Updated: March 11, 2026, 11:33 AM IST
| Mumbai
ہندوستانی ایئر لائن کمپنیاں ۱۲؍ مارچ سے سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض کے لیے پروازیں شروع کریں گی۔ منگل کی دیر رات شہری ہوا بازی کی وزارت کی طرف سے جاری کردہ پریس ریلیز میں کہا گیا ہے کہ ایئر انڈیا اور ایئر انڈیا ایکسپریس ۱۲؍ مارچ سے ریاض کے لیے پروازیں شروع کریں گی۔
ایئر انڈیا۔ تصویر:آئی این این
ہندوستانی ایئر لائن کمپنیاں ۱۲؍ مارچ سے سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض کے لیے پروازیں شروع کریں گی۔ منگل کی دیر رات شہری ہوا بازی کی وزارت کی طرف سے جاری کردہ پریس ریلیز میں کہا گیا ہے کہ ایئر انڈیا اور ایئر انڈیا ایکسپریس ۱۲؍ مارچ سے ریاض کے لیے پروازیں شروع کریں گی۔ انڈیگو بھی اسی تاریخ کو ممبئی اور ریاض کے درمیان پروازیں شروع کرے گی۔ آکاسا ایئر نے بھی جمعرات سے دونوں شہروں کے درمیان پروازیں دوبارہ شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
وزارت نے کہا کہ تمام ایئر لائن کمپنیوں کو سیکوریٹی کی صورتحال پر مکمل غور کرنے کے بعد ہی پروازیں چلانے کی اجازت دی جا رہی ہے۔ انڈیگو نے بدھ کے روز مغربی ایشیا کے آٹھ شہروں کے لیے کل ۳۸؍ پروازوں کا اعلان کیا۔ ایئر انڈیا اور ایئر انڈیا ایکسپریس نے بھی کل ۵۸؍ پروازوں کا اعلان کیا، جن میں متحدہ عرب امارات کے لیے ۳۶؍ خصوصی پروازیں شامل ہیں۔ ان کی طے شدہ پروازوں میں سے بائیس جدہ، سعودی عرب اور مسقط، عمان کے لیے ہوں گی۔
یہ بھی پڑھئے:آن لائن جاری منفی مہمات کو نظر انداز کر کے آگے بڑھتی ہوں: ادیتی راؤ حیدری
مغربی ایشیا میں جاری لڑائی کے باعث ۲۸؍ فروری کو خطے کے لیے تمام پروازیں معطل کر دی گئی تھیں۔ اب آہستہ آہستہ آپریشن دوبارہ شروع کیا جا رہا ہے۔ وزارت کے مطابق، ڈائریکٹوریٹ جنرل آف سول ایوی ایشن (ڈی جی سی اے) نے مختلف ممالک کے حکام کے ساتھ مل کر عمان میں مسقط کو مغربی ایشیائی شہروں دبئی، ابوظہبی، شارجہ، راس الخیمہ، فجیرہ، جدہ اور مدینہ کے لیے ہندوستانی ایئر لائن کمپنیوں کے لیے متبادل ہوائی اڈہ قرار دیا ہے۔ وزارت نے کہا کہ ۹؍ مارچ ۲۰۲۶ءکو مغربی ایشیا کے مختلف شہروں سے کل ۴۵؍ پروازوں میں ۷۴۰۷؍ مسافر ہندوستان لوٹے ہیں۔
یہ بھی پڑھئے:ایران کا سخت انتباہ: جنگ بڑھی تو دنیا بھر میں جوابی کارروائی ممکن
خیال رہے کہ پچھلے۱۰؍ دنوں میں مغربی ایشیا اور ہندوستان کے درمیان۹۰؍ ہزار مسافروں کی آمد و رفت ہوئی ہے۔ شہری ہوابازی کے وزیر رام موہن نائیڈو کنجراپو نے راجیہ سبھا میں یہ اطلاع دی۔ انہوں نے بتایا کہ۲۸؍ فروری کو مغربی ایشیا میں شروع ہوئےجغرافیائی سیاسی بحران کے درمیان ہندوستانی فضائی کمپنیوں نے آہستہ آہستہ اس خطے کیلئے پروازوں کا آپریشن شروع کر دیا ہے۔ اس دوران ۹۰؍ ہزار مسافر ہندوستان سے مغربی ایشیا گئے ہیں یا وہاں سے ہندوستان آئے ہیں۔ نجی فضائی کمپنی انڈیگو نے بتایا کہ اس نے۳؍ مارچ سے مغربی ایشیا کیلئے محدود تعداد میں پروازیں شروع کی تھیں ۔ ایئرلائن نے اب تک بحران زدہ خطے کیلئے ۱۶۵؍ پروازیں چلائی ہیں جن میں ۲۲؍ ہزار مسافروں کی آمد و رفت ہوئی ہے۔ ایئر انڈیا نے ایک سوشل میڈیا پوسٹ میں بتایا ہے کہ اس نے اپنی ذیلی کمپنی ایئر انڈیا ایکسپریس کے ساتھ مل کر ۱۰؍ مارچ سےسعودی عرب کے جدہ کے لیے اور وہاں سے کل۱۴؍ پروازوں کا آپریشن شروع کیا ہے۔ ایئر انڈیا ایکسپریس عمان کے مسقط کیلئے ۱۴؍ پروازیں چلائے گی۔ اس کے علاوہ، متحدہ عرب امارات کے مختلف شہروں سے۳۲؍خصوصی پروازوں کا آپریشن بھی کرے گی۔ مشرق وسطیٰ میں پھنسے ہندوستانی شہریوںکیلئےیہاںملک میں کافی فکرمندی ہے ۔