشہور ’’۱۹۲۰ء‘‘ فرنچائز کی چھٹی قسط ’’۱۹۲۰ء: کولڈ ونٹر‘‘ کا اعلان بھی کر دیا، جس کے بعد اب اداکار عمران ہاشمی نے بھی ہارر دنیا میں واپسی کا باضابطہ اعلان کر دیا ہے۔ عمران ہاشمی اپنی نئی فلم ’’روح‘‘ کے ذریعے برسوں بعد ہارر صنف میں نظر آئیں گے۔ اس فلم کو ایک میوزیکل ہارر ڈراما قرار دیا جا رہا ہے اور اسے Breath ویب سیریز سے شہرت حاصل کرنے والے ہدایت کار مینک وی شرما ڈائریکٹ کریں گے۔ فلم کی کہانی مینک وی شرما اور وشال کپور نے مشترکہ طور پر تحریر کی ہے۔
فلم سازوں کے مطابق ’’روح‘‘ کو ہندی، تیلگو اور تمل زبانوں میں ۲۰۲۷ء میں ریلیز کیا جائے گا۔ تاہم اس وقت فلم کی کہانی، کاسٹ اور دیگر تفصیلات کو خفیہ رکھا گیا ہے۔ عمران ہاشمی ماضی میں ہارر اور سپرنیچرل فلموں میں اپنی کامیاب موجودگی درج کرا چکے ہیں۔ انہوں نے ۲۰۰۹ء میں ’’راز ۲‘‘ کے ذریعے اس صنف میں قدم رکھا تھا، جس کے بعد ۲۰۱۲ء میں ریلیز ہونے والی ’’راز ۳‘‘ ان کے کریئر کی سب سے بڑی کامیاب فلموں میں شمار ہوئی۔
اس کے بعد وہ ۲۰۱۳ء میں ’’ایک تھی ڈائن‘‘ میں نظر آئے، جسے ناقدین اور شائقین دونوں کی جانب سے مثبت ردعمل ملا۔ بعد ازاں ۲۰۱۶ء کی ’’راز ری بوٹ‘‘ اگرچہ تنقیدی اور تجارتی لحاظ سے کامیاب ثابت نہ ہو سکی، تاہم عمران کی ہارر فلموں میں دلچسپی برقرار رہی۔ ۲۰۱۹ء میں انہوں نے جیتو جوزف کی ہدایت کاری میں بننے والی ’’دی باڈی‘‘ میں مرکزی کردار ادا کیا، جبکہ ۲۰۲۱ء میں وہ ’’ڈی بک‘‘ میں نظر آئے، جو کورونا وبا کے دوران براہِ راست او ٹی ٹی پلیٹ فارم پر ریلیز کی گئی تھی۔ ادھر عمران ہاشمی کے مداحوں کے لیے آنے والے برس بھی خاصے مصروف دکھائی دے رہے ہیں۔ ’’روح‘‘ کے علاوہ ان کی اگلی ریلیز ’’آوارہ پن ۲‘‘ ہوگی، جو ۱۴؍ اگست ۲۰۲۶ء کو سنیما گھروں میں نمائش کے لیے پیش کی جائے گی۔
یہ بھی پڑھئے: بائیکاٹ کے سبب فلم’چینی کم‘ کیلئےمیڈیا نے امیتابھ کی تصویر کشی ہی نہیں کی تھی
اس کے بعد وہ تیلگو جاسوسی ایکشن تھریلر ’’جی ۲‘‘ میں نظر آئیں گے، جبکہ بعد میں ایکشن تھریلر ’’گن ماسٹر جی ۹‘‘ بھی ان کے آئندہ منصوبوں میں شامل ہے۔ Haunted 3D: Echoes of the Past کی کامیابی ’’۱۹۲۰ء: کولڈ ونٹر‘‘ کے اعلان اور اب ’’روح‘‘ جیسے نئے منصوبے اس بات کی نشاندہی کر رہے ہیں کہ ہارر صنف ایک بار پھر بالی ووڈ میں اپنی مضبوط واپسی کی جانب گامزن ہے۔