Inquilab Logo Happiest Places to Work

ہندوستان کی خاتون کرکٹ ٹیم ایشیا کپ کیلئے تیار

Updated: August 29, 2026, 12:37 PM IST | Agency | Dubai

ہرمن پریت کور کی قیادت میں ہندوستانی ٹیم تھائی لینڈ کے خلاف مہم کا آغاز کرے گی، پاکستان سے ۵؍ستمبر کو مقابلہ۔

Captains of the teams participating in the Women`s Asia Cup cricket tournament can be seen with the trophy. Picture: INN
ویمنز ایشیا کپ کرکٹ ٹورنامنٹ میں شامل ٹیموں کی کپتانوں کو ٹرافی کے ساتھ دیکھا جا سکتا ہے۔ تصویر: آئی این این

ویمنزایشیا کپ ۲۰۲۶ءکا آغاز جمعہ سے ہو چکا ہے۔  یہ ٹورنامنٹ ٹی ۔۲۰؍ فارمیٹ میں کھیلا جارہا ہے۔ ہرمن پریت کور کی قیادت میں ہندوستانی ٹیم کو اس بار خطاب کا سب سے بڑا دعویدار مانا جا رہا ہے۔  ہندوستانی ٹیم کو ایشیا کپ میں ٹی ۔۲۰؍ فارمیٹ بہت پسند ہے۔ مجموعی طور پر ہندوستان نے ٹی ۔۲۰؍ ایشیا کپ میں ۲۵؍مقابلے کھیلے ہیں۔ ان میں سے ہرمن پریت اینڈ کمپنی نے ۲۱؍ میچوں میں کامیابی حاصل کی ہے جبکہ محض ۴؍ مقابلوں میں ٹیم کو شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے۔ ہندوستانی ٹیم ۳؍ بار ٹی ۔۲۰؍ ایشیا کپ کا خطاب اپنے نام کر چکی ہے۔ ۲۰۱۲ء ۲۰۱۶ءاور ۲۰۲۲ء میں ٹیم انڈیا نے ٹرافی پر قبضہ جمایا تھا۔قابل ذکر ہے کہ ایشیا کپ پہلے ۵۰؍ اووروں کا ہوتا تھا جسے بعد میں ۲۰؍اووروں کا کر دیا گیا ہے۔ ہندوستانی خواتین کرکٹ ٹیم ویمنز ایشیا کپ ۲۰۲۶ءمیں اپنا کھویا ہوا خطاب دوبارہ حاصل کرنے کے ساتھ ریکارڈ آٹھویں بار چمپئن بننے کے ارادے سے میدان میں اترے گی۔ یاد رہے کہ ٹیم انڈیا نے ۵۰؍اوور کےایشیا کپ اور ٹی۔۲۰؍ایشیا کپ میں اب تک ۷؍مرتبہ خطاب پر قبضہ جمایا ہے۔

یہ بھی پڑھئے: برازیل اور یوروگوئے کیخلاف کھیلنا ہندوستان کیلئے تاریخی موقع

ٹورنامنٹ  ۱۳؍ ستمبر تک متحدہ عرب امارات کے دبئی انٹرنیشنل اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔ ہندوستانی ٹیم کی قیادت ایک بار پھر ہرمن پریت کور کریں گی جبکہ اسمرتی مندھانا نائب کپتان ہوں گی۔ اسٹار بلے باز جمائمہ روڈریگز انجری کے باعث ٹیم کا حصہ نہیں ہیں ۔

ہندوستان ویمنز ایشیا کپ کی تاریخ کی کامیاب ترین ٹیم ہے اور اب تک ۷؍ مرتبہ خطاب جیت چکا ہے۔ سری لنکا موجودہ چمپئن ہے، جس نے ۲۰۲۴ءکے فائنل میں ہندوستان کو شکست دی تھی۔

ہرمن کی قیادت میں ہندوستانی ٹیم سے اس بار بھی شاندار کارکردگی کی توقع کی جا رہی ہے۔ ٹیم کی اوپننگ بلے باز اسمرتی مندھانا اور شیفالی ورما پر ٹیم کو شاندار شروعات دلانے کی ذمہ داری ہوگی۔ شیفالی اور مندھانا دونوں کی ہی حالیہ فارم شاندار رہی ہے۔ مندھانا اس ٹورنامنٹ کی تاریخ میں سب سے زیادہ رن بنانے والے بلے بازوں میں شامل رہی ہیں۔ وہیں جمائمہ روڈریگز کی غیر موجودگی میں کپتان ہرمن پریت کور کے کندھوں پر مڈل آرڈر کی ذمہ داری ہوگی۔ 

یہ بھی پڑھئے: ایشین گیمز کے لیے ہندوستان دوسری درجے کی ٹیم بھیج سکتا ہے

رچا گھوش اور دیپتی شرما ہندوستانی ٹیم کے لئے اس ٹورنامنٹ میں ٹرمپ کارڈ ثابت ہو سکتی ہیں۔ دیپتی بلے اور گیند دونوں سے اہم کردار ادا کر سکتی ہیں جبکہ رِچا طوفانی بلے بازی کے بل بوتے پر کسی بھی میچ کا رخ پلٹنے کی صلاحیت رکھتی ہیں۔ بولنگ میں کرانتی گوڑ اور رینوکا  ٹھاکرفاسٹ بولنگ کی کمان سنبھالتی ہوئی نظر آ سکتی ہیں۔ وہیں اسپن ڈپارٹمنٹ کی ذمہ داری شری چرنی اور رادھا یادو پر ہوگی۔چرنی نے اس سال کھیلے گئے ۱۵؍ ٹی ۔۲۰؍ مقابلوں میں کل ۲۷؍ وکٹیں حاصل کی ہیں۔ 

ٹورنامنٹ کا فارمیٹ

ٹورنامنٹ میں ۸؍ ٹیموں کو ۴۔۴؍ کے ۲؍ گروپ میں تقسیم کیا گیا ہے۔ ہندوستان اور پاکستان گروپ’ اے‘ میں ہانگ کانگ چین اور تھائی لینڈ کے ساتھ ہیں۔ ہندوستان ۳۰؍اگست کو تھائی لینڈ کے خلاف مہم شروع کرے گا جبکہ ۳؍ ستمبر کو ہانگ کانگ چین سے مقابلہ ہوگا۔ ہندوستان اور پاکستان کا اہم مقابلہ ۵؍ ستمبر کو ہوگا۔ ہر گروپ کی سرفہرست ۲؍ ٹیمیں سیمی فائنل میں پہنچیں گی، جو ۱۰؍اور ۱۱؍ستمبر کو کھیلے جائیں گے، جبکہ فائنل ۱۳؍ ستمبر کو ہوگا۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK