• Fri, 27 February, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

ارلنگ ہالینڈ نے کرسٹیانو رونالڈوکو پیچھے چھوڑدیا

Updated: December 22, 2025, 12:54 PM IST | Agency | London

پریمیر لیگ مقابلوں میں سب سے زیادہ گول کرنے کے معاملے میں پرتگالی کھلاڑی کو پچھاڑ دیا۔

Manchester City player Erling Haaland. Picture: INN
مانچسٹر سٹی کے کھلاڑی ارلنگ ہالینڈ۔ تصویر: آئی این این
ارلنگ ہالینڈ نے اپنی شاندار کارکردگی کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے ویسٹ ہیم کے خلاف ۲؍ گول کئے اور انگلش پریمیر لیگ میں سب سے زیادہ گول کرنے والے کھلاڑیوں کی فہرست میں کرسٹیانو رونالڈو کو پیچھے چھوڑ دیا۔ ان کی اس کارکردگی کی بدولت مانچسٹر سٹی نے آسان جیت درج کر کے اپنی مسلسل پانچویں کامیابی حاصل کر لی۔ مانچسٹر سٹی نے ویسٹ ہیم کو  تین صفرسے شکست دی۔ارلنگ ہالینڈ نے میچ کے دونوں ہاف میں ایک ایک گول کر کے اس سیزن کے محض ۱۷؍ میچوں میں ۱۹؍گول مکمل کر لئے ہیں۔ اس کے ساتھ ہی انہوں نے پریمیر لیگ کی تاریخ میں مجموعی گول کے معاملے میں کرسٹیانو رونالڈو کو مات دے دی ہے۔ ہالینڈ کے اب ۱۰۴؍گول ہو گئے ہیں، جو رونالڈو سے ایک زیادہ ہے۔ ہالینڈ نے اس سیزن میںمانچسٹر سٹی اور ناروے کیلئے مجموعی طور پر ۲۸؍ میچوں میں ۳۸؍ گول کئے ہیں-
مانچسٹر سٹی کو اس جیت سے ۳؍ پوائنٹس تو ملے لیکن یہ آرسنل کو کرسمس کے موقع پر پریمیر لیگ کے ٹیبل پر ٹاپ پوزیشن سے ہٹانے کیلئے کافی نہیں تھا۔آرسنل نے وکٹر گیوکیرس کے پہلے ہاف میں پنالٹی پر کئے گئے گول کی بدولت ایورٹن کے خلاف ایک صفرسے فتح حاصل کی۔ اس جیت نے یقینی بنا دیا کہ آرسنل ۲۵؍ دسمبر (کرسمس) کو پانچویں بار پریمیر لیگ میں پہلے نمبر پر رہے گا۔ اس سے قبل جب بھی ۴؍ مواقع پر آرسنل کرسمس تک ٹاپ پر رہا ہے، وہ سیزن کے آخر میں خطاب جیتنے میں ناکام رہا تھا۔ پوائنٹس ٹیبل میں فی الحال آرسنل، پہلے نمبر پر ہے  جبکہ مانچسٹر سٹی  دوسرے نمبر پر آرسنل سے صرف ۲؍پوائنٹس پیچھے ہے۔
دیگر میچوں میں لیورپول نے ۹؍ کھلاڑیوں کے ساتھ کھیل رہی ٹوٹنہم کی ٹیم کو دوایک  سے ہرا دیا۔ وہیں چیلسی نے ۲؍ گول کے خسارے میں ہونے کے باوجود شاندار واپسی کی اور نیو کیسل کے خلاف میچ ۲۔۲؍سے ڈرا کر دیا۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK