Updated: September 06, 2026, 10:01 PM IST
| Zurich
عالمی فٹبال کی گورننگ باڈی فیفا نے تصدیق کردی ہے کہ موجودہ صدر جیانی انفانٹینو (Gianni Infantino) مارچ ۲۰۲۷ء میں ہونے والے فیفا صدارتی انتخاب میں دوبارہ امیدوار ہوں گے۔ یہ اعلان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب عالمی فٹبال میں ان کی قیادت اور حال ہی میں واپس لیے گئے فیفا فارورڈ انٹرپرائز (ایف ای ای) منصوبے پر شدید اختلافات پیدا ہوئے ہیں۔
جیانی انفاننٹیو۔تصویر:ایکس
عالمی فٹبال کی گورننگ باڈی فیفا نے تصدیق کردی ہے کہ موجودہ صدر جیانی انفانٹینو (Gianni Infantino) مارچ ۲۰۲۷ء میں ہونے والے فیفا صدارتی انتخاب میں دوبارہ امیدوار ہوں گے۔ یہ اعلان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب عالمی فٹبال میں ان کی قیادت اور حال ہی میں واپس لیے گئے فیفا فارورڈ انٹرپرائز (ایف ای ای) منصوبے پر شدید اختلافات پیدا ہوئے ہیں۔ فیفا نے کہا ہے کہ انفانٹینو نے اپریل میں ہی ۲۰۲۷ء کے انتخاب میں حصہ لینے کا اعلان کردیا تھا اور ان کے فیصلے میں کوئی تبدیلی نہیں آئی ہے۔
یہ بھی پڑھئے:اکشے کمار نے بتایاکہ گھر میں آخری فیصلہ کس کا ہوتا ہے؟
۵۶؍ سالہ سوئس نژاد انفانٹینو ۲۰۱۶ء میں پہلی مرتبہ فیفا کے صدر منتخب ہوئے تھے اور ۲۰۲۳ء میں دوبارہ اس عہدے پر منتخب ہوئے۔ اگر وہ ۲۰۲۷ء کا انتخاب جیت جاتے ہیں تو یہ ان کی چوتھی اور آخری مدت ہوگی اور وہ ۲۰۳۱ء تک عالمی فٹبال کے سربراہ رہیں گے۔ فیفا کا اگلا صدارتی انتخاب ۱۸؍ مارچ ۲۰۲۷ء کو رباط، مراکش میں ہونے والے ۷۷؍ویں فیفا کانگریس میں منعقد ہوگا۔
انفانٹینو کو گزشتہ جولائی میں اس وقت شدید تنقید کا سامنا کرنا پڑا جب ان کے ایف ای ای منصوبے کی تفصیلات سامنے آئیں۔ اس منصوبے کے تحت فیفا کے ٹورنامنٹس، جن میں ورلڈ کپ بھی شامل تھا، میں نجی سرمایہ کاری لانے اور تجارتی حقوق کے ایک حصے کو نجی سرمایہ کاروں کے لیے کھولنے کی تجویز دی گئی تھی۔ شدید مخالفت کے بعد یہ منصوبہ واپس لے لیا گیا، لیکن اس کے نتیجے میں انفانٹینو کی قیادت پر سوالات اٹھے اور مختلف فٹبال کنفیڈریشنز کے درمیان اختلافات مزید نمایاں ہوگئے۔
یہ بھی پڑھئے:یو ایس اوپن: ایوا جووچ نے الیکس ایلا کو شکست دی، اگلے دور میں گاف سے مقابلہ
یوئیفا نے اس منصوبے پر انفانٹینو کے خلاف سخت موقف اختیار کیا اور ان کی انتظامی پالیسیوں پر شدید اعتراضات کیے۔ دوسری جانب کونکا کیف اور اے ایف سی کے حلقوں میں بھی ان کے خلاف اختلافات سامنے آئے ہیں۔کونکا کیف کے صدر اور فیفا کے نائب صدر وکٹر مونٹاگلیانی (Victor Montagliani) کو انفانٹینو کے ممکنہ مضبوط حریف کے طور پر دیکھا جا رہا ہے، جبکہ یوئیفا کے صدر الیگزینڈر چیفرین پہلے ہی انتخاب لڑنے سے انکار کرچکے ہیں۔ تاہم انفانٹینو کو عالمی فٹبال میں مکمل طور پر تنہا نہیں سمجھا جا رہا۔ سعودی عرب ، جو ۲۰۳۴ء کے فیفا ورلڈ کپ کی میزبانی کرے گا، نے ان کی حمایت کی ہے، جبکہ افریقی فٹبال کی گورننگ باڈی سی اے ایف اور جنوبی امریکی فٹبال کنفیڈریشن کون میبول بھی ان کے حق میں نظر آتی ہیں۔ حالیہ دنوں میں کیمرون فٹبال فیڈریشن کے صدر اور سابق اسٹار سیموئل ایتو نے بھی افریقی فیڈریشنز سے انفانٹینو کی حمایت کرنے کی اپیل کی ہے۔ فی الحال انفانٹینو ہی ۲۰۲۷ء کے فیفا صدارتی انتخاب کے واحد باضابطہ امیدوار ہیں۔ انہیں کامیابی کے لیے فیفا سے وابستہ ۲۱۱؍ رکن فیڈریشنز میں سادہ اکثریت حاصل کرنا ہوگی۔ امیدواروں کو اپنی نامزدگیاں ۱۸؍ نومبر ۲۰۲۶ء تک جمع کرانا ہوں گی۔ فیفا کے مطابق انفانٹینو نے رواں سال اپریل میں وینکوور میں ہونے والی ۷۶ویں فیفا کانگریس کے دوران خود اعلان کیا تھا کہ وہ اگلے سال دوبارہ صدارتی انتخاب لڑیں گے۔ ۲۰۲۷ء کا فیفا پریزیڈنشل الیکشن عالمی فٹبال کی سیاست کے لیے انتہائی اہم بن گیا ہے، کیونکہ انفانٹینو ایک جانب اپنی چوتھی مدت کے لیے میدان میں ہیں تو دوسری جانب ان کے نجی سرمایہ کاری کے متنازع منصوبے نے یوئیفا سمیت کئی حلقوں میں ان کی پوزیشن کو چیلنج کیا ہے۔