Inquilab Logo Happiest Places to Work

ہندوستان نے ۳۷۲؍ رن کا ہدف دیا اور سری لنکا کے۴؍ وکٹ حاصل کرلیے

Updated: August 18, 2026, 10:03 PM IST | Galle

پہلے ٹیسٹ کے چوتھے دن ہندوستان نے سری لنکا کے سامنے ۳۷۲؍رنز کا ہدف رکھا۔ سری لنکا نے ہدف کے تعاقب میں دن کا کھیل ختم ہونے تک ۴؍ وکٹ پر ۸۴؍ رنز بنالیے تھے اور اسے آخری دن جیت کے لیے مزید ۲۸۸؍ رنز درکار ہیں جبکہ ہندوستان کو سیریز میں ۰۔۱؍ کی برتری حاصل کرنے کے لیے ۶؍ وکٹ درکار ہیں۔

Indian Team.Photo:X
ہندوستانی ٹیم۔ تصویر:ایکس

پہلے ٹیسٹ کے چوتھے دن ہندوستان نے سری لنکا کے سامنے ۳۷۲؍رنز کا ہدف رکھا۔ سری لنکا نے ہدف کے تعاقب میں دن کا کھیل ختم ہونے تک ۴؍ وکٹ پر ۸۴؍  رنز بنالیے تھے اور اسے آخری دن جیت کے لیے مزید ۲۸۸؍ رنز درکار ہیں  جبکہ ہندوستان کو سیریز میں ۰۔۱؍ کی برتری حاصل کرنے کے لیے ۶؍ وکٹ درکار ہیں۔ ہندوستان نے دوسری اننگز میں ۱۹۳؍ رنز بنائے۔ رشبھ پنت نے تیز رفتار ۶۶؍ رنز کی شاندار اننگز کھیلی، جبکہ سری لنکا کی جانب سے اسیتھا فرنانڈو نے ۴؍ وکٹیں حاصل کیں۔ کے ایل راہل نے۳۵؍ اور دیودت پڈیکل نے ۴۴؍ رنز بنائے اور دونوں نے دوسرے وکٹ کے لیے ۶۵؍رنز جوڑے۔


سری لنکا کی دوسری اننگز میں نشان فرنانڈو جلد آؤٹ ہوگئے، جبکہ کنکشن سبسٹی ٹیوٹ پَسیندو سوریابندارا اپنے ڈیبیو کی پہلی ہی گیند پر پویلین لوٹ گئے۔ کامندو مینڈس اور لہیرو اڈارا بھی زیادہ دیر نہ ٹک سکے۔ دھننجیا ڈی سلوا ۳۱؍ رنز پر ناٹ آؤٹ اور سونال دینوشا ۳۵؍ رنز پر ناٹ آؤٹ ہیں۔ ہندوستان کی جانب سے مانَو سوتھار نے ۲؍ جبکہ محمد سراج اور پرسدھ کرشنا نے ایک، ایک وکٹ حاصل کیا۔ خراب روشنی کے باعث امپائرز نے شام ۶؍بجے چوتھے دن کا کھیل ختم کرنے کا فیصلہ کیا۔ گالے میں کسی ٹیم نے اب تک چوتھی اننگز میں ۳۷۲؍ رنز کے ہدف کا کامیاب تعاقب نہیں کیا ہے، تاہم آخری دن بارش کی معمولی پیش گوئی کے باعث میچ کا اختتام دلچسپ ہونے کی توقع ہے۔

یہ بھی پڑھئے:’’گیتو موہن داس کی منتخب کردہ طاقتور خواتین کے ساتھ کام کرنا خوش قسمتی ہے: اکشے اوبرائے

 ہندوستان کی سری لنکا کے خلاف دوسری اننگز  ۱۹۳؍ رنز پر سمٹ گئی اور میزبان ٹیم کو پہلا ٹیسٹ جیتنے کے لیے ۳۷۲؍ رن کا ہدف ملا ہے۔ ہندوستان کی اننگز سمٹنے کے ساتھ ہی چوتھے دن منگل کو چائے کے وقفے کا بھی اعلان کر دیا گیا۔ اسیتا فرنانڈو نے دوسری اننگز میں سری لنکا کے لیے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا، انہوں نے ۳۱؍ رنز دے کر چار وکٹیں حاصل کیں۔ شارٹ گیند کی حکمت عملی کافی اثر دار رہی۔ ہندوستان کے لیے رشبھ پنت (۶۶) نے کچھ لاجواب شاٹس کھیلے اور تیز نصف سنچری بنائی۔ پنت نے ۱۰۳؍ گیندوں کی اپنی اننگز میں آٹھ چوکے اور دو چھکے لگائے۔سری لنکا کے سامنے اب۳۷۲؍ رنز کا چیلنج ہے جو اس میدان پر اب تک ۱۸؍ ٹیسٹ میں صرف ایک بار ہوا ہے جبکہ ۱۶؍ بار ٹیم ۳۰۰؍ کا ہدف حاصل کرتے ہوئے ہاری ہے اور ایک میچ ڈرا رہا ہے۔ دیکھنا ہے کہ کیا یہی سلسلہ جاری رہتا ہے یا میزبان کچھ کمال کرتے ہیں۔ ہندوستان نے چوتھے دن لنچ کے وقت تک ۱۱۶؍ رنز پر چار وکٹیں گنوا دی تھیں۔ ہندوستان کی دوسری اننگز کا آغاز خراب رہا اور یشسوی جیسوال تیسری ہی گیند پر بغیر کھاتہ کھولے آؤٹ ہو گئے۔ اسیتا فرنانڈو کی آف اسٹمپ سے باہر کی گیند پر جیسوال نے بغیر پیر ہلائے شاٹ کھیلنے کی کوشش کی، جس سے گیند ان کے بلے کا کنارہ لے کر وکٹ کیپر نیروشن ڈکویلا کے ہاتھوں میں چلی گئی۔
اس کے بعد دیودت پڈیکل اور کے ایل راہل نے اچھی شراکت داری قائم کر کے ٹیم کو سنبھالا۔ پڈیکل، جنہوں نے ہندستان کی پہلی اننگز میں ۱۶۷؍ رنز بنائے تھے، سری لنکن بولنگ کے خلاف ایک بار پھر پرسکون نظر آئے۔ راہل نے دو چھکے اور دو چوکے لگائے، لیکن پھر پربھات جے سوریا پر حملہ کرنے کی کوشش کی۔ وہ اسپنر کی گیند کو مڈ آن کے اوپر سے مارنے کے لیے آگے بڑھے، لیکن شاٹ کھیلتے وقت ان کا بلا گھوم گیا اور متبادل کھلاڑی ملن رتنائیکے نے کیچ لپک لیا۔ راہل نے ۴۷؍ گیندوں میں ۳۵؍ رنز بنائے۔

یہ بھی پڑھئے:جوڈار چوتھے راؤنڈ میں؛ الکاراز اور شیلٹن کی برابری کی

پڈیکل نے مثبت کھیل جاری رکھا، لیکن وہ نصف سنچری بنانے سے چوک گئے۔ کیشرا نوانتھا نے ۲۸؍ویں اوور میں انہیں ایل بی ڈبلیو آؤٹ کیا؛ تب تک انہوں نے ۷۵؍ گیندوں میں چھ چوکوں کی مدد سے ۴۴؍ رنز بنا لیے تھے۔ پڈیکل نے فیصلے کے خلاف ریویو لیا، لیکن الٹرا ایج سے تصدیق ہوئی کہ گیند بلے سے نہیں لگی تھی اور بال ٹریکنگ میں دکھایا گیا کہ گیند مڈل اور لیگ اسٹمپ پر لگ رہی تھی۔ ان کے آؤٹ ہونے کے وقت ہندستان کا اسکور چار وکٹوں پر ۱۱۱؍ رنز تھا۔کپتان شبھ من گل بھی کوئی خاص اثر نہیں چھوڑ سکے اور آٹھ رنز پر آؤٹ ہو گئے۔ وہ جے سوریا کی گیند پر سویپ شاٹ کھیلنے سے چوک گئے اور ریویو میں یہ تصدیق ہونے کے بعد کہ گیند اسٹمپ پر لگتی، انہیں ایل بی ڈبلیو قرار دیا گیا۔ اس ٹیسٹ میں بائیں ہاتھ کے اسپنر کے خلاف گل کی یہ دوسری ناکامی تھی۔ اس کے بعد رشبھ پنت نے جارحانہ انداز اپنایا اور نوانتھا کے خلاف ایک چھکا اور ایک چوکا جڑا۔ لنچ کے وقت وہ ۲۲؍ گیندوں میں ۲۱؍ رنز بنا کر ناٹ آؤٹ تھے۔ پڈیکل کے آؤٹ ہونے کے بعد دھرو جوریل کریز پر آئے؛ انہوں نے نو گیندوں میں ناٹ آؤٹ پانچ رنز بنائے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK