• Wed, 14 October, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

آئی سی سی پلیئر آف دی منتھ ایوارڈ پر ہندوستان کا قبضہ

Updated: October 14, 2026, 1:54 PM IST | Agency | New Delhi

شبھ من گل نے پانچویں جبکہ شیفالی ورما نے دوسری مرتبہ اعزاز حاصل کیا۔

Shubman Gill and Shafali Verma. Picture: INN
شبمن گل اور شفالی ورما۔ تصویر: آئی این این

ہندوستانی کرکٹ ٹیم کیلئے گزشتہ ماہ ایشیا کپ اور ایشین گیمز میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والی شیفالی ورما نے ستمبرکیلئے خواتین کا آئی سی سی پلیئر آف دی منتھ ایوارڈ جیت لیا ہے جبکہ ہندوستان کے کپتان شبھ من گل نے ویسٹ انڈیز کے خلاف ون ڈے سیریز میں شاندار کارکردگی کی بدولت ریکارڈ پانچویں مرتبہ آئی سی سی پلیئر آف دی منتھ کا ایوارڈ حاصل کیا ہے۔

شیفالی کیساتھ سری لنکا کی کپتان چامری اٹاپٹو اور ہندوستان کی بائیں ہاتھ کی اسپن گیندباز شری چَرنی بھی خواتین کے ایوارڈ کی دوڑ میں شامل تھیں۔ ورما، جنہوں نے گزشتہ سال نومبر میں جنوبی افریقہ کیخلاف ویمنز ون ڈے ورلڈ کپ کے فائنل میں میچ وننگ اننگز کھیلنے کے بعد یہ ایوارڈ جیتا تھا، بڑے مقابلوں میں شاندار کارکردگی کے بعد دوسری بار یہ اعزاز حاصل کرنے میں کامیاب رہی ہیں۔

جارح سلامی بلے باز شیفالی ہندوستان کے ایشیا کپ جیتنے کے دوران ٹیم کی سب سے زیادہ رن بنانے والی کھلاڑی تھیں۔انہوں نے۶۱ء۱۸۴؍کے اسٹرائیک ریٹ سے ۳۶۰؍رن بنائے اور اس دوران ۶؍ وکٹیں بھی حاصل کیں۔ ایشین گیمز میں انہوں نے سیمی فائنل میں بنگلہ دیش کے خلاف ناٹ آؤٹ ۱۰۰؍ رن اور فائنل میں سری لنکا کے خلاف ۴۸؍ رن بنائے۔

یہ بھی پڑھئے: رنجی ٹرافی: ممبئی نے چندی گڑھ کو اننگز اور۱۵۵؍رنوں سے روند ڈالا

دوسری جانب شبھ من گل نے ویسٹ انڈیز کی کپتان ہیلی میتھیوز کی برابری کرتے ہوئے مردوں میں ریکارڈ پانچویں مرتبہ یہ ایوارڈ حاصل کیا ہے۔ میتھیوز بھی ۵؍ مرتبہ آئی سی سی پلیئر آف دی منتھ رہ چکی ہیں۔ گل نے اس سے قبل جنوری اور ستمبر ۲۰۲۳ء اور فروری اور جولائی ۲۰۲۵ء میں یہ ایوارڈ جیتا تھا۔

ہندوستان کے ٹیسٹ اور ون ڈے کپتان نے ترواننت پورم میں ویسٹ انڈیز کے خلاف پہلے یکروزہ میچ میں ۱۱۰؍ رن بنائے تھے جس کی بدولت میزبان ٹیم نے۸؍ وکٹوں سے کامیابی حاصل کرکے سیریز میں ایک صفرکی برتری بنائی۔ اس کے بعد انہوں نے اپنی سب سے تیز ڈبل سنچری بنائی۔ گل نے ۱۳۳؍گیندوں پر ۲۲۳؍ رنوں کی اننگز کھیلی، جس کی بدولت ہندوستان نے ۴۰۶؍ رنوں کا بڑا ہدف ۸؍ وکٹ باقی رہتے حاصل کرلیا اور ۳۹؍گیندیں ابھی باقی تھیں۔

گل نے خوشی کا اظہار کیا

ایوارڈ ملنے پر شبھ من گل نے کہا’’اپنا پانچواں آئی سی سی پلیئر آف دی منتھ ایوارڈ جیت کر بہت اچھا محسوس ہو رہا ہے۔ رن بنانا انتہائی اطمینان بخش تھا اور گھریلو شائقین کے سامنے  رنوں کےکامیاب تعاقب کا حصہ بننا اسے مزید خاص بناتا ہے۔ ان کی حمایت سے ہمیں ہمیشہ اضافی حوصلہ ملتا ہے۔‘‘

انہوں نےمزید کہا’’اگلے سال جنوبی افریقہ میں  ورلڈ کپ کے پیش نظر ہم اپنے معیار کو بلند کرنے اور ایک مضبوط اور متوازن ٹیم تیار کرنے کیلئے پرعزم ہیں، جو آنے والے چیلنجز کا سامنا کرنے کی صلاحیت رکھتی ہو۔‘‘

 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK