Updated: July 20, 2026, 2:04 PM IST
| New Jersey
فیفا ورلڈ کپ کی ۹۶؍ سالہ تاریخ میں پہلی بار فائنل کے دوران سپر باؤل طرز کا ہاف ٹائم شو پیش کیا گیا، جس نے کھیل اور موسیقی کو ایک ہی اسٹیج پر جمع کر دیا۔ نیو جرسی کے میٹ لائف اسٹیڈیم میں ہونے والے اس تاریخی شو میں میڈونا، بی ٹی ایس، جسٹن بیبر، شکیرا اور برنا بوائے سمیت عالمی شہرت یافتہ فنکاروں نے پرفارم کیا، جبکہ شو کا اختتام کولڈ پلے کے کرس مارٹن اور بچوں کے کوائر کی خصوصی پیشکش پر ہوا۔
پہلی تصویر میں جسٹن بیبر جبکہ دوسری تصویر میں شکیرا پرفارم کرتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔ تصویر: آئی این این
فیفا ورلڈ کپ ۲۰۲۶ء کے فائنل میں صرف اسپین کی تاریخی فتح ہی نہیں بلکہ ایک اور منفرد روایت نے بھی دنیا بھر کی توجہ حاصل کی۔ نیو جرسی کے میٹ لائف اسٹیڈیم میں کھیلے گئے فائنل کے دوران پہلی مرتبہ سپر باؤل طرز کا ہاف ٹائم شو پیش کیا گیا، جس کے ساتھ فیفا نے اپنی ۹۶؍ سالہ تاریخ میں ایک نئی روایت کا آغاز کیا۔ تقریب کو گلوبل سٹیزن کے اشتراک سے تیار کیا گیا جبکہ اس کی فنکارانہ نگرانی کولڈ پلے کے مرکزی گلوکار کرس مارٹن نے کی۔ تقریب کا آغاز پاپ آئیکون میڈونا نے اپنے مشہور گیت ’’Music‘‘ سے کیا۔ اس موقع پر برازیل کے سابق عالمی شہرت یافتہ فٹ بالرز رونالڈو اور رونالڈینیو بھی اسٹیج پر ان کے ساتھ موجود تھے، جس سے موسیقی اور فٹ بال کا یادگار امتزاج دیکھنے کو ملا۔
اس کے بعد جنوبی کوریا کے عالمی شہرت یافتہ بینڈ بی ٹی ایس (BTS) نے اپنے مقبول گیت ’’Dynamite‘‘ پر پرفارم کیا، جس پر اسٹیڈیم میں موجود ہزاروں شائقین نے بھرپور جوش و خروش کا مظاہرہ کیا۔ شو کے دوران امریکی اداکار جیسن سوڈیکِس نے اپنے مشہور کردار ٹیڈ لاسو کے روپ میں مختصر مگر دلچسپ انداز میں شرکت کر کے حاضرین کو محظوظ کیا۔ کنیڈین گلوکار جسٹن بیبر نے اپنے گیت ’’Everything Hallelujah‘‘ کی صوتی (Acoustic) پیشکش کی، جس کے بعد کولمبیا کی سپر اسٹار شکیرا اور نائجیرین موسیقار برنا بوائے نے مشترکہ طور پر فیفا ورلڈ کپ 2026 کا آفیشل ترانہ ’’Dai Dai‘‘ پیش کیا۔ اس پرفارمنس کو تقریب کا نقطۂ عروج قرار دیا گیا اور شائقین نے بھرپور داد دی۔
ہاف ٹائم شو کا اختتام پی ایس ۲۲؍ کورس کے بچوں اور کولڈ پلے کے کرس مارٹن کی مشترکہ پیشکش ’’We Dance‘‘ پر ہوا، جس میں اتحاد، امن اور تعلیم کا پیغام دیا گیا۔ اس تقریب کا مقصد صرف تفریح فراہم کرنا نہیں تھا بلکہ FIFA Global Citizen Education Fund کے لیے فنڈز اور آگاہی جمع کرنا بھی تھا، جو دنیا بھر کے بچوں کی تعلیم اور کھیلوں کے فروغ کے لیے کام کر رہا ہے۔ تقریب میں موسیقی کے علاوہ ہالی ووڈ اور کھیلوں کی متعدد شخصیات بھی شریک ہوئیں۔ ٹام کروز، جینیفر ہڈسن اور دیگر معروف چہروں کی موجودگی نے اس تقریب کو مزید یادگار بنا دیا۔ فیفا حکام کے مطابق اس تاریخی تجربے کا مقصد ورلڈ کپ فائنل کو کھیل کے ساتھ ساتھ عالمی تفریحی ایونٹ کی حیثیت دینا تھا، جیسا کہ امریکی سپر باؤل میں برسوں سے ہوتا آ رہا ہے۔