Inquilab Logo Happiest Places to Work

حیدرآباد نے ممبئی کو ۶؍ وکٹوں سے شکست دی

Updated: April 30, 2026, 4:00 PM IST | Mumbai

انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) ۲۰۲۶ء کے ۴۱؍ویں مقابلے میں سن رائزرز حیدرآباد نے ممبئی انڈینس کو ۶؍ وکٹوں سے ہرا دیا۔ ممبئی انڈینس کو آئی پی ایل کے موجودہ سیزن میں چھٹی شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے۔

Klassen.Photo:X
کلاسین۔ تصویر:ایکس

انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل)  ۲۰۲۶ء کے ۴۱؍ویں مقابلے میں بدھ کے روز سن رائزرز حیدرآباد نے ممبئی انڈینس کو ۶؍ وکٹوں سے ہرا دیا۔ ممبئی انڈینس کو آئی پی ایل کے موجودہ سیزن میں چھٹی شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے۔ وانکھیڈے اسٹیڈیم میں حیدرآباد نے۲۴۴؍ رنز کا ہدف۴ء۱۸؍ اوورز میں ۴؍ وکٹ کھو کر حاصل کر لیا۔ اس سے قبل ممبئی نے ٹاس جیت کر پہلے بلے بازی کرتے ہوئے مقررہ ۲۰؍ اوورز میں ۵؍ وکٹ پر ۲۴۳؍ رنز بنائے تھے۔ ممبئی کی جانب سے راین رکلٹن کی شاندار سنچری کے باوجود گیند باز اس بڑے اسکور کا دفاع کرنے میں ناکام رہے، جس کے نتیجے میں ممبئی کو اس سیزن کی چھٹی ہار کا منہ دیکھنا پڑا۔
۲۴۴؍ رنز کے بڑے ہدف کا تعاقب کرنے اتری سن رائزرز حیدرآباد کو ٹریوس ہیڈ اور ابھیشیک شرما نے شاندار شروعات فراہم کی۔ دونوں بلے بازوں نے جارحانہ انداز اپناتے ہوئے پہلے وکٹ کے لیے ۱۲۹؍ رنز جوڑے۔ نویں اوور میں ایم غضنفر نے ابھیشیک شرما کو آؤٹ کر کے اس شراکت کو توڑ دیا۔ ابھیشیک شرما نے ۲۴؍ گیندوں پر ۳؍ چوکوں اور چار چھکوں کی مدد سے ۴۵؍ رنز بنائے۔ اسی اوور کی اگلی ہی گیند پر غضنفر نے ایشان کشن (صفر) کو بھی پویلین بھیج دیا۔ اگلے اوور میں ہاردک پانڈیا نے ٹریوس ہیڈ کو آؤٹ کر کے ممبئی کی میچ میں واپسی کرانے کی کوشش کی، لیکن ممبئی اس کا فائدہ اٹھانے میں ناکام رہی۔ ٹریوس ہیڈ نے ۳۰؍ گیندوں میں چار چوکے اور آٹھ چھکے اڑاتے ہوئے ۷۶؍ رنز کی اننگز کھیلی۔


۱۷؍ویں اوور میں نتیش کمار ریڈی ۱۷؍ گیندوں میں۲۱؍ رنز بنا کر چوتھی وکٹ کے طور پر آؤٹ ہوئے۔ سن رائزرز حیدرآباد نے۴ء۱۸؍ اوورز میں ۴؍ وکٹ پر۲۴۹؍ رنز بنا کر مقابلہ چھ وکٹوں سے اپنے نام کر لیا۔ سلیل اروڑہ نے ہاردک کی گیند پر فاتحانہ چھکا لگایا۔ ہینرک کلاسین نے ۳۰؍ گیندوں میں سات چوکوں اور چار چھکوں کی مدد سے ۶۵؍ رنز کی ناٹ آوٹ اننگز کھیلی، جبکہ سلیل اروڑہ نے ۱۰؍ گیندوں میں دو چوکوں اور تین چھکوں کی مدد سے ناقابلِ شکست ۳۰؍ رنز بنائے۔ ممبئی انڈینس کے لیے ایم غضنفر نے دو وکٹیں حاصل کیں۔ ہاردک پانڈیا اور ٹرینٹ بولٹ نے ایک ایک بلے باز کو آؤٹ کیا۔

یہ بھی پڑھئے:لبنان میں جاری تنازع کےباعث ۱۲ لاکھ سےزائد افراد شدید بھوک کا سامنا کررہے ہیں: اقوامِ متحدہ کی رپورٹ


اس سے قبل، آج یہاں راین ریکلٹن (ناٹ آؤٹ ۱۲۳)، ول جیکس (۴۶) اور ہاردک پانڈیا (۳۱) کی طوفانی بلے بازی کے دم پر ممبئی انڈینس نے سن رائزرز حیدرآباد کے خلاف پانچ وکٹ پر۲۴۳؍ رنز کا ہمالیائی اسکور بنایا تھا۔ ممبئی انڈینس نے ٹاس جیت کر پہلے بلے بازی کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔ ممبئی کے لیے ول جیکس اور راین ریکلٹن کی سلامی جوڑی نے پہلی وکٹ کے لیے ۹۳؍ رنز جوڑ کر ٹیم کو اچھی شروعات دی۔ آٹھویں اوور میں نتیش کمار ریڈی نے ول جیکس کو آؤٹ کر کے اس شراکت کا خاتمہ کیا۔ ول جیکس نے۲۲؍ گیندوں میں پانچ چوکے اور تین چھکے لگاتے ہوئے ۴۶؍ رنز بنائے۔ اگلے ہی اوور میں ایشان ملنگا نے سوریا کمار یادو (پانچ) کو اپنا شکار بنایا۔ نمن دھیر نے ۱۷؍ گیندوں میں تین چوکوں کی مدد سے ۲۲؍ رنز بنائے۔ انہیں پرفل ہنگے نے آؤٹ کیا۔ اسی دوران راین ریکلٹن نے صرف ۴۴؍ گیندوں میں اپنی سنچری مکمل کی، جو ممبئی انڈینس کی جانب سے بنائی گئی تیز ترین سنچری ہے۔

یہ بھی پڑھئے:’’دِرِیشیم۳‘‘: موہن لال اور اجے دیوگن ، دونوں میں مالدار کون !


۱۹؍ویں اوور کی پہلی ہی گیند پر ثاقب حسین نے ہاردک پانڈیا کو آؤٹ کیا۔ ہاردک نے ۱۵؍ گیندوں میں دو چوکوں اور دو چھکوں کی مدد سے ۳۱؍ رنز بنائے۔ آخری اوور میں تلک ورما (سات) ہنگے کا شکار بنے۔ ممبئی انڈینس نے مقررہ ۲۰؍اوورز میں پانچ وکٹ پر ۲۴۳؍ رنز بنائے۔ راین ریکلٹن نے۵۵؍ گیندوں میں ۱۰؍ چوکے اور آٹھ چھکے لگاتے ہوئے ۱۲۳؍ رنز کی ناٹ آؤٹ اننگز کھیلی۔ سن رائزرز حیدرآباد کے لیے پرفل ہنگے نے دو وکٹیں حاصل کیں۔ ایشان ملنگا، ثاقب حسین اور نتیش کمار ریڈی نے ایک ایک بلے باز کو آؤٹ کیا۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK