• Mon, 03 November, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

پاکستان نے جنوبی افریقہ کو فیصلہ کن ٹی ۲۰؍میچ میں شکست دے کر سیریز پر قبضہ کرلیا

Updated: November 02, 2025, 7:16 PM IST | Lahore

پاکستان نے جنوبی افریقہ کو آخری اور فیصلہ کن ٹی ۲۰؍ انٹرنیشنل کرکٹ میچ میں ۴؍وکٹوں سے شکست دے کر تین میچوں کی سیریز ۱۔۲؍ سے جیت لی، پاکستان نے۱۴۰؍ رنز کا ہدف ۱۹؍ اوورز میں ۶؍ وکٹوں کے نقصان پر حاصل کیا۔

Pakistan Players.Photo:INN
پاکستانی پلیئرس۔ تصویر:آئی این این

پاکستان نے جنوبی افریقہ کو آخری اور فیصلہ کن ٹی ۲۰؍ انٹرنیشنل کرکٹ میچ میں ۴؍وکٹوں سے شکست دے کر تین میچوں کی سیریز ۱۔۲؍ سے جیت لی، پاکستان نے۱۴۰؍ رنز کا ہدف ۱۹؍ اوورز میں ۶؍ وکٹوں کے نقصان پر حاصل کیا، بابراعظم نے۶۸؍رنز کی شاندار اننگز کھیل کر ٹیم کو فتح دلوائی، بابراعظم میچ اور فہیم اشرف سیریز کے بہترین کھلاڑی قرار پائے۔ 

لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے جانے والے  آخری ٹی ۲۰؍میچ میں پاکستانی قائد سلمان علی آغا نے ٹاس جیت کر پہلے بو لنگ کا فیصلہ کیا جو درست ثابت ہوا، جنوبی افریقن ٹیم پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ اوورز میں ۱۳۹؍ رنز بنا کر آئوٹ ہو گئی، مہمان ٹیم کی اننگز کا آغاز انتہائی مایوس کن رہا اور پہلے ہی اوور میں شاہین شاہ آفریدی نے مسلسل دو گیندوں پر ڈی کوک اور پریٹوریس کو آئوٹ کر کے حریف ٹیم کی مضبوط بیٹنگ لائن اپ کی کمر توڑ دی جس کے بعد کوئی بھی کھلاڑی بڑی اننگز نہ کھیل سکا۔ڈی کوک اور پریٹوریس بغیر کوئی رن بنائے چلتے بنے۔ ہینڈرکس ۳۴، بریوز ۲۱،کپتان ڈونووان فریرا ۲۹؍رن ، اینڈائل ۱۳ ،لیزاد ولیمز ۵، میتھیو برٹزکے ایک ، جارج لینڈ صفر پر آئوٹ ہوئے، کاربن بوچ ۳۰؍ رنز بنا کر ناٹ آئوٹ رہے، شاہین آفریدی نے ۳، عثمان طارق اور فہیم اشرف نے ۲۔۲؍ جبکہ سلمان مرزا اور محمدنواز نے ایک، ایک وکٹ لیا۔ 
جواب میں پاکستانی ٹیم نے مطلوبہ ہدف ۱۹؍ اوورز میں ۶؍ وکٹوں کے نقصان پر پورا کیا، اوپنر صائم ایوب دوسرے ہی اوور میں بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹ گئے، اس کے بعد بابراعظم اور صاحبزادہ فرحان نے ٹیم کا اسکور۴۴؍رن  تک پہنچا دیا، یہاں پر فرحان ۱۹؍رنز بنا کر فریرا کی گیند کا نشانہ بنے، اس موقع پر بابراعظم نے کپتان سلمان علی آغا کے ساتھ مل کر ۷۶؍ قیمتی رنز جوڑ کر ٹیم کو فتح کے قریب پہنچا دیا، سلمان ۳۳؍ رنز بنا کر ولیمز کی گیند کا شکار بنے، ۱۲۵؍رن  کے مجموعی اسکور پر پاکستان کو چوتھا نقصان اٹھانا پڑا جب بابراعظم ۶۸؍ رنز کی عمدہ اننگز کھیلنے کے بعد بوچ کی گیند پر کیچ آئوٹ ہو گئے، حسن نواز ۵؍ اور محمد نواز صفر پر چلتے بنے، عثمان خان ۶؍ اور فہیم اشرف ۴؍ رنز بنا کر ناٹ آئوٹ رہے۔  کاربن بوچ اور ولیمز نے دو، دو فریرا اور اینڈائل نے ایک، ایک وکٹ لی۔ 

یہ بھی پڑھئے:انڈیا اے نے جنوبی افریقہ اے کو ۳؍ وکٹ سے شکست دے دی

پاکستان اور ساؤتھ افریقہ کی  ون ڈے سیریز کی تیاری
پاکستان ساؤتھ افریقہ ون ڈے سیریز،پاکستان اور ساؤتھ افریقہ کی ٹیمیں فیصل آباد پہنچ گئیں،کل پریکٹس کریں گی۔پی سی بی حکام نے بتایا کہ پاکستان ساؤتھ افریقہ ون ڈے سیریز کھیلنے کیلئے پاکستان اور ساؤتھ افریقہ کی ٹیمیں فیصل آباد پہنچ گئیں۔پی سی بی حکام نے بتایا کہ ساؤتھ افریقہ کی کرکٹ ٹیم کل بروز پیر سہ پہر ۲؍ بجے سے ۵؍ بجے تک قذافی اسٹیڈیم میں پریکٹس کرے گی۔ پاکستان کرکٹ ٹیم کل شام۶؍ بجے پریکٹس کرے گی۔ دونوں ٹیموں کے مابین پہلا ایک روزہ انٹرنیشنل میچ ۴؍نومبر بروز منگل کھیلا جائے گا۔ میچ ڈے اینڈ نائٹ مصنوعی روشنیوں میں کھیلا جائے گا۔  

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK