• Thu, 02 October, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

ہندوستانی خواتین ٹیم بھی پاکستانی ٹیم سے مصافحہ نہیں کرے گی

Updated: October 02, 2025, 7:27 PM IST | Columbo

خواتین ورلڈ کپ کے میچ سے قبل ہرمن پریت کور کی قیادت میں ہندوستانی خواتین کی ٹیم بھی پاکستانی کھلاڑیوں سے مصافحہ نہیں کرے گی۔ دونوں ٹیمیں ۵؍ اکتوبر کو کولمبو میں ٹکرائیں گی۔

Women Cricket Team. Photo:INN
خواتین کرکٹ ٹیم۔ تصویر:آئی این این

ایشیا کپ کے دوران ہندوستانی مردوں کی ٹیم کے موقف کی روشنی میں، ہرمن پریت کور کی زیر قیادت ہندوستانی خواتین ٹیم بھی پاکستانی کھلاڑیوں سے مصافحہ نہیں کرے گی۔ دونوں ٹیمیں ۵؍ اکتوبر کو کولمبو میں ٹکرائیں گی۔

یہ بھی پڑھئیے:یشسوی جیسوال ٹائم میگزین کے ٹاپ ۱۰۰؍ رائزنگ اسٹارز میں شامل

ہندوستان اور پاکستان کے درمیان کرکٹ تعلقات پہلے سے ہی تنزلی کا شکار ہیں اور صورتحال اس وقت خراب ہوئی جب پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) اور ایشین کرکٹ کونسل (اے سی سی) کے سربراہ محسن نقوی نے دبئی میں سوریہ کمار یادو کی قیادت والی ہندوستانی ٹیم کو فاتح ٹرافی پیش کرنے سے انکار کردیا۔ ایشیا کپ۲۰۲۵ء کے فائنل میں  ہندوستان  نے پاکستان کو شکست دے کر ٹائٹل اپنے نام کیا  لیکن میچ کے بعد ٹرافی کی تقسیم کے تنازع نے کرکٹ کے منتظمین اور شائقین کے درمیان تناؤ بڑھا دیا۔ اس سے پاکستان کرکٹ ٹیم اور محسن نقوی کو کافی شرمندگی کا سامنا کرنا پڑا۔  ہندوستان  نے میچ میں پہلے ہی فیصلہ کر لیا تھا کہ وہ نقوی سے ٹرافی قبول نہیں کرے گا لیکن نقوی نے شرمناک حرکت کرتے ہوئے ٹرافی اور تمغے اپنے ساتھ لے گئے اور ایشین کرکٹ کونسل کے دفتر بھی بھیج دیا۔ اس واقعہ نے پی سی بی کی ساکھ پر سوالات کھڑے کر  دیئے۔
  بی سی سی آئی کے ایک سینئر عہدیدار نے پی ٹی آئی کو بتایا کہ’’بی سی سی آئی حکومت کی پالیسی کے مطابق ہے۔ ٹاس کے وقت کوئی مصافحہ نہیں ہوگا، میچ ریفری کے ساتھ کوئی فوٹو سیشن نہیں ہوگا  اور میچ کے اختتام پر کھلاڑیوں کے درمیان کوئی مصافحہ نہیں ہوگا۔ خواتین کی ٹیم بھی اسی پالیسی پر عمل کرے گی جو مردوں کی ٹیم کرتی ہے۔‘‘
 کولمبو میں ایک اور دلچسپ پہلو یہ ہوگا کہ ٹاس کون کرے گا۔ توقع ہے کہ کوئی سابق کھلاڑی یا کسی غیر جانبدار ملک کا کوئی ماہر اس کے لیے ذمہ دار ہوگا۔ یہ ماحول نیوزی لینڈ میں ہونے والے۲۰۲۲ء کے ون ڈے ورلڈ کپ سے بہت دور ہوگا، جب پاکستانی کپتان بسمہ معروف کی شیر خوار بیٹی کے ساتھ ہندوستانی کھلاڑیوں کی تصاویر وائرل ہوئی تھیں۔ اس بار ہرمن پریت کور اور پاکستان کی کپتان فاطمہ ثناء کے درمیان مبارکباد کے باضابطہ تبادلے کا بھی امکان نہیں ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK