• Wed, 02 September, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

فرینڈلی میچوں کیلئے ہندوستان کی ۲۶؍رکنی فٹبال ٹیم کا اعلان

Updated: September 02, 2026, 1:10 PM IST | Agency | New Delhi

برازیل، یوروگوئے اور پناما کے خلاف دوستانہ مقابلوں کیلئے ہیڈ کوچ خالد جمیل کی منتخب ٹیم میںانور علی ، سہیل عبدالصمد اور رحیم علی بھی شامل۔

Players of the Indian football team will get the opportunity to play against world-class teams. Picture: INN
ہندوستانی فٹبال ٹیم کے کھلاڑیوں کو دنیا کی شاندار ٹیموں کے خلاف کھیلنے کا موقع ملے گا۔ تصویر: آئی این این

انڈین فٹ بال ٹیم کے ہیڈ کوچ خالد جمیل نے پناما، برازیل اور یوروگوئے کے خلاف ہونے والے انٹرنیشنل فرینڈلی میچوں کیلئے ۲۶؍ کھلاڑیوں پر مشتمل ٹیم کا انتخاب کیا ہے۔ میزبان ٹیم اپنے ۳؍ میچوں کی فٹ بال مہم کا آغاز ۲۶؍ستمبر کو بنگلور کے شری کانتیروا اسٹیڈیم میں پناما کے خلاف کرے گی۔

خالدجمیل کی ٹیم میں تجربہ کار گول کیپر گرپریت سنگھ سندھو، ڈیفینڈر انور علی اور آکاش مشرا  اور مڈ فیلڈر انیرودھ تھاپا اور سہیل عبدالصمد جیسے کھلاڑی شامل ہیں۔ ریان ولیمس، منویر سنگھ، رحیم علی، وکرم پرتاپ سنگھ، ایڈمنڈ لالرنڈیکا اور عرفان یدواڈ ۶؍ کھلاڑیوں پر مشتمل فارورڈ لائن کا حصہ ہیں۔ہندوستان ۱۴؍ ستمبر کو بنگلور میں اپنا تیاری کیمپ روع کرے گا اور پنام کے ساتھ میچ کے بعد ۲۸؍ستمبر کو کولکاتا جائے گا۔ جہاں ’بلیو ٹائیگرز۳؍اکتوبر کو وویکانند یوا بھارتی کریڈانگن میں ۵؍ بار کے فیفا ورلڈ کپ چمپئن برازیل کا سامنا کریں گے۔ اس کے ۳؍ دن بعد وہ اسی میدان پر ۲؍ بار کے ورلڈ چمپئن یوروگوئے سے ٹکرائیںگے۔ ہندوستان کے تینوں حریف اس سال کے کے آغاز میں فیفا ورلڈ کپ ۲۰۲۶ء میں کھیلے تھے اور فی الحال  ہندوستانی فٹبال ٹیم سے کافی بہتر رینکنگ پر ہیں۔

یہ بھی پڑھئے: ۸ء۷؍ فیصد کی معاشی شرح نمو کو ممکن بنانے والے۸؍ عوامل

فیفا مردوں کی تازہ ترین عالمی درجہ بندی میں برازیل پانچویں نمبر پر ہے جبکہ یوروگوئے ۲۰؍  ویں اور پناما ۴۴؍ ویں نمبر پر ہے۔ ہندوستان ۱۳۸؍ ویں نمبر پر ہے۔ کارلو اینسیلوٹی کی کوچنگ والی برازیل کی ٹیم فیفا ورلڈ کپ ۲۰۲۶ء میں اپنے گروپ میں ٹاپ پر رہی اور راؤنڈ آف ۳۲؍میں جاپان کو ہرایا، لیکن راؤنڈ آف ۱۶؍ میں ناروے سے دوایک سے ہار کر ان کی مہم ختم ہو گئی۔ وہیں، یوروگوئے اور پناما دونوں ہی گروپ اسٹیج سے باہر ہو گئے تھے۔ یوروگوئے گروپ’ ایچ‘ میں تیسرے نمبر پر رہا، اس نے سعودی عرب اور کیپ ورڈے کے ساتھ میچ ڈرا کھیلے اور آخر میں چمپئن بننے والی اسپین کی ٹیم سے شکست کا سامنا کیا۔

پناما اپنے گروپ’ ایل‘ کے تینوں میچ گھانا، کروشیا اور انگلینڈ سے ہار گیا۔ پناما اور برازیل کے ساتھ ہونے والے میچ، ہندوستان اور ان ممالک کی سینئر مرد ٹیموں کے درمیان پہلی بار ہونے والے مقابلے ہوں گے۔ تاہم ہندوستان کا سامنا پہلے یوروگوئے سے ایک بار ہو چکا ہے۔ دونوں ٹیمیں ۱۹۸۲ءمیں کولکاتا کے ایڈن گارڈنز میں نہرو کپ میں آمنے سامنے آئی تھیں، جس میں یوروگوئے ایک کے مقابلے ۳؍گول سے جیتا تھا۔ آنے والے انٹرنیشنل ونڈو کے لئے مہمان ٹیموں نے ابھی تک اپنے اسکواڈ کا اعلان نہیں کیا ہے۔

وہیں، یوروگوئے کی ٹیم سابق انٹرنیشنل کھلاڑی ڈیاگو فورلان کی نگرانی میں ایک نئے دور کا آغاز کرے گی، جنہیں اگست میں سینئر نیشنل ٹیم کا ہیڈ کوچ مقرر کیا گیا تھا۔

یہ بھی پڑھئے: جسپریت بمراہ کی واپسی، افغانستان کے خلاف ہندوستانی ٹیم کا اعلان

کھلاڑیوں کو قیمتی تجربہ حاصل ہوگا

ہندوستان کی قومی ٹیم کے ہیڈ کوچ خالد جمیل نے کہا’’ یہ ہمارے لئے ایک بہت ہی اہم ونڈو ہے، جس میں ایسی ٹیموں کے خلاف ۳؍ چیلنجنگ میچ ہیں جنہوں نے ورلڈ کپ کھیلا ہے۔ بنگلور میں پناما کا سامنا کرنے کے بعد کولکاتا میں برازیل اور یوروگوئے کے خلاف کھیلنا کھلاڑیوں کو بین الاقوامی سطح پر قیمتی تجربہ فراہم کرے گا۔ہم بنگلور کے کیمپ کو اچھے طریقے سے تیاری کے لئے استعمال کریں گے اور صحیح رویے اور شدت کے ساتھ ہر میچ میں اتریں گے اور مخالف ٹیم کا ڈٹ کر مقابلہ کریںگے۔‘‘

۲۶؍رکنی ہندوستانی ٹیم
گول کیپرز:البینو گومیز،گرپریت سنگھ سندھو،پربھ سکن سنگھ گل،سوم کمار۔ڈیفنڈرز:ابھیشیک سنگھ،آکاش مشرا،انور علی،بجوئے ورگیز،رالٹے،جے گپتا،پرم ویر،رکی میتی۔
مڈ فیلڈرز:انیردھ تھاپا،عاشق کرونیان،فاروق چودھری، لیلنگماویا،نکسن،محمد سنان،رکی شابونگ، سہل عبدالصمد۔ فارورڈز:ایڈمنڈ،عرفان،مانویر،رحیم علی،ریان ولیمز،وکرم۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK