• Fri, 11 September, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

ملائیشیا کو شکست دے کر ہندوستانی مردوں کی ٹیم ایشین جونیئر ہاکی ٹورنامنٹ کے فائنل میں

Updated: September 11, 2026, 8:02 PM IST | New Delhi

کپتان انمول ایکا کے دو گول کی بدولت دفاعی چیمپئن ہندوستانی مردوں کی ٹیم نے جمعہ کو ایشین جونیئر ہاکی ٹورنامنٹ کے سیمی فائنل میں ملائیشیا کو ۱۔۳؍گول سے شکست دے کر فائنل میں جگہ بنالی۔

Hockey Match.Photo:X
ہاکی کا میچ۔ تصویر:ایکس

کپتان انمول ایکا کے دو گول کی بدولت دفاعی چیمپئن ہندوستانی مردوں کی ٹیم نے جمعہ کو ایشین جونیئر ہاکی ٹورنامنٹ کے سیمی فائنل میں ملائیشیا کو ۱۔۳؍گول سے شکست دے کر فائنل میں جگہ بنالی۔فائنل میں ہندوستان کا سامنا اتوار ۱۳؍ ستمبر کی شام کھیلے جانے والے دوسرے سیمی فائنل میں پاکستان اور جنوبی کوریا کے درمیان ہونے والے میچ کے فاتح سے ہوگا۔ ہندوستانی ٹیم مسلسل چوتھی بار اور مجموعی طور پر چھٹی بار خطاب جیتنے سے اب صرف ایک قدم دور ہے۔


کپتان اور ڈریگ فلک ماہر انمول ایکا نے پینالٹی کارنر پر دو گول کیے، جس کے ساتھ ٹورنامنٹ میں ان کے گول کی تعداد ۱۶؍ ہوگئی اور وہ اسکورنگ چارٹ میں سرفہرست ہیں۔ گول کیپر وویک لاکرا نے بھی شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا اور کئی اہم بچاؤ کیے، جن میں پینالٹی اسٹروک روکنا بھی شامل تھا۔ہندوستان نے اچھا آغاز کیا اور پہلے کوارٹر میں تین شارٹ کارنر حاصل کیے، لیکن کوئی گول نہ ہوسکا۔ دوسرے کوارٹر کے۱۶؍ویں منٹ میں انمول نے چوتھے شارٹ کارنر کو گول میں تبدیل کرکے ہندوستان کو ۰۔۱؍ کی برتری دلائی۔ ملائیشیا نے فوراً جوابی حملہ کیا، لیکن لاکرا نے شاندار بچاؤ کرتے ہوئے ہندوستانی برتری برقرار رکھی۔ ہاف ٹائم تک ہندوستان ۰۔۱؍گول  سے آگے تھا۔

یہ بھی پڑھئے:ریباکینا نے گاف کو ہرا کر یو ایس اوپن فائنل میں سبالینکا سے مقابلہ طے کیا

دوسرے ہاف میں ملائیشیا نے دباؤ بڑھایا، لیکن ہندوستانی دفاع منظم رہا۔ ۳۶؍ویں منٹ میں منمیت سنگھ رائے اور ۴۱؍ویں منٹ میں پربھدیپ سنگھ کو یلو کارڈ دکھائے جانے کے باعث ہندوستان کو دونوں مواقع پر ۱۰؍ کھلاڑیوں کے ساتھ کھیلنا پڑا۔ ملائیشیا نے کئی پینالٹی کارنر حاصل کیے، لیکن انہیں گول میں تبدیل نہ کرسکا۔ چوتھے کوارٹر میں ہندوستان نے ۵۱؍ویں منٹ میں تیز جوابی حملے کے ذریعے سکھویندر کے گول سے برتری۰۔۲؍گول کردی۔ اس کے دو منٹ بعد ملائیشیا کو پینالٹی اسٹروک ملا، لیکن لاکرا نے بائیں جانب ڈائیو لگاکر شاندار بچاؤ کیا۔ ۵۴؍ویں منٹ میں ہندوستان کو پینالٹی کارنر ملا، جس کے خلاف ملائیشیا نے ویڈیو ریفرل لیا، لیکن فیصلہ ہندوستان کے حق میں برقرار رہا۔ انمول نے اس موقع کو گول میں تبدیل کرکے اسکور ۰۔۳؍گول کردیا۔

یہ بھی پڑھئے:یش کی فلم ’’ٹاکسک‘‘ باکس آفس پر بدترین ناکامیوں میں شامل،۳۰۰؍ کروڑ کا نقصان

میچ کے آخری لمحات میں ملائیشیا نے مسلسل پینالٹی کارنر حاصل کیے، لیکن لاکرا اور ہندوستانی دفاع نے مضبوطی سے مقابلہ کیا۔ ۵۸؍ویں منٹ میں لاکرا نے ایک اور شاندار ڈائیو سے خطرناک فلک کو روک دیا۔ میچ کے اختتام سے صرف۲۴؍ سیکنڈ قبل ملائیشیا کو آٹھواں پینالٹی کارنر ملا اور ہارن بجنے کے ساتھ ہی ایم راہل نے تسلی بخش گول کرکے اسکور ۱۔۳؍گول کردیا۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK