• Mon, 03 November, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

ہندوستان نے آسٹریلیا کو سنسنی خیز مقابلے میں شکست دے دی

Updated: November 02, 2025, 8:11 PM IST | Hobart

واشنگٹن سندر (ناٹ آؤٹ ۴۹؍رن) کی شاندار اننگز کی بدولت ہندوستان نے اتوار کو تیسرے ٹی ۲۰؍ میں آسٹریلیا کو پانچ وکٹوں سے شکست دے کر پانچ میچوں کی سیریز ۱۔۱؍ سے برابر کر دی۔

Washinton Sundar.photo:INN
واشنگٹن سندر۔ تصویر:آئی این این

   واشنگٹن سندر (ناٹ آؤٹ ۴۹؍رن) کی شاندار اننگز کی بدولت ہندوستان نے اتوار کو تیسرے ٹی ۲۰؍ میں آسٹریلیا کو پانچ وکٹوں سے شکست دے کر پانچ میچوں کی سیریز ۱۔۱؍ سے برابر کر دی۔  آسٹریلیا کے  ۱۸۶؍رن  کے جواب میں ہندوستان نے۳ء۱۸؍ اوور میں ۵؍ وکٹ پر ۱۸۸؍ رنز بنا کر میچ جیت لیا۔ سندر کی میچ  وننگ اننگ ۲۳؍گیندوں پر  ناٹ آؤٹ  ۴۹؍ رنز میں تین چوکے اور چار چھکے شامل تھے۔ جیتیش شرما نے صرف ۱۳؍ گیندوں پر تین چوکوں سمیت  ناٹ آؤٹ ۲۳؍ رنز کے ساتھ ان کا بھرپور ساتھ دیا۔جیتیش نے ہندوستان کے لیے  جیت کا چوکا لگایا۔ 

مشکل ہدف کے تعاقب میں  ہندوستان  کی اوپننگ جوڑی ابھیشیک شرما اور شبھ من گل نے پہلے وکٹ کے لیے۳۳؍ رنز جوڑے۔ ہندوستان کا پہلا وکٹ چوتھے اوور میں گرا جب ابھیشیک شرما (۲۵) ۱۶؍ گیندوں پر آؤٹ ہوئے۔ انہوں نے اپنی اننگز میں دو چھکے اور دو چوکے لگائے۔ انہیں نیتھن ایلس نے آؤٹ کیا۔ ایلس نے چھٹے اوور میں شبھ من گل (۱۵) کو بھی آؤٹ کیا۔ کپتان سوریہ کمار یادو اور تلک ورما نے پھر تیزی سے رن بناتے ہوئے اننگز کو مستحکم کرنے کی کوشش کی۔ مارکس اسٹونیس نے آٹھویں اوور میں سوریہ کمار یادو کو آؤٹ کرکے ہندوستان کی تیسرا وکٹ حاصل کیا۔ سوریہ کمار یادو نے ۱۱؍گیندوں پر دو چھکے اور ایک چوکا لگا کر ۲۴؍ رنز بنائے۔ اکشر پٹیل ۱۲؍ گیندوں پر۱۷؍ رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔
 اکشر پٹیل  کے آؤٹ ہونے کے بعد  سندر نے تلک ورما کے ساتھ پانچویں وکٹ کے لیے ۳۴؍ رنز جوڑے۔ تلک ورما۲۶؍ گیندوں پر ایک چوکا اور ایک چھکا لگا کر ۲۹؍رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ تاہم پھر سندرنے جیتیش کے ساتھ مل کر ہندوستان کو فتح ککی منزل تک لے گئے۔ آسٹریلیا کی جانب سے نیتھن ایلس نے ۳۶؍ رنز کے عوض ۳؍ وکٹ حاصل کئے۔ مارکس اسٹوئنس اور زیویئر بارٹلیٹ نے ایک ایک بلے باز کو آؤٹ کیا۔ آسٹریلیا کی اننگز میں تین وکٹ لینے والے عرشدیپ سنگھ کو پلیئر آف دی میچ کا ایوارڈ ملا۔ 
اس سے قبل ٹم ڈیوڈ (۷۴) اور مارکس اسٹونیس (۶۴) کی نصف سنچریوں کی بدولت آسٹریلیا نے ۱۸۶؍ رن بنائے تھے۔ ہندوستان نے ٹاس جیت کر پہلے گیند بازی کا فیصلہ کیا۔ آسٹریلیا کی شروعات خراب رہی، ۱۴؍ رنز پر دو وکٹ گرگئے۔  ٹریوس ہیڈ (۶) اور جوش انگلس کو ایک ایک رن پر عرشدیپ سنگھ نے آؤٹ کیا۔  بیٹنگ کے لیے آئے ٹم ڈیوڈ نے کپتان مچل مارش کے ساتھ مل کر اننگز کو مستحکم کیا اور تیزی سے رنز بنائے۔ دونوں بلے بازوں نے تیسرے وکٹ کے لیے ۵۹؍ رنز جوڑے۔ ورون چکرورتی نے نویں اوور میں مچل مارش (۱۱) کو آؤٹ کر کے شراکت کا خاتمہ کیا۔ ورون نے اسی اوور میں مچل اوون (صفر) کو بھی آؤٹ کیا۔

یہ بھی پڑھئے:پاکستان نے جنوبی افریقہ کو فیصلہ کن ٹی ۲۰؍میچ میں شکست دے کر سیریز پر قبضہ کرلیا  

اگلے بلے بازی کے لیے آنے والے مارکس اسٹونیس نے ٹم ڈیوڈ کے ساتھ شاندار اننگز کھیلی، جس سے ٹیم کا اسکور۱۱۸؍رن تک پہنچا۔ اسی دوران شیوم دوبے نے ٹم ڈیوڈ کو تلک ورما کے ہاتھوں کیچ کروا کر ہندوستان کو پانچویں وکٹ دلائی۔ ٹم ڈیوڈ نے ۳۸؍ گیندوں پر پانچ چھکوں اور آٹھ چوکوں کی مدد سے ۷۴؍رنز بنائے۔ عرشدیپ سنگھ نے۲۰؍ویں اوور میں مارکس اسٹونیس کو آؤٹ کر کے اپنا تیسرا وکٹ حاصل کیا۔ مارکس اسٹونیس نے ۳۹؍ گیندوں میں آٹھ چوکے اور دو چھکے لگائے۔ آسٹریلیا نے مقررہ ۲۰؍ اوورز میں ۶؍ وکٹ پر ۱۸۶؍ رنز بنائے۔ میتھیو شارٹ ۲۶؍اور زیویئر بارٹلیٹ تین رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔ ہندوستان کی جانب سے عرشدیپ سنگھ نے تین وکٹ حاصل کئے۔ ورون چکرورتی نے دو وکٹ حاصل کئے۔ شیوم دوبے نے ایک بلے باز کو آؤٹ کیا۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK