تیز گیندباز نے کہا کہ بمراہ اور سراج بھائی کے مشوروں اور ہنمائی سے صحیح لینتھ اور لائن سے گیندبازی کرنے میں مدد مل رہی ہے۔
EPAPER
Updated: September 02, 2026, 1:25 PM IST | Agency | Bengaluru
تیز گیندباز نے کہا کہ بمراہ اور سراج بھائی کے مشوروں اور ہنمائی سے صحیح لینتھ اور لائن سے گیندبازی کرنے میں مدد مل رہی ہے۔
ہندوستانی تیز گیند باز گُرنُور برار کا کہنا ہے کہ گزشتہ۳؍ مہینوں میں سینئر تیز گیند بازوں جَسْپریت بمراہ اور محمد سراج کے ساتھ گیند بازی کرنے سے انہیں صحیح لینتھ اور لائن سے گیند بازی کرنے میں مدد ملی ہے اور اب ان کا ہدف تمام فارمیٹ میں کھیلنا ہے۔
یہ بھی پڑھئے: فرینڈلی میچوں کیلئے ہندوستان کی ۲۶؍رکنی فٹبال ٹیم کا اعلان
گرنور نے اپنے بین الاقوامی کریئر کا اچھا آغاز کیا ہے۔ انہوں نے ۶؍ یکروزہ میچوں میں ۱۱؍وکٹیں حاصل کی ہیں ۔تاہم۲۶؍سالہ کھلاڑی کا ماننا ہے کہ افغانستان اور انگلینڈ کے خلاف ون ڈے سیریز کے دوران انہیں لائن اور لینتھ کے تعلق سے اہم معلومات ملیں جس سے انہیں کافی فائدہ ہو رہا ہے۔گُرنُور نےنامہ نگاروں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا’’رنجی ٹرافی اور انڈیا’ اے‘ کی طرف سے اچھے پرفارمنس کی وجہ سے میرا انتخاب ہندوستانی ٹیم میں ہوا۔ لیکن میں اپنی گیند بازی کی لینتھ، اس میں مستقل مزاجی برقرار رکھنے اور کس وکٹ پر کس بلے باز کو کیسی گیند بازی کرنی ہے، اس بارے میں مزید سیکھنا چاہتا تھا۔ یہی میرا ہدف تھا۔‘‘انہوں نے مزید کہا’’شروع سے میرا ایک ہی ہدف رہا ہے۔ مجھے اپنے جسم کو اس طرح تیار کرنا ہے کہ چاہے میں کتنے بھی اوور کروں، اس کا میرے جسم پر کوئی منفی اثر نہ پڑے اور میں اپنے کھیل سے بھرپور لطف اندوز ہوتا رہوں۔‘‘
یہ بھی پڑھئے: اوساکا نے سیدھے سیٹوں میں فتح کے ساتھ تیسرے یو ایس اوپن خطاب کی مہم شروع کر دی
ہندوستان کے ہیڈ کوچ گوتم گمبھیر، بولنگ کوچ مورنے مورکل اور بمراہ جیسے دیگر سینئر ساتھیوں کے ساتھ بات چیت نے انہیں اپنی صلاحیتوں کو نکھارنے میں مدد دی ہے۔گُرنُور نے کہا ’’مورنے سر اور گمبھیر سر کے ساتھ گفتگو کے بعد ایک گیند باز کے طور پر میں پہلے سے بہتر ہو گیا ہوں۔ ظاہر ہے کہ بوم (بمراہ) بھائی، سراج بھائی، اور پرسدھ (کرشنا) بھائی کو دیکھنے اور ان سے بات کرنے کے بعد مجھے نئی چیزیں سیکھنے کو ملیں۔جب آپ انہیں قریب سے گیند بازی کرتے ہوئے دیکھتے ہیں، جب آپ یہ مشاہدہ کرتے ہیں کہ وہ خود کو کیسے تیار کرتے ہیں اور بلے بازوں پر کس طرح حاوی ہونے کی کوشش کرتے ہیں، تو اس سے بہت کچھ سیکھنے کو ملتا ہے۔ میں بھی اپنے کریئر میں یہی کرنے کی کوشش کر رہا ہوں اور ایک ایسا گیند باز بننا چاہتا ہوں جو تمام فارمیٹ میں کھیلے۔‘‘
سینئر تیز گیند بازوں سے ملنے والے مشوروں کے بارے میں بات کرتے ہوئے گُرنُور نے کہا ’’انہوں نے مجھے مشورہ دیا کہ میں اپنی گیند بازی کے انداز میں تبدیلی نہ کروں، لیکن مجھے یہ معلوم ہونا چاہیے کہ کن حالات میں کیسی گیند بازی کرنی ہے۔ اس کے علاوہ انہوں نے کہا کہ میں اپنی رفتار اور لینتھ پر قائم رہوں اور زیادہ میچ کھیلنے سے میرا کھیل مزید بہتر ہوتا جائے گا۔‘‘