Inquilab Logo Happiest Places to Work

ہاکی ورلڈ کپ: ہندوستان کیپُر اعتماد خاتون ٹیم جنوبی افریقہ سے مقابلہ کیلئے تیار

Updated: August 18, 2026, 1:13 PM IST | Agency | Amstelveen

چین کے خلاف ڈرا کھیل کر بلند حوصلہ ہندوستانی ٹیم اپنے دوسرے میچ میں بڑے فرق سے کامیابی حاصل کرنے کے ارادے سے اترےگی۔

Indian players are ready for the match against South Africa. Picture: INN
ہندوستانی کھلاڑی جنوبی افریقہ کیخلاف مقابلے کیلئے تیار ہیں۔ تصویر: آئی این این

چین کے ساتھ سخت مقابلے میں ۲۔۲؍سے ڈرا کھیلنے کے بعد اپنی پہلی جیت کی امید میں ہندوستانی خواتین ٹیم کل(منگل) ایف آئی ایچ ورلڈ کپ ہاکی ٹورنامنٹ میں اپنے دوسرے پول ’ڈی‘ میچ میں جنوبی افریقہ کا سامنا کرے گی۔ہندوستان نے چین کے خلاف اچھی شروعات کی، جس میں نونیت اور دیپیکا نے گول کر کے اپنی شاندار فارم جاری رکھی۔ حالانکہ چین نے ۲؍ بار واپسی کرتے ہوئے برابری کی لیکن ہندوستان کی منظم دفاعی لائن  اور لڑنے کے جذبے نے انہیں ٹورنامنٹ کی اہم ٹیموں میں سے ایک کے خلاف ایک اہم پوائنٹ دلانے میں مدد کی۔ اس نتیجے سے جنوبی افریقہ کے خلاف ہونے والے میچ سے پہلے ہندوستان کا اعتماد بڑھے گا، ساتھ ہی یہ بھی پتہ چلے گا کہ اپنے مثبت  فارم کو ۳؍ پوائنٹس میں بدلنا کتنا ضروری ہے۔

یہ بھی پڑھئے:سُتھار اور جڈیجا نے سری لنکا کو ۲۸۴؍ رنز پر سمیٹا، ہندوستان کو ۱۷۸؍ رنز کی برتری

وہیں جنوبی افریقہ اپنے پہلے میچ میں انگلینڈ سے ۴۔صفرسے ہارنے کے بعد واپسی کرنے کیلئے بے تاب ہو گا۔ انگلینڈ ابھی پول میں سب سے آگے ہے جبکہ ہندوستان اور چین  ڈرا کھیلنے کے بعد پوائنٹس کے معاملے میں دوسرے نمبر پر ہیں۔ ٹورنامنٹ کے پہلے مرحلے سے ہر پول کی سرفہرست ۲؍ ٹیمیں آگے بڑھیں گی اور سیمی فائنل کی دوڑ میں بنی رہیں گی، اس لئے ہر پوائنٹ بہت اہم ہو جاتا ہے۔ اس لئے ہندوستان اس مقابلے میں یہ جانتے ہوئے اترے گا کہ جیت سے ان کی کوالیفکیشن کی امیدوں کو بڑا بڑھاوا مل سکتا ہے۔

ہندستانی ٹیم کے ہیڈ کوچ ماریجنے نے کہا’’ہم کیلیو لیشن یا اس بات پر توجہ نہیں دے رہے ہیں کہ کون کس کے خلاف جیت رہا ہے۔ ہمارے لئے خود پر اور اپنی صلاحیتوں پر توجہ دینا سب سے ضروری ہے۔ ہم نے (چین کے خلاف) مواقع بنائیں۔ یہ بہت مثبت بات تھی۔ مجھے لگتا ہے کہ ڈفینس کے معاملے میں ہم بہت مضبوط تھے۔ ہمیں ڈبل ٹرن اوور پر کام کرنے کی ضرورت ہے۔  گیند کو اپنے پاس رکھنا  ایسی چیز ہے جسے ہم بہتر کر سکتے ہیں۔‘‘انہوں نے مزید کہا’’اب ہمارا سامنا جنوبی افریقہ سے ہے اور میں نے لڑکیوں سے کہا ہے کہ وہ کسی قسم کی کوتاہی نہ برتیں۔ جنوبی افریقہ بھی ایک اچھی ٹیم ہے، اس لئے ہمیں پوری طرح تیار رہنا ہو گا۔‘‘

یہ بھی پڑھئے:بیڈمنٹن ورلڈ چیمپئن شپ: ٹریسا-گایتری کی ہسپانوی جوڑی کے خلاف آسان فتح

ہندوستان کے لئے چیلنج یہ ہو گا کہ وہ چین کے خلاف دکھائی گئی شدت اور ضبط کو برقرار رکھیں اور زیادہ درست کھیل پیش کریں۔ ٹورنامنٹ کی شروعات میں نونیت اور دیپیکا کی فارم اعتماد کا بڑا ذریعہ ہو گی جبکہ دباؤ جھیلنے کی ٹیم کی صلاحیت کا پھر سے امتحان لیا جائے گا۔ دوسری طرف جنوبی افریقہ اپنی شروعاتی ہار کے بعد مضبوط واپسی کرنے کے لئے پوری طرح تیار ہو گا۔ ہندوستان کو ایک ایسی ٹیم سے سخت مقابلے کی امید کرنی چاہیے جس کے پاس داؤ پر لگانے کے لئے بہت کچھ ہے۔

ہندوستانی ٹیم چین کے خلاف دکھائے گئے بھروسے اور جیتنے کی زبردست خواہش سے اعتماد حاصل کرے گی۔ اب، اس ورلڈ کپ میں اپنی پہلی جیت پر نظررکھتے ہوئے، ہندوستان  اسی بنیاد کو آگے بڑھانا چاہے گا، ۳؍ اہم پوائنٹس حاصل کرنا چاہے گا اور سخت مقابلے والے پول ’ڈی‘ میں اپنی پوزیشن مضبوط کرنا چاہے گا۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK