Updated: July 13, 2026, 11:01 AM IST
|
Agency
| New Delhi
دہلی میںایک پیٹرول پمپ پرکیجریوال نےای۲۰؍ پیٹرول سے متعلق صارفین کی شکایات سنیں،حکومت پر ’ سفید جھوٹ ‘بولنے کا الزام ۔
اروند کیجریوال-تصویر:پی ٹی آئی
عام آدمی پارٹی (آپ) کے قومی کنوینر اروند کیجریوال نے سنیچر کو قومی دارالحکومت دہلی میں ایک پیٹرول پمپ اور سروس اسٹیشن کا دورہ کر کے ای ۲۰؍ ایتھنال آمیز پیٹرول کے استعمال سے متعلق صارفین کی شکایات کا جائزہ لیا۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ ۲۰؍ فیصد ایتھنال والا پیٹرول استعمال کرنے والے کئی گاڑی مالکان کو مختلف مسائل کا سامنا ہے۔دورے کے موقع پرکیجریوال نے پیٹرول پمپ پر موجود صارفین سے براہِ راست گفتگو کی، سروس اسٹیشن کے ملازمین سے معلومات حاصل کیں، مختلف گاڑیوں کے انجنوں کا معائنہ کیا اور گاڑی مالکان سے ان کے تجربات معلوم کیے۔ بعد ازاں میڈیا سے بات کرتے ہوئے اروند کیجریوال نے کہا کہ ای۲۰؍ ایندھن کے بارے میں حکومت کے دعوے زمینی حقیقت سے مطابقت نہیں رکھتے۔
ان کا کہنا تھا کہ حکومت کی جانب سے کیے جانے والے دعوے ’ سفید جھوٹ‘ ہیں، کیونکہ عوام کو عملی طور پر مختلف مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ زیادہ تر گاڑی مالکان نے شکایت کی ہے کہ ای۲۰؍ پیٹرول استعمال کرنے کے بعد ان کی گاڑیوں کا مائلیج کم ہو گیا ہے اور کئی افراد نے انجن میں خرابیوں کی بھی شکایت کی ہے۔کیجریوال نے کہا’’تقریباً تمام گاڑیوں کی مائلیج میں کمی آئی ہے اور متعدد گاڑیوں میں خرابیوں کی شکایات سامنے آ رہی ہیں۔‘‘ انہوں نے مزید کہا کہ صارفین کو درپیش مسائل کو نظر انداز کرنے کے بجائے حکومت کو چاہیے کہ وہ عوام کی شکایات پر سنجیدگی سے غور کرے اور ان کا مناسب حل تلاش کرے۔واضح رہے کہ گزشتہ ہفتے مرکزی حکومت نے سوشل میڈیا پر ای ۲۰؍ ایتھنال بلینڈنگ پروگرام سے متعلق گردش کرنے والی مختلف خبروں اور دعوؤں کی تردید کرتے ہوئے ایک تفصیلی وضاحتی بیان جاری کیا تھا۔ حکومت نے ان دعوؤں کو گمراہ کن معلومات قرار دیتے ہوئے کہا تھا کہ ای ۲۰؍ ایندھن سے انجن کو نقصان پہنچنے، گاڑیوں کی انشورنس منسوخ ہونے یا ماحولیات کو نقصان پہنچنے جیسے دعوے درست نہیں ہیں اور ان کی کوئی سائنسی بنیاد موجود نہیں ہے۔مرکزی حکومت کا کہنا ہے کہ ای۲۰؍ پروگرام کا مقصد خام تیل کی درآمدات میں کمی، کسانوں کی آمدنی میں اضافہ، ایتھنال کی پیداوار کو فروغ دینا اور ماحول دوست ایندھن کے استعمال کو بڑھانا ہے، جبکہ اپوزیشن جماعتیں اس پروگرام کے زمینی اثرات پر سوالات اٹھا رہی ہیں۔
اروند کیجریوال نے کہا کہ پچھلے کچھ دنوں سے انہوں نے ا یسے وزیر وں کو بھی دیکھا ہے جنہوں نے ای ۲۰؍ کی مخالفت کرنے والوں کوگالیاں تک دی ہیں۔ کبھی انہیں غدار، کبھی ملک دشمن، کبھی پیٹرول لابی کا ایجنٹ اور کبھی بے روزگار سماجی کارکن کہا گیا ہے۔دہلی کے سابق وزیر اعلیٰ نے وزیر اعظم مودی سے کہا کہ اتنی ہٹ دھرمی ٹھیک نہیں ہے۔ وہ تمام لوگ جو ای ۲۰؍ کی بات کر رہے ہیں اور اس کی مخالفت کر رہے ہیںوہ ای ۲۰؍ مطمئن نہیں ہیں۔ یہ ہمارے اپنے ہم وطن ہیں۔ ملک کے ۱۴۰؍ کروڑ عوام محب وطن ہیں ۔ان کی جو بھی شکایتیں ہیں، حکومت کا فرض ہے کہ انہیںسنے۔