Inquilab Logo Happiest Places to Work

بڑے مقابلوں میں دباؤ والے حالات مجھے پسند ہیں

Updated: June 16, 2026, 3:17 PM IST | Agency | Mumbai

دیپتی شرما کا کہنا ہے کہ انہیںآئی سی سی ٹورنامنٹ میں کھیلنا اچھا لگتا ہے۔

Indian Bowler Deepti Sharma (Right) Dismissed 5 Pakistani Players.Photo:INN
ہندوستانی گیندباز دیپتی شرما (دائیں)نے پاکستان کے ۵؍کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا- تصویر:آئی این این
پاکستان کیخلاف خواتین ٹی-۲۰؍ عالمی کپ میں میچ جتوانے والی کارکردگی پیش کرنے والی ہندوستان کی تجربہ کار آل راؤنڈر دیپتی شرما کا کہنا ہے کہ انہیں آئی سی سی ٹورنامنٹ کا دباؤ  پسند ہے۔دیپتی نے آسٹریلیا، جنوبی افریقہ اور انگلینڈ کے خلاف مایوس کن سیریز کے بعد شاندار واپسی کرتے ہوئے اپنے کریئر کی بہترین گیند بازی (۱۰رن پر ۵؍وکٹ) کی بدولت پاکستان کو شکست دینے میں اہم کردار ادا کیا۔
 
 
 
میچ کے بعد پریس کانفرنس میں دیپتی نے کہا کہ’’ مجھے دباؤ والے حالات اور آئی سی سی ٹورنامنٹ پسند ہیں۔ مجھے لگتا ہے کہ میں نے وہیں سے دوبارہ آغاز کیا ہے جہاں سے ختم کیا تھا، اس لئے بہت اچھا محسوس ہو رہا ہے۔ میں اپنی تیاری اور عمل پر توجہ دے رہی ہوں۔ جو چیزیں میں پریکٹس میں کرتی ہوں، وہی میچ میں بھی نافذ کرنے کی کوشش کرتی ہوں۔ یہی چیزیں میری مدد کرتی ہیں اور مجھے مسلسل بہتری کی طرف لے جاتی ہیں۔‘‘
واضح رہے کہ ۲۸؍ سالہ دیپتی شرما اس ہندوستانی ٹیم کا بھی حصہ تھیں جو ۲۰۱۷ء میں انگلینڈ میں ہونے والے ون ڈے ورلڈ کپ کے فائنل تک پہنچی تھی۔ اپنے سفر کے بارے میں بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ نوجوان دیپتی اور موجودہ دیپتی میں بہت فرق آ چکا ہے۔ میں نے اس ورلڈ کپ سے بہت کچھ سیکھا تھا اور آج بھی ہر میچ سے کچھ نہ کچھ سیکھتی ہوں۔
 
 
 ریچا گھوش کا ایک خاص کردار ہے : ہرمن پریت 
ہندوستانی خواتین کرکٹ ٹیم کی کپتان ہرمن پریت کور نے وکٹ کیپر بلے باز ریچا گھوش کی تعریف کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر ان کے بس میں ہوتا تو وہ ریچا گھوش کو پہلی ہی گیند سے بلے بازی کیلئے میدان میں بھیج دیتیں، تاہم ٹیم میں ان کا ایک مخصوص کردار ہے اور وہ اسے بخوبی نبھا رہی ہیں۔خواتین ٹی-۲۰؍ورلڈ کپ کے اپنے پہلے میچ میں پاکستان کو ۶۴؍ رنوں سے شکست دینے کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے ہندوستانی کپتان نے ان خیالات کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا’’میں اس جیت سے بے حد خوش ہوں اور سب سے پہلے ہندوستانی شائقین کا شکریہ ادا کرنا چاہتی ہوں۔ اسمرتی مندھانا اور دیپتی شرما دونوں نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ کرکٹ میں کیچ پکڑنا انتہائی اہم ہوتا ہے۔ ہم نے جس طرح کی فیلڈنگ کی اور مجموعی طور پر جیسا کھیل پیش کیا، میں اس سے مطمئن ہوں۔ ہمارے لئےہر میچ اہم ہے اور اس بڑی جیت سے ہمیں آگے کے سفر میں مدد ملے گی۔‘‘

 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK