• Thu, 04 December, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

نمبر ۴؍ پر بلے بازی کے لیے میں شروع سے ہی پُراعتماد تھا : رتوراج گائیکواڑ

Updated: December 04, 2025, 5:03 PM IST | Raipur

جنوبی افریقہ کے خلاف دوسرے ون ڈے میں اپنی پہلی سنچری بنانے والے رتوراج گائیکواڑ نے بتایا کہ اگرچہ انہوں نے ۵۰؍ اوور کے کرکٹ میں کبھی بھی نمبر ۴؍ پر بلے بازی نہیں کی، پھر بھی وہ پُراعتماد تھے کہ وہ اس مقام پر خود کو ڈھال لیں گے۔

Ruturaj Gaikwad.Photo:INN
رتوراج گائیکواڑ۔ تصویر:پی ٹی آئی

جنوبی افریقہ کے خلاف دوسرے ون ڈے میں اپنی پہلی سنچری بنانے والے رتوراج گائیکواڑ نے بتایا کہ اگرچہ انہوں نے ۵۰؍ اوور کے کرکٹ میں کبھی بھی نمبر ۴؍ پر بلے بازی نہیں کی، پھر بھی وہ پُراعتماد تھے کہ وہ اس مقام پر خود کو ڈھال لیں گے۔ جنوبی افریقہ کے خلاف سیریز سے قبل لسٹ اے کی ۸۶؍ اننگز میں گائیکواڑ نے کبھی بھی نمبر ۳؍ سے نیچے بلے بازی نہیں کی تھی۔
 رانچی میں ۱۴؍ گیندوں پر صرف ۸؍رنز بنا کر آؤٹ ہونے کے بعد، رائے پور میں دوسرے ون ڈے کے دوران بدھ کو گائیکواڑ نے ۸۳؍ گیندوں پر۱۰۵؍ رنز کی شاندار سنچری اسکور کی اور بتایا کہ یہ ان کے ہر فارمیٹ میں اب تک کی بہترین اننگز ہے۔ میچ کے بعد گائیکواڑ نے کہا کہ ٹیم مینجمنٹ  نے مجھے بتایا تھا کہ میں نمبر۴؍ پر ہی بیٹنگ کرنے والا ہوں۔ ایک سلامی بلے باز ہونے کے باوجود انتظامیہ کا اس طرح مجھ پر اعتماد دکھانا میرے لیے بہت بڑی خوش قسمتی ہے۔ 
گائیکواڑنے مزید کہاکہ ون ڈے فارمیٹ میں اگر میں اوپننگ کے لیے بھی آتا ہوں تو میری کوشش ہوتی ہے کہ میں ۴۵؍ویں اوور تک وکٹ پر ٹکا رہوں۔ اس لیے مجھے پتہ ہے کہ۱۱؍ سے ۴۰؍ اوور کے درمیان کیسے کھیلنا ہے، اسٹرائیک کیسے گھمانا ہے  اور باؤنڈری کے کیا آپشن ہیں۔ اسی لیے مجھے یقین تھا کہ میں اپنی اننگز کو آگے کیسے لے جاؤں گا۔ مجھے صرف شروع کی ۱۰۔۱۵؍ گیندیں دیکھنی تھیں کہ میں کس طرح کھیل رہا ہوں، اس کے بعد سب کچھ فطری طور پر ہوتا گیا۔ میں کافی محنت کر رہا ہوں اور میری کوشش یہی تھی کہ اگر میں وکٹ پر ٹکا رہوں تو ایک لمبی اننگز کھیلوں۔
گائیکواڑ نے کوہلی کے ساتھ ۱۹۵؍ رنز کی شراکت قائم کی، جنہوں نے مسلسل دوسرے میچ میں سنچری لگائی۔ اس شراکت کے بارے میں پوچھے جانے پر گائیکواڑ نے کہا کہ یہ ایک خواب جیسا لمحہ تھا۔ انہوں نے کہاکہ میں پچھلے ایک ہفتے سے انہیں دیکھ رہا ہوں۔ جتنے بھی پریکٹس سیشن ہوئے، وہ سب میں لاجواب بیٹنگ کر رہے تھے۔ جس طرح وہ میچ میں اپنی اننگز کو بناتے ہیں، وہ قابل تعریف ہے۔ اس میچ میں بھی مجھے بہت مزہ آیا۔ میں اپنے زون میں رہنا چاہتا تھا اور یہ نہیں سوچ رہا تھا کہ وہ کس طرح بیٹنگ کر رہے ہیں۔

یہ بھی پڑھئے:جرمنی ویمنزیورو۲۰۲۹ء کی میزبانی کرے گا

انہوں نے مزیدکہا کہ ہمارے درمیان گفتگو کافی واضح تھی۔ ہم نے ۵۔۵، ۱۰۔۱۰؍رنز کے ٹارگٹ طے کیے تھے، کیسے گیپ نکال کر باؤنڈری لینی ہے، اسٹرائیک کیسے گھمانا ہے، ان سب چیزوں پر بات ہوئی تھی۔ میرے خیال میں ہماری وکٹوں کے درمیان دوڑ بہت اچھی تھی۔ آپ ایسے لمحوں کے بارے میں خواب دیکھتے ہیں، اور ایسی شراکت قائم کر کے مجھے بہت اچھا لگا۔

یہ بھی پڑھئے:اکشے کمار کی بھانجی سمرفلم’ اکیس‘ سے بالی ووڈ میں قدم رکھیں گی

اس سیریز سے پہلے گائیکواڑ نے ۲۰۲۳ء میں ہندوستان کے لیے آخری ون ڈے کھیلا تھا۔ اس کے بعد روہت شرما اور شبھ من گل کے مستقل اوپننگ کرنے کی وجہ سے گائیکواڑ پیچھے رہ گئے۔ اس کے علاوہ یشسوی جیسوال کو بھی ان پر ترجیح دی گئی۔ اس سیریز میں انہیں شریس ایّر کے زخمی ہونے کی وجہ سے موقع ملا۔ اس چیلنج کو وہ کیسے دیکھتے ہیں؟ انہوں نے کہاکہ میرے خیال سے آپ جتنی کم ان باتوں کے بارے میں سوچیں گے، اتنا بہتر ہے کیونکہ اگر آپ ایسا کریں گے تو آنے والے میچوں پر پوری طرح توجہ مرکوز نہیں  کر پائیں گے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK