ہندوستان کیخلاف انگلینڈ کی جیت میں ۹۹؍رنوں کی ناٹ آؤٹ اننگز کھیلنے والے جو روٹ نے اہم رول ادا کیا۔
EPAPER
Updated: July 18, 2026, 11:59 AM IST | Cardiff
ہندوستان کیخلاف انگلینڈ کی جیت میں ۹۹؍رنوں کی ناٹ آؤٹ اننگز کھیلنے والے جو روٹ نے اہم رول ادا کیا۔
دوسرے یک روزہ مقابلے میں ہندوستان کو ۴؍ وکٹوں سے شکست دینے میں اہم تعاون دینے والے انگلینڈ کے بلے باز جو روٹ نے کہا ہے کہ ٹیم کو جیت دلانے سے بہتر کوئی احساس نہیں ہے۔میچ کے بعد صحافیوں سے بات چیت میں روٹ نے بتایا ہے کہ انہوں نے گس اٹکنسن سے ان کے ۹۹؍ پر ناٹ آؤٹ رہ جانے کی فکر نہ کرنے اور انگلینڈ کو میچ جتانے کے لئے کہا تھا۔ ون ڈے میں اپنا ۶۷؍ واں ۵۰؍ سے زیادہ کا اسکور بنانے والے روٹ اپنی ۲۱؍ ویں سنچری بنانے سے بالکل تیار دکھ رہے تھے۔
آخری ۸؍ اوور میں ٹیم کو ۱۲؍ رن چاہیے تھے اور روٹ اس وقت ۹۷؍ پر تھے۔ ۴۵؍ویں اوور کی شروعات میں روٹ نان اسٹرائیکر اینڈ پر تھے۔ ہندوستان نے سارے کھلاڑیوں کو اندر بلا لیا تھا اور اوور کی شروعات وائڈ کے ساتھ ہوئی تھی۔ اس کے بعد روٹ نے جا کر اٹکنسن سے کچھ کہا۔ ۳؍ رنوں کی ضرورت ہونے پر اٹکنسن نے اگلی گیند کو پل کرتے ہوئے چوکا مار دیا اور انگلینڈ کو ۳۵؍ گیندیں باقی رہتے کامیابی دلا دی ۔
یہ بھی پڑھئے: کیا لارڈز روہت شرما کے ون ڈے کریئر کا آخری باب ثابت ہوگا؟
روٹ نے کہا’’میں نے اٹکنسن سے کہا کہ بس میچ ختم کرو۔ اگر ہندوستان اس طرح کی فیلڈنگ لگا کر ہمیں میچ جیتنے کا موقع دینا چاہتا ہے، تو ہمیں اس کا فائدہ اٹھانا چاہیے۔ سب کچھ میچ جیتنے کے بارے میں ہے،اور کرکٹ میں رنوں کا تعاقب کرتے ہوئے آخر تک کریز پر ٹکے رہنے اور ٹیم کو جیت دلانے سے بہتر کوئی اور احساس نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ مجھے تو یہ بھی یاد نہیں کہ میں اس سے پہلے کبھی ۹۹؍ رنوں پر ناٹ آؤٹ رہا ہوں یا نہیں۔
ہندستانی ٹیم کے کپتان شبھ من گل سے بی بی سی ٹیسٹ میچ اسپیشل میں بات چیت میں جب پوچھا گیا کہ روٹ کی صورتحال میں ہونے پر انہیں کیسا لگتا تو انہوں نے کہا’’اگر میں روٹ کی جگہ ہوتا، تو شاید ۴۳؍ ویں اوور میں وہ سنگل نہیں لیتا۔‘‘ حالانکہ خود روٹ کو اپنی سنچری سے محروم رہنے کا ذرا بھی افسوس نہیں تھا۔ اس اننگز کے بعد، روٹ ون ڈے کرکٹ میں ۹۹؍ رن پر ناٹ آؤٹ رہنے والے انگلینڈ کے پہلے کھلاڑی بن گئے۔ وہیں بین الاقوامی سطح پر تمام فارمیٹ کو ملا کر وہ ایسا کرنے والے چھٹے انگریز بلے باز ہیں۔ مردوں کے ون ڈے تاریخ کی بات کریں تو۹۹؍رنوں پر ناٹ آؤٹ رہنے والے وہ دنیا کے ۱۷؍ ویں بلے باز بن گئے ہیں۔
یہ بھی پڑھئے: ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کے بعد بین اسٹوکس ڈرہم کیلئےکھیلیں گے
اسی میدان پر روٹ نے ۲۰۲۱ءمیں فرسٹ کلاس کرکٹ میں ۹۹؍رن بنائے تھے۔ روٹ نے آگے کہا’’اگر ہم ہار جاتے تو بہت برا لگتا۔ آخر کار آپ جیتنے کے لئے ہی کھیلتے ہیں اور اب ہمارے سامنے لارڈز میں سیریز جیتنے کا ہدف ہے۔ دنیا کی نمبر ایک ٹیم کو ہرانے کا یہ موقع واقعی کافی سنسنی خیز ہے۔ مجھے اس بات کی خوشی ہے کہ ہم نے جدوجہد کرتے ہوئے بھی جیت کا راستہ نکال لیا اور وہ بھی ایک ایسے طریقے سے جو شاید ہماری ٹیم کے کئی کھلاڑیوں کے کھیلنے کے اسٹائل یا ان کی عادت سے میل نہیں کھاتا ہے۔آنے والے بڑے مقابلوں کے لئے یہ جیت ہمیں بہترین طریقوں سے تیار کرتی ہے اور ۲۰۲۷ء ورلڈ کپ سے پہلے اس طرح کے بھاری دباؤ والے میچ کا تجربہ بہت کام آئے گا۔‘‘