• Sun, 13 September, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

میسی کا شاندار گول بھی انٹر میامی کو نیش وِل کے خلاف فتح نہ دلا سکا، مقابلہ برابری پرختم

Updated: September 13, 2026, 6:01 PM IST | Miami

ارجنٹائنا کے عالمی شہرت یافتہ فٹبالر لیونل میسی نے ایک بار پھر اپنی غیر معمولی صلاحیتوں کا مظاہرہ کرتے ہوئے شاندار گول اسکور کیا، لیکن ان کی ٹیم انٹر میامی نیش وِل ایس سی کے خلاف کامیابی حاصل نہ کرسکی اور میچ ۲۔۲؍ کی برابری پر ختم ہوا۔

Lionel Messi.Photo:X
لیونل میسی۔ تصویر:ایکس

ارجنٹائنا کے عالمی شہرت یافتہ فٹبالر لیونل میسی  نے ایک بار پھر اپنی غیر معمولی صلاحیتوں کا مظاہرہ کرتے ہوئے شاندار گول اسکور کیا، لیکن ان کی ٹیم  انٹر میامی  نیش وِل ایس سی کے خلاف کامیابی حاصل نہ کرسکی اور میچ  ۲۔۲؍ کی برابری پر ختم ہوا۔ مشرقی علاقہ کی ٹاپ ٹیموں کے درمیان کھیلے گئے اس سنسنی خیز  میجر لیگ ساکر(ایم ایل ایس) مقابلے میں نیش وِل نے انجری ٹائم میں گول کرکے میامی کی یقینی نظر آنے والی فتح چھین لی۔ 


میچ کا آغاز نیش وِل کے لیے شاندار رہا۔  سام سُرج  نے صرف چوتھے منٹ میں اینڈی ناجر کی پاس پر گول کرکے مہمان ٹیم کو۰۔۱؍گول کی برتری دلادی۔ انٹر میامی نے۱۹؍ویں منٹ میں واپسی کی، جب نیش وِل کے دفاعی کھلاڑی  ریڈ بیکر وائٹنگ  سے کارنر کک کے دوران گیند اپنے ہی گول میں چلی گئی، جس کے نتیجے میں اسکور۱۔۱؍گول  ہوگیا۔ 
پہلے ہاف کے دوران میسی نے کئی مرتبہ نیش وِل کے دفاع کو دباؤ میں رکھا، تاہم انہیں گول کرنے میں کامیابی نہیں ملی۔ دوسرے ہاف میں انٹر میامی نے حملے تیز کردیئے اور ۶۲؍ویں منٹ میں میسی نے اپنی کلاس کا شاندار مظاہرہ کیا۔  روڈریگو ڈی پال  سے گیند حاصل کرنے کے بعد میسی نے پنالٹی ایریا کے باہر سے بائیں پاؤں سے زبردست شاٹ لگایا جو نیش وِل کے گول کے نچلے بائیں کونے میں جا پہنچا۔ اس گول کے ساتھ میامی نے۱۔۲؍گول کی برتری حاصل کرلی۔ 

یہ بھی پڑھئے:ریباکینا نے سبالینکا کو شکست دے کر پہلی بار یو ایس اوپن کا تاج اپنے نام کیا

یہ میسی کا موجودہ ایم ایل ایس  سیزن میں ۱۹؍واں گول تھا، جس کے ساتھ وہ لیگ کے ٹاپ اسکورر بھی بنے ہوئے ہیں۔ نیش وِل کے خلاف ان کی کارکردگی بھی غیر معمولی رہی ہے؛ وہ ۲۰۲۳ء میں انٹر میامی سے وابستہ ہونے کے بعد اس ٹیم کے خلاف تمام مقابلوں میں ۱۷؍ گول کرچکے ہیں۔  ایسا محسوس ہورہا تھا کہ میسی کا گول انٹر میامی کو اہم تین پوائنٹس دلانے کے لیے کافی ہوگا، لیکن نیش وِل نے آخری لمحے تک ہمت نہیں ہاری۔ انجری ٹائم کے پہلے ہی منٹ میں  سام سُرج  نے دوبارہ گیند کو جال میں پہنچا کر اپنا دوسرا گول کیا اور اسکور  ۲۔۲؍کردیا۔ اس طرح نیش وِل نے میامی کے خلاف مسلسل چوتھے مقابلے میں ناقابلِ شکست رہنے کا سلسلہ برقرار رکھا۔ 
اس ڈرا کے بعد نیش وِل ایس سی ۵۴؍ پوائنٹس  کے ساتھ ایسٹرن کانفرنس میں سرفہرست ہے، جبکہ انٹر میامی ۴۵؍ پوائنٹس کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہے۔ نیش وِل نے میامی پر اپنی  نو پوائنٹس کی برتری  برقرار رکھی۔  انٹر میامی کے لیے یہ نتیجہ اس لیے بھی مایوس کن رہا کیونکہ ٹیم نیش وِل کے خلاف اس سیزن میں اپنی پہلی فتح کی تلاش میں تھی۔ اس سے قبل ۱۵؍ اگست کو نیش وِل نے میامی کو ۱۔۴؍ سے شکست دی تھی، جبکہ اسی سیزن میں نیش وِل نے کونکا کیف چیمپئن کپ  سے بھی میامی کو باہر کیا تھا۔ 

یہ بھی پڑھئے:ملائیشیا کے وزیراعظم انور ابراہیم نے ہندوستان دورے میں باندھا بالی ووڈ کا سماں

اب انٹر میامی کی نظریں ۱۶؍ ستمبر  کو ہونے والے  چیمپئن کپ مقابلے پر ہیں، جہاں اس کا مقابلہ میکسیکو کی لیگ چیمپئن  کروز ازول  سے ہوگا۔ دوسری جانب نیش وِل اگلے ایم ایل سی مقابلے میں  شکاگو فائر  کی میزبانی کرے گا۔    میسی کی ایک اور یادگار انفرادی کارکردگی کے باوجود انٹر میامی کو مکمل کامیابی نہ مل سکی۔ آخری لمحات میں نیش وِل کا گول نہ صرف میچ کو برابر کرگیا بلکہ اس نے مشرقی کانفرنس میں ٹاپ پوزیشن پر موجود ٹیم کی مضبوط گرفت بھی برقرار رکھی۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK