• Sat, 24 October, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

ایشین پیرا گیمز میں ہندوستان کی تاریخی کارکردگی، ۱۱۴؍تمغے جیتے

Updated: October 24, 2026, 1:34 PM IST | Agency | Nagoya

کم کھلاڑیوں کے باوجود ہندوستان نے ہانگژو ایشین گیمز کے مقابلے زیادہ تمغے حاصل کئے۔ ناگویا میں ۳۰؍گولڈ،۳۵؍ سلوراور۴۹؍برونز میڈلز جیتنے کے علاوہ کھلاڑیوں نے عالمی ریکارڈز بھی قائم کئے۔

Picture: INN
تصویر: آئی این این

ہندوستانی پیرا کھلاڑیوں نے ناگویا میں جاری ایشیائی پیرا کھیلوں میں توقعات سے بڑھ کر کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے جمعہ کو تاریخ رقم کر دی۔ کھیلوں کے آخری دن ۹؍ طلائی تمغے جیت کر  ہندوستان نے اپنی مہم کا اختتام ۱۱۴؍ تمغوں کے ساتھ کیا۔ ان میں ۳۰؍ طلائی، ۳۵؍ نقرئی اور ۴۹؍ کانسے کے تمغے شامل ہیں۔ ہندوستان نے ۲۰۲۳ء میں ہانگژو پیرا ایشیائی کھیلوں کے پچھلے بہترین مظاہرے کو پیچھے چھوڑ دیا، جہاں اس نے ۲۷؍ طلائی سمیت ۱۰۸؍ تمغے جیتے تھے۔

کھلاڑی کم، لیکن کارکردگی میں دکھا دم

خاص بات یہ ہے کہ اس بار ہندوستان نے تقریباً آدھے کھلاڑیوں کا دستہ بھیجنے کے باوجود نیا ریکارڈ قائم کیا۔ ہندوستان نے اس بار ۱۶۸؍ کھلاڑیوں کا دستہ بھیجا تھا جبکہ ۲۰۲۳ء میں ہانگژو میں ۳۰۳؍ کھلاڑیوں کا دستہ گیا تھا یعنی اس بار ہندوستانی کھلاڑیوں کی جیت کا فیصد ۶۷ء۸۶؍رہا جبکہ ہانگژو پیرا ایشیائی کھیلوں میں یہ فیصد تقریباً ۳۵ء۶۴؍ تھا۔

ایتھلیٹکس میں آدھے سے زیادہ تمغے

ایتھلیٹکس پھر سے ہندوستان کی سب سے بڑی طاقت بنا رہا۔ ہندوستانی کھلاڑیوں نے اس کھیل میں کُل۶۵؍ تمغے جیتے جو ۲۰۲۳ء کے مقابلے ۱۲؍زیادہ ہیں۔ آخری دن بھی ایتھلیٹس نے عالمی ریکارڈ کارکردگی کے ساتھ ملک کا وقار بڑھایا۔ جمعہ کو ایتھلیٹکس میں پرتو سورما نے کلب تھرو، سمیت انتیل اور ہنی نے جیولین تھرو (بھالا پھینک) میں طلائی تمغہ جیتا۔ سندیپ نے مردوں کی ۴۰۰؍ میٹر ٹی۔۶۴؍دوڑ میں ۵۲ء۲۸؍سیکنڈ کا وقت نکال کر نیا عالمی ریکارڈ بنایا۔

 نتیش اور نوین کا سنہری مظاہرہ

بیڈمنٹن میں  ہندوستان نے ۳؍ طلائی تمغے جیتے- نتیش کمار نے مردوں کے سنگلز ایس ایل۔۳؍  زمرے کے فائنل میں پرمود بھگت کو ۱۸۔۲۱،۱۶۔۲۱؍سے ہرا کر طلائی تمغہ اپنے نام کیا۔ نوین شیوکمار نے مردوں کے سنگلز ایس ایل۔۴؍زمرے کے فائنل میں انڈونیشیا کے فریڈی سیتیہ وان کو ۹۔۲۱،۱۷۔۲۱؍سے ہرا کر طلائی تمغہ حاصل کیا۔ تھولاسیمتھی مروگیسن کے لیے بھی دن یادگار رہا۔ انہوں نے مانسی جوشی کے ساتھ خواتین کے ڈبلز ایس ایل۳-ایس یو۵؍زمرے میں طلائی تمغہ جیتا۔

یہ بھی پڑھئے:ہر کوئی چاہتا ہے کہ ہم عالمی چیمپئن کی طرح کھیلیں: ٹیمبا باؤما

مونا نے توڑا عالمی ریکارڈ

پیرا نشانہ باز مونا اگروال نے خواتین کے ۵۰؍میٹر رائفل تھری پوزیشنز ایس ایچ ون مقابلے میں عالمی ریکارڈ توڑ کر طلائی تمغہ جیتا۔ انہوں نے۳۵۷ء۵؍پوائنٹس حاصل کئے۔ یہ ان کھیلوں میں ان کا دوسرا طلائی تمغہ تھا۔

تیر اندازی میں چمکے ہرویندر اور وجے

  ہرویندر سنگھ اور ڈیبیو کر رہے وجے سونڈی نے مردوں کے ڈبلز ریکرو مقابلے کے فائنل میں چین کے یون ڈوو اور زھاؤ لکھسيو کو ۵۔ایک سے ہرا کر طلائی تمغہ جیتا۔

ہرویندر سنگھ اور وجے سنڈی کی سنہری کارکردگی

ہندوستان کے ہرویندر سنگھ اور وجے سنڈی کی جوڑی نے جمعہ کو مردوں کے پیرا ریکرو جوڑی مقابلے میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے سونے کا تمغہ جیتا۔  انہوں نے سخت مقابلے پر مشتمل فائنل میں چین کے ژاؤ لیکسیو اور یون ڈو کو شکست دی۔ ہندوستانی جوڑی نے ۵۔ایک سے کامیابی حاصل کی۔ اس دوران انہوں نے دباؤ کے باوجود صبر و تحمل اور نشانے پر درستگی کا مظاہرہ کیا۔مقابلے کی شروعات برابری کے ساتھ ہوئی، جہاں پہلا سیٹ ۳۵۔۳۵؍سے برابر رہا۔ اس کے بعد ہرویندر اور وجے نے اگلے ۲؍ سیٹوں میں اپنی کارکردگی بہتر بنائی اور بالترتیب ۳۶۔۳۷؍اور ۳۸۔۳۶؍کے اسکور کے ساتھ چینی کھلاڑیوں کو پیچھے چھوڑتے ہوئے سونے کا تمغہ اپنے نام کرلیا۔ اس سخت مقابلے میں دباؤ کے دوران بہترین کارکردگی دکھانے کی ان کی صلاحیت فیصلہ کن ثابت ہوئی، جس سے ہندوستان کی کامیابیوں میں ایک اور سونے کے تمغے کا اضافہ ہوگیا۔

ہمانشو ننڈل کو کانسے پر اکتفا کرنا پڑا

ہندوستانی پیرا تیراک ہمانشو ننڈل نے ایشین پیرا گیمز میں مردوں کی ۱۰۰؍ میٹر فری اسٹائل ایس ۱۱؍مقابلے میں کانسے کے تمغے پع اکتفا کرنا پڑا۔  اس کے ساتھ ہی انہوں نے ان کھیلوں میں مجموعی طور پر ۳؍ تمغوں کے ساتھ اپنی مہم مکمل کی۔ہمانشو نے  جمعہ کو یہاں ۱۰۰؍ میٹر فری اسٹائل ایس ۱۱؍ کے فائنل میںایک منٹ ۵ء۹۰؍ سیکنڈکا شاندار وقت نکالتے ہوئے کانسہ اپنے نام کیا۔

نشاد کمار اور مونا اگروال ہندوستان کے پرچم بردار ہوں گے

آئچی-ناگویا ۲۰۲۶ء ایشین پیرا گیمز کی اختتامی تقریب میں نشاد کمار اور مونا اگروال ہندوستانی دستے کے پرچم بردار ہوں گے۔ایشین پیرا گیمز کے اختتام پر یہ اعزاز دونوں پیرا ایتھلیٹس کو حاصل ہوتا ہے، جنہوں نے بین الاقوامی سطح پر ہندوستان کی نمائندگی کرتے ہوئے اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK