ٹی۔۲۰؍سیریز کے پہلے میچ میں انگریز ٹیم نے ۷؍وکٹوں سے کامیابی حاصل کی،ایلس کیپسی کی ہاف سنچری۔
EPAPER
Updated: May 22, 2026, 3:04 PM IST | Derby
ٹی۔۲۰؍سیریز کے پہلے میچ میں انگریز ٹیم نے ۷؍وکٹوں سے کامیابی حاصل کی،ایلس کیپسی کی ہاف سنچری۔
ایلس کیپسی (ناٹ آؤٹ ۷۴؍ رن) کی شاندار نصف سنچری اننگز کی بدولت انگلینڈ کی ویمنز کرکٹ ٹیم نے پہلے ٹی۔۲۰؍ مقابلے میں نیوزی لینڈ کو ۱۶؍ گیندیں باقی رہتے ۷؍ وکٹوں سے شکست دے دی۔ اس جیت کے ساتھ انگلینڈ نے ۳؍ میچوں کی سیریز میں ایک صفر سے برتری حاصل کر لی ۔
۱۳۷؍ رنوں کے ہدف کا تعاقب کرنے اتری انگلینڈ کی شروعات اچھی نہیں رہی اور اس نے محض ۱۰؍رن کے اسکور پر اپنی پہلی وکٹ گنوا دی۔ صوفیہ ڈنکلے۸؍ رن بنا کر آؤٹ ہوئیں۔ چھٹے اوور میں بری النگ نے مایا باؤچر (۵) کو بھی آؤٹ کر کے پویلین بھیج دیا۔ اس کے بعد ہیدر نائٹ نے ایلس کیپسی کے ساتھ اننگز کو سنبھالنے کی کوشش کی۔ دونوں بلے بازوں نے تیسری وکٹ کیلئے۴۳؍ رن جوڑے۔
یہ بھی پڑھئے: حیدرآباد اور بنگلور کے درمیان ٹاپ پوزیشن کیلئے جنگ!
۱۲؍ ویں اوور میں بری النگ نے ہیدر نائٹ (۱۹) کو آؤٹ کیا۔ ان کے بعد بلے بازی کے لئے آنے والی فریا کیمپ نے ایلس کیپسی کے ساتھ چوتھی وکٹ کے لئے ناٹ آؤٹ ۶۴؍ رن جوڑ کر اپنی ٹیم کو جیت دلا دی۔ انگلینڈ نے ۱۷ء۲؍اووروں میں ۳؍ وکٹوں پر۱۴۰؍ رن بنا کر ۷؍ وکٹوں سے مقابلہ اپنے نام کیا۔ ایلس کیپسی نے ۵۱؍ گیندوں میں ۷؍ چوکے اور ۳؍ چھکے لگاتے ہوئے ناٹ آؤٹ ۷۴؍رنوں کی اننگز کھیلی۔ فریاکیمپ نے ۲۰؍ گیندوں میں ۵؍ چوکوں کی مدد سے ناٹ آؤٹ ۳۱؍ رن بنائے۔
اس سے پہلے انگلینڈ کی ویمنز ٹیم نے بدھ کی دیر رات کھیلے گئے مقابلے میں ٹاس جیت کر پہلے گیند بازی کرنے کا فیصلہ کیا۔ بلے بازی کے لئے اتری نیوزی لینڈ نے مقررہ ۲۰؍اووروں میں ۷؍ وکٹوں پر ۱۳۶؍رنوں کا اسکور بنایا۔
یہ بھی پڑھئے: میں یا تلک تھوڑا اور ٹکتے تو نتیجہ مختلف ہو سکتا تھا: ہاردک
صوفی ڈیوائن نے سب سے زیادہ ۴۵؍ رنوں کی اننگز کھیلی۔ انہوں نے اپنی اننگز میں۲۲؍ گیندوں کا سامنا کیا اور ۴؍ چوکے اور ۴؍ چھکے لگائے۔ میڈی گرین نے (۲۳)، بروک ہالیڈے نے (۱۴) اور ازابیلا گیج نے (۱۲) رنوں کا تعاون دیا۔ ازی شارپ نے ۲۰؍گیندوں میں ایک چوکا اور ایک چھکا لگاتے ہوئے ناٹ آؤٹ ۲۶؍رنوں کی اننگز کھیلی۔انگلینڈ کی جانب سے چارلی ڈین اور لورین بیل نے ۲۔۲؍ وکٹیں حاصل کیں۔ لنسی اسمتھ اور ڈینی گبسن نے ایک ایک بلے باز کو آؤٹ کیا۔