ہندوستانی ٹیم کے کوچ نے کہا ’’میں اکثر کئی معاملات میں بی سی سی آئی پر تنقید کرتا رہا ہوں، لیکن یہ اقدام واقعی قابل تعریف ہے۔‘‘
EPAPER
Updated: May 29, 2025, 12:11 PM IST | Agency | New Delhi
ہندوستانی ٹیم کے کوچ نے کہا ’’میں اکثر کئی معاملات میں بی سی سی آئی پر تنقید کرتا رہا ہوں، لیکن یہ اقدام واقعی قابل تعریف ہے۔‘‘
ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے چیف کوچ گوتم گمبھیر نے بدھ کے روز کہا کہ ہندوستانی کرکٹ کنٹرول بورڈ (بی سی سی آئی) کا انڈین پریمیر لیگ (آئی پی ایل)کے فائنل میچ کو مسلح افواج کے نام وقف کرنا واقعی ایک `ناقابل یقین قابل ستائش قدم ہے اور یہ ہماری قومی یکجہتی کو ظاہر کرتا ہے۔ گمبھیر نے پریس کانفرنس سے کہا، ’’میں اکثر کئی معاملات میں بی سی سی آئی پر تنقید کرتا رہا ہوں لیکن یہ اقدام واقعی قابل تعریف ہے۔ مسلح افواج کیلئے کسی بھی کام کو ہماری مکمل حمایت حاصل ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ ایک اچھا اقدام ہے۔ یہ ظاہر کرتا ہے کہ پورا ملک متحد ہے اور ہماری مسلح افواج کو سلام پیش کر رہا ہے۔ بغیر کسی مفاد کے ہماری حفاظت کرنے کیلئے میں مسلح افواج کو کریڈٹ دیتاہوں۔
یہ بھی پڑھئے:بنگلور اور پنجاب کی نظریں فائنل میں داخلے پر
چیف کوچ گمبھیر نے کہا ’’ ہمارے فوجی بدلے میں کچھ توقع کئے بغیر ہماری خدمت کرتے ہیں، حفاظت کرتے ہیں اور قربانیاں دیتے ہیں۔ گمبھیر نے یہ تبصرہ پہلگام دہشت گردانہ حملے کے جواب میں ہندوستانی مسلح افواج کی طرف سے چلائے گئے آپریشن سیندور کے بعد بی سی سی آئی کی طرف سے آئی پی ایل ۲۰۲۵ء کی اختتامی تقریب کو مسلح افواج کے نام وقف کرنے کے فیصلے کے ساتھ یکجہتی کے طور پر کیا۔
واضح رہےکہ آئندہ ۳؍ جون کو احمدآباد کے نریندر مودی اسٹیڈیم میں منعقد ہونے والے آئی پی ایل کے فائنل میچ میں فوج، بحریہ اور فضائیہ کے اعزاز میں فوجی بینڈ اور ثقافتی پروگراموں کی۴۵؍ منٹ کی تقریب منعقد کی جائے گی۔ اختتامی تقریب میں فوج کے سربراہان سمیت اعلیٰ فوجی افسران کو مدعو کیا گیا ہے۔
بی سی سی آئی نے کہا کہ اس اقدام کا مقصد مسلح افواج کی بے لوث خدمت اور بہادری پر قوم کی شکر گزاری کو اجاگر کرنا ہے۔ بی سی سی آئی کے سیکریٹری دیو جیت سیکیا نے تقریب کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ کرکٹ ملک کو متحد کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک، اس کی خودمختاری، سالمیت اور سلامتی سے بڑھ کر کچھ نہیں ہے۔