Inquilab Logo Happiest Places to Work

گٹارسٹ پرتیش والیا ۱۴؍ روز بعد آئی سی ای کی حراست سے رہا ہوئے

Updated: August 20, 2026, 5:03 PM IST | New York

ہند نژاد جاز گٹارسٹ، کمپوزر اور میوزک ایجوکیٹر پرتیش والیا کو امریکی امیگریشن اینڈ کسٹمز انفورسمنٹ (آئی سی ای )(ICE) کی حراست میں ۱۴؍ دن گزارنے کے بعد ضمانت پر رہا کر دیا گیا ہے۔ والیا نے اپنی رہائی کے بعد ایک جذباتی ویڈیو اور سوشل میڈیا پوسٹ کے ذریعے اپنے تجربے کا اظہار کیا۔

Pritesh Walia .Photo:INN
پرتیش والیا۔ تصویر:آئی این این

ہند نژاد جاز گٹارسٹ، کمپوزر اور میوزک ایجوکیٹر  پرتیش والیا  کو امریکی امیگریشن اینڈ کسٹمز انفورسمنٹ (آئی سی ای )(ICE) کی حراست میں ۱۴؍ دن گزارنے کے بعد ضمانت پر رہا کر دیا گیا ہے۔ والیا نے اپنی رہائی کے بعد ایک جذباتی ویڈیو اور سوشل میڈیا پوسٹ کے ذریعے اپنے تجربے کا اظہار کیا اور ان ۱۴؍ دنوں کو اپنی زندگی کے مشکل ترین دن قرار دیا۔ 
رپورٹس کے مطابق نئی دہلی میں پیدا ہونے والے پرتیش والیا کو ۲؍ اگست ۲۰۲۶ ءکو لاس اینجلس واپس پہنچنے کے بعد آئی سی ای  نے حراست میں لیا تھا۔ انہیں بعد میں کیلیفورنیا کےآئی سی ای ایڈلینٹو پروسیسنگ سینٹر   منتقل کیا گیا۔ والیا کے دوستوں اور اہل خانہ کے مطابق حراست کے وقت ان کا فون اور دیگر ذاتی سامان بھی لے لیا گیا تھا۔ ان کے اہل خانہ اور وکلا نے رہائی کے لیے قانونی کوششیں شروع کی تھیں۔ 

یہ بھی پڑھئے:ہرمز کے متعلق ٹرمپ کے دعوے پر ایران نے کیلیفورنیا کو اپنا ’’نیا علاقہ‘‘ قرار دیا

آئی سی ای کی جانب سے والیا کی حراست کی مخصوص وجہ کے بارے میں اس وقت تک کوئی تفصیلی سرکاری بیان سامنے نہیں آیا تھا۔ خود والیا نے بھی اپنی ویزا صورتحال کی مکمل تفصیلات عوامی طور پر ظاہر نہیں کیں۔ رہائی کے بعد والیا نے اپنے تجربے کے بارے میں بتایا کہ حراست کے دوران وہ کئی مرتبہ خوف، بے بسی اور مایوسی کا شکار ہوئے۔ انہوں نے کہا کہ یہ۱۴؍ دن ان کی زندگی کے مشکل ترین دن تھے  اور بعض لمحات میں انہیں ایسا محسوس ہوا جیسے وہ مکمل طور پر ٹوٹ چکے ہیں۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ حراستی مرکز میں رہتے ہوئے دنیا بہت چھوٹی محسوس ہوتی ہے اور امید کھونا آسان ہوتا ہے۔ والیا نے اپنے اہل خانہ، گرل فرینڈ، وکیل اور میوزک کمیونٹی کا خصوصی شکریہ ادا کیا، جنہوں نے اس مشکل وقت میں ان کا ساتھ دیا۔
 رہائی کے بعد والیا نے جذباتی انداز میں کہا کہ وہ اب اپنے گھر واپس آ گئے ہیں۔ اپنے اہل خانہ سے دوبارہ ملنے اور انہیں گلے لگانے کو انہوں نے اپنی زندگی کا ایسا لمحہ قرار دیا جسے وہ کبھی نہیں بھولیں گے۔  انہوں نے بتایا کہ دنیا بھر سے موسیقی کے شعبے سے وابستہ لوگوں کی حمایت نے انہیں مشکل وقت میں امید دی۔ والیا نے کہا کہ لوگوں کا ان کے لیے کھڑا ہونا اور ان کی رہائی کے لیے کوشش کرنا انسانیت پر ان کا اعتماد دوبارہ بحال کرنے میں مددگار ثابت ہوا۔ 

یہ بھی پڑھئے:رنویر الہابادیا کا دعویٰ، فلم انڈسٹری سے زیادہ پیسہ کانٹینٹ کریئیشن میں ہے

پرتیش والیا  نئی دہلی میں پیدا ہونے والے جاز گٹارسٹ، کمپوزر، بینڈ لیڈر اور میوزک ایجوکیٹر ہیں۔ انہوں نے ۱۳؍سال کی عمر میں ہندوستانی کلاسیکی موسیقی  سیکھنا شروع کی اور بعد میں اعلیٰ تعلیم کے لیے امریکہ منتقل ہوئے۔ انہوں نے لاس اینجلس کے  میوزیشنز انسٹی ٹیوٹ  سے تعلیم حاصل کی، اس کے بعد بارکلی کالج آف میوزن سے بیچلر ڈگری اورنیوانگلینڈ کنزرویٹری  سے جاز پرفارمنس میں ماسٹرز کیا۔ وقت کے ساتھ انہوں نے امریکی جاز کمیونٹی میں اپنی شناخت بنائی۔  ان کی موسیقی میں جاز کے ساتھ مختلف ثقافتی اثرات بھی دیکھنے کو ملتے ہیں۔  
موسیقار والیا نے بتایا کہ وہ حراست کے بعد کچھ دن آرام کرنے، صحت یاب ہونے اور اپنے قریبی لوگوں کے ساتھ وقت گزارنے  پر توجہ دینا چاہتے ہیں۔ ان کی رہائی نے ہندوستانی اور بین الاقوامی میوزک کمیونٹی میں بھی راحت کا احساس پیدا کیا ہے کیونکہ گزشتہ دو ہفتوں کے دوران ان کے مداح اور ساتھی ان کی صورتحال کے بارے میں مسلسل فکرمند تھے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK