Inquilab Logo Happiest Places to Work

آئی پی ایل ۲۰۲۶ء: بنگلورو اور حیدرآباد کے مقابلے سے دھماکہ خیز آغاز

Updated: March 27, 2026, 10:05 PM IST | Bengaluru

آئی پی ایل ۲۰۲۶ء کے سنسنی خیز مقابلے میں رائل چیلنجرز بنگلورو اور سن رائزرس حیدرآباد چناسوامی اسٹیڈیم میں آمنے سامنے ہوں گے، جہاں شائقین کو ایک دلچسپ اور ہائی اسکورنگ میچ کی توقع ہے۔ دونوں ٹیمیں مضبوط بیٹنگ لائن اور بدلتی حکمت عملی کے ساتھ میدان میں اتریں گی جبکہ ہوم گراؤنڈ کا فائدہ آر سی بی کو معمولی برتری دے سکتا ہے۔

The first match of the IPL could see an interesting contest. Photo: INN
آئی پی ایل کے پہلے میچ میں دلچسپ مقابلہ دیکھنے کو مل سکتا ہے۔ تصویر: آئی این این

کہا جاتا ہے کہ کرکٹ ایک’ `جینٹل مین‘ یعنی شائستہ افراد کا کھیل ہے، لیکن دوسری جانب انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) ایک ایسا رنگا رنگ میلہ ہے جہاں یہی `’جینٹل مین‘ کبھی کبھار بچوں جیسا جوش و خروش دکھاتے نظر آتے ہیں۔ ہفتہ کی شب چناسوامی اسٹیڈیم میں ایک بار پھر یہی منظر دیکھنے کو ملے گا، جب دفاعی چیمپئن رائل چیلنجرز بنگلورو کا مقابلہ سن رائزرس حیدرآباد سے ہوگا۔ آر سی بی نے نئی ملکیت کے تحت ایک نئے دور کا آغاز کیا ہے۔ یہ فرنچائز، جسے وجے مالیا نے۲۰۰۸ء میں ۴۵۰؍ کروڑ روپے میں خریدا تھا، گزشتہ چند برسوں میں غیر معمولی ترقی کرتے ہوئے اب۱۶؍ ہزار ۵۰۰؍کروڑ روپے سے زائد مالیت کی حامل ہو چکی ہے۔ 

یہ بھی پڑھئے: اس آئی پی ایل میں مجھے کچھ ثابت نہیں کرنا: گِل

فی الحال اس کی ملکیت آدتیہ برلا گروپ کے پاس ہے، جس میں ٹائمز آف انڈیا گروپ، بولٹ وینچرز اور بلیک اسٹون بھی شراکت دار ہیں۔ یہ معاہدہ آئی پی ایل کی بڑھتی ہوئی تجارتی اہمیت کو واضح کرتا ہے اور ٹیم سے میدان کے اندر اور باہر غیر معمولی توقعات وابستہ کرتا ہے۔ تاہم، دولت اور ٹرافیاں ماضی کی تلخ یادوں کو مکمل طور پر مٹا نہیں سکتیں۔ گزشتہ سال جب آر سی بی نے بالآخر اپنی بدقسمتی کا سلسلہ توڑتے ہوئے آئی پی ایل کا خطاب جیتا، تو جشن کا یہ موقع ایک افسوسناک سانحے میں بدل گیا۔ اسٹیڈیم کے باہر بھگدڑ مچنے سے خوشیاں ماند پڑ گئیں اور اس واقعے میں گیارہ شائقین اپنی جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھے، جبکہ حکام کو شدید تنقید اور سوالات کا سامنا کرنا پڑا۔ اس واقعے کے بعد اسٹیڈیم کے داخلی راستوں کی ازسرِ نو تعمیر کی گئی، ہجوم کو قابو میں رکھنے کے انتظامات مزید سخت کئےگئے اور ہنگامی حالات سے نمٹنے کے ضوابط کو بھی بہتر بنایا گیا۔ امید کی جا رہی ہے کہ ان اقدامات سے سبق سیکھا گیا ہوگا اور آئندہ شائقین بلا خوف و خطر اپنی ٹیم کی حوصلہ افزائی کر سکیں گے، جبکہ انہیں بہتر سہولیات بھی میسر آئیں گی۔ 

یہ بھی پڑھئے: آر سی بی بمقابلہ ایس آر ایچ: سب سے زیادہ رنز بنانے والے ۳؍ بلے باز

اگر میدان کی بات کی جائے تو چناسوامی اسٹیڈیم بلے بازوں کیلئے نعمت سے کم نہیں۔ یہاں کی پچ نہایت ہموار اور تیز ہے جبکہ باؤنڈریز بھی نسبتاً مختصر ہیں، جس کے باعث گیند باآسانی ہوا میں بلند ہوتی دکھائی دیتی ہے۔ ٹاس کی اہمیت اپنی جگہ برقرار ہے، تاہم کوئی چالاک گیندباز یا جارحانہ بلے باز چند ہی اوورز میں میچ کا رخ بدل سکتا ہے۔ آر سی بی کی بیٹنگ لائن کی قیادت وراٹ کوہلی کر رہے ہیں، جو اپنی شاندار ٹائمنگ، برق رفتار فٹ ورک اور اننگز کی رفتار کو بوقتِ ضرورت بڑھانے کی صلاحیت کے باعث گیندبازوں کیلئے کسی ڈراؤنے خواب سے کم نہیں۔ فل سالٹ اور ٹم ڈیوڈ ابتدائی اوورز میں انتہائی تیز رفتار بیٹنگ کرتے ہیں، جبکہ رجت پاٹیدار اور وینکٹیش ائیر مڈل آرڈر کو استحکام فراہم کرتے ہیں اور دباؤ میں بہترین کارکردگی دکھانے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ 

یہ بھی پڑھئے: انل کمبلے نے ابھیشیک شرما کا موازنہ سہواگ سے کیا!

جیتیش شرما نہ صرف وکٹ کیپنگ کے فرائض انجام دیتے ہیں بلکہ اننگز کو مؤثر انداز میں اختتام تک پہنچانے کی صلاحیت بھی رکھتے ہیں، جبکہ کرونال پانڈیا اور روماریو شیفرڈ ایسے آل راؤنڈرز ہیں جو کسی بھی وقت میچ کا پانسہ پلٹ سکتے ہیں۔ گیندبازی کے شعبے میں یش دیال اور جوش ہیزل ووڈ کی عدم دستیابی ایک چیلنج ہوگی۔ ایسے میں بھونیشور کمار کے تجربے اور نوان تشارا و سُیَش شرما کے جوش پر اضافی ذمہ داری عائد ہوگی کہ وہ ابتدائی وکٹیں حاصل کریں اور رنز کی رفتار کو محدود رکھیں۔ دوسری جانب ایشان کشن کی قیادت میں سن رائزرس حیدرآباد جارحانہ اور غیر متوقع کھیل کے امتزاج کے ساتھ میدان میں اترے گی۔ ٹریوس ہیڈ اور ابھیشیک شرما کی اوپننگ جوڑی چند ہی اوورز میں میچ کا نقشہ بدلنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔ نمبر تین پر ہینرک کلاسن طاقت اور حکمت عملی کے حسین امتزاج کے ساتھ بیٹنگ کرتے ہیں، جبکہ لیام لیونگ اسٹون، نتیش ریڈی اور انیکیت ورما مڈل اور لوئر مڈل آرڈر میں بڑے شاٹس کھیلنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ 

یہ بھی پڑھئے: آئی پی ایل ۲۰۲۶ء: داسُن شَنَاکا، سَم کرن کی جگہ راجستھان رائلز کا حصہ بن گئے

پیٹ کمنز کی غیر موجودگی سے گیند بازی کے شعبے میں ایک خلا پیدا ہو گیا ہے، جس کی وجہ سے جے دیو ادنادکٹ اور برائیڈن کارس پر ابتدائی کامیابیاں دلانے کا دباؤ بڑھ گیا ہے؛ وہیں ہرشل پٹیل اور ہرش دوبے کو مڈل اوورز میں رنز کی رفتار پر لگام لگانی ہوگی۔ ’امپیکٹ پلیئر‘ کے طور پر نامزد ذیشان انصاری، اگر جلد ہی اپنی لے حاصل کر لیتے ہیں، تو وہ میچ کا پانسہ پلٹنے میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔ ٹیم کی کامیابی کا انحصار اس بات پر ہوگا کہ وہ گیند بازی میں اپنی فارم کتنی جلدی حاصل کرتے ہیں، اور اپنی دھماکہ خیز بلے بازی کے دم پر بڑے ہدف کا تعاقب کرنے یا بڑا اسکور بنانے میں کتنے کامیاب ہوتے ہیں۔ 
مختصراً یہ کہ سیزن کا یہ افتتاحی مقابلہ محض ایک کرکٹ میچ نہیں بلکہ سرمایہ، جذبات، نظم و نسق، شان و شوکت اور تاریخ کا ایک منفرد امتزاج ہے۔ آر سی بی کو متوازن ٹیم، ہوم گراؤنڈ کا فائدہ اور بولنگ میں گہرائی کے باعث معمولی برتری حاصل ہے، تاہم، سن رائزرس حیدرآباد کی جارحانہ صلاحیت اسے ایک سنسنی خیز مقابلہ بناتی ہے۔ آخرکار بہتر حکمت عملی، مضبوط اعصاب اور تھوڑی سی قسمت ہی فتح کا فیصلہ کرے گی۔ 

یہ بھی پڑھئے: دہلی کیپٹلس ایک مضبوط یونٹ، قسمت بدلنے کا وقت آ گیا: آکاش چوپڑا

میچ کا آغاز ہندوستانی وقت کے مطابق شام ساڑھے ۷؍ بجے ہوگا۔ 
ٹیمیں 
آر سی بی: رجت پاٹیدار (کپتان)، ٹم ڈیوڈ، وراٹ کوہلی، دیودت پڈیکل، فلپ سالٹ (وکٹ کیپر بلے باز)، جتیش شرما (وکٹ کیپر بلے باز)، جیکب بیتھل، کرونال پانڈیا، روماریو شیفرڈ، جوش ہیزل ووڈ، رسیک سلام ڈار، بھونیشور کمار، سویش شرما، سوپنل سنگھ، نوان توشارہ، وینکٹیش ائیر، جیکب ڈفی، منگیش یادو، جارڈن کاکس، وہان ملہوترا، کنشک چوہان، ابھینندن سنگھ، وکی اوستوال، ساتوک دیسوال۔ 
ایس آر ایچ: ٹریوس ہیڈ، ایشان کشن، ہینرک کلاسن، سمرن روی چندرن، ابھشیک شرما، ہرش دوبے، کامندو مینڈس، نتیش کمار ریڈی، ایشان ملنگا، جے دیو ادنادکٹ، ہرشل پٹیل، سلیل اروڑہ، پرافل ہنگے، لیام لیونگ اسٹون، شیوم ماوی، جیک ایڈورڈز، برائیڈن کارس، ثاقب حسین، ذیشان انصاری، انیکیت ورما، امت کمار، کرینس فولیٹرا۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK