ہندوستان کھلاڑیوںنے تیراندازی ایونٹ میں ۳؍ سونے کے تمغے اپنے نام لئے ،ایران کو پیچھے چھوڑ کر ہندوستان تمغوں کی تعداد میں ساتویں نمبر پر۔
EPAPER
Updated: October 01, 2026, 1:35 PM IST | Agency | Nagoya
ہندوستان کھلاڑیوںنے تیراندازی ایونٹ میں ۳؍ سونے کے تمغے اپنے نام لئے ،ایران کو پیچھے چھوڑ کر ہندوستان تمغوں کی تعداد میں ساتویں نمبر پر۔
ایشیائی کھیلوں کے۱۱؍ دن بدھ کو ہندوستان نے ۴؍سونے کے تمغے اپنے نام کر لئے۔ ان میں سے تین تیر اندازی میں اور ایک شوٹنگ میں آیا۔ اس طرح ہندوستان کے تمغوں کی تعداد۶۰؍ ہو گئی ہے جس میں ۱۰؍ طلائی تمغے شامل ہیں۔ ہندوستان ایران کو پیچھے چھوڑ کر تمغوں کی تعداد میں ساتویں نمبر پر پہنچ گیا ہے۔بدھ کو خواتین کی کمپاؤنڈ تیر اندازی ٹیم نے پہلا گولڈ میڈل جیتا۔ چکیتا تنی پارتھی اور ساحل جادھو کی جوڑی نے مکسڈ کمپاؤنڈ تیر اندازی میں طلائی تمغہ جیتا۔ نیرو ڈھانڈا اور کینان چینائی کی جوڑی نے شوٹنگ میں طلائی تمغہ جیتا۔ دن کا چوتھا طلائی تمغہ ساحل، گنیش اور کشل نے مردوں کے کمپاؤنڈ تیر اندازی ٹیم ایونٹ میں جیتا ۔ہندوستان نے کمپاؤنڈ تیر اندازی کے تینوں مقابلوں میں سونے کے تمغے جیتے۔جیوتی سریکھا وینم ،پرتھیکا پردیپ اورچکیتا تنی پارتھی پرمشتمل خواتین کی ٹیم نے چین کو۲۳۴-۲۳۸؍سے شکست دے کر اپنے ٹائٹل کا دفاع کیا۔
یہ بھی پڑھئے: ہندوستان کی خاتون ریلے ٹیم نے۴x۴۰۰؍ میٹر ریس میں طلائی تمغہ جیت لیا
ہندوستان کو اولمپک کا کوٹہ ملا
مکسڈ ٹیم کے فائنل میں، چیکیتا اور ساحل کا مقابلہ جنوبی کوریا کی پارک جنگیون اور چوئی یونگہی سے تھا۔ ہندوستان نے گولڈ میڈل شوٹ آف میں جیتا۔ اس جیت کے ساتھ ہی ہندوستان نے لاس اینجلس اولمپکس میں کمپاؤنڈ مکسڈ ٹیم ایونٹ کا کوٹہ بھی حاصل کرلیا۔مردوں کے فائنل میں ساحل، گنیش اور کشل کی ٹیم نے چین کو۲۳۷-۲۳۸؍سے شکست دی۔ ہندوستان ابتدائی اختتام پر۵۸-۶۰؍سے پیچھے تھا لیکن ہندوستانی تیر اندازوں نے پھر اپنی شاندار شوٹنگ جاری رکھی اور فائنل میں۱۸۰؍ پوائنٹس حاصل کئے۔ ساحل نے اپنے تمام ۸؍ شاٹس پر۱۰؍ اسکور کیے جبکہ گنیش اور کشل نے بھی دباؤ میں۱۰؍ کا اسکور بنایا۔
نیرو اور کینان نے شوٹنگ میں سونے کا تمغہ جیتا
نیرو ڈھانڈا اور کینان چینائی نے ٹریپ مکسڈ ٹیم فائنل میں ہندوستان کے لیے گولڈ جیتا ۔ ہندوستان نے ابتدائی طور پر ۱۰؍ میں سے ۶؍ ہٹ کئے اور ایک وقت میںہندوستانی ٹیم ۴؍ ٹیموں میں سب سے نیچے تھی۔ اس کے بعد دونوں نے شاندار واپسی کی، ایک بھی ہدف سے محروم نہیں ہوئے اور سونے کا تمغہ جیتا۔ ہندوستان نے قطر کو صرف ایک پوائنٹ سے شکست دی۔ چین نے کانسے کا تمغہ جیتا۔ان کھیلوں میں نیرو کا یہ دوسرا گولڈ میڈل ہے۔ ایک دن پہلے، اس نے خواتین کے ٹریپ انفرادی مقابلے میں سونے کا تمغہ جیتا تھا۔
یہ بھی پڑھئے:عاقب نبی کا ہندوستان کے لیے مشکل آغاز ، ویسٹ انڈیز کے خلاف ۸۴؍رن دیئے
باکسنگ میں۲؍ کانسےکے تمغے، لولینا فائنل میں
باکسنگ میں پریانکا گھنگھاس کو خواتین کے ۶۰؍ کلوگرام زمرے کے سیمی فائنل میں چین کی یانگ چینگیو کے ہاتھوں۱-۴؍ سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ انہیں کانسے کے تمغے پر اکتفا کرنا پڑا۔کپل پوکھریا نے مردوں کے۹۰؍کلوگرام کے سیمی فائنل میں ازبکستان کے ترابیک خبیبلائیف سے۱-۴؍سے شکست کھا کر کانسے کا تمغہ جیتا۔دریں اثنا، لولینا بورگوہین نے خواتین کے۷۵؍ کلوگرام کے سیمی فائنل میں قزاخستان کی نتالیہ بوگڈانووا کو۲-۳؍سے شکست دے کر فائنل میں رسائی حاصل کی۔
ریسلنگ میں سنیل کمار نے کانسے کا تمغہ جیتا
سنیل کمار نے مردوں کے گریکو رومن۸۷؍ کلوگرام میں کانسے کا تمغہ جیتا۔ سیمی فائنل میں جاپان کے تائیزو یوشیدا سے۰-۱۱؍ سے ہارنے کے بعد، انہوں نے کانسے کے تمغے کے مقابلے میں فلپائن کے کیلم رابرٹس کو۰-۹؍ سے شکست دی۔ ہانگزو کے بعد سنیل کا ایشین گیمز میں یہ مسلسل دوسرا برونز میڈل ہے۔ وہ ایشیائی کھیلوں میں گریکو رومن ریسلنگ کے دو تمغے جیتنے والے پہلے ہندوستانی بن گئے۔
دونوں ٹیموں نے اسکواش میں تمغے یقینی بنائے
ہندوستانی خواتین اسکواش ٹیم نے سنگاپور کو۰-۲؍سے شکست دے کر سیمی فائنل میں رسائی حاصل کی اور تمغہ پکاکرلیا۔ تنوی کھنہ نے وائی لن او یونگ کو۱-۳؍سے اور اناہت سنگھ نے وائی یان او یونگ کو۰-۳؍ سے شکست دی۔ مردوں کی ٹیم نے کویت کو۰-۲؍سے شکست دے کر سیمی فائنل میں جگہ بنالی۔ ویر چھترانی نے بدر مغربی کو۱-۳؍ ے اور ابھے سنگھ نے عمار ا تمیمی کو۰-۳؍ سے شکست دی۔ دفاعی چمپئن ہندوستان کا مقابلہ اب ملائیشیا سے ہوگا۔