Updated: May 31, 2026, 10:05 PM IST
| Hong Kong
اسٹار ایتھلیٹ پوجا سنگھ نے ہائی جمپ کا قومی ریکارڈ توڑ گولڈ میڈل حاصل کیا جو۱۴؍ سال قبل ان کی کوچ نے قائم کیا تھا، انہوں نے ایک اعشاریہ ۹۳؍میٹر کی چھلانگ لگا کر سنہ۲۰۱۲ء میں سہانہ کماری کے قائم کردہ ایک اعشاریہ ۹۲؍ میٹر کے پرانے ریکارڈ کو پیچھے چھوڑ دیا۔
اسٹار ایتھلیٹ پوجا سنگھ۔ تصویر: ایکس
ہانگ کانگ میں ایشین انڈر ۲۰؍ایتھلیٹکس چیمپئن شپ کے دوران ہندوستان کی۱۹؍ سالہ اسٹار ایتھلیٹ اور ہائی جمپنگ اسٹار پوجا سنگھ نے جمعہ کو۱۴؍ سال پرانا قومی ریکارڈ توڑ کر تاریخ رقم کر دی۔ انہوں نےایک اعشاریہ ۹۳؍میٹر کی چھلانگ لگا کرسنہ۲۰۱۲ء میں سہانہ کماری کے قائم کردہ ایک اعشاریہ ۹۲؍میٹر کے پرانے ریکارڈ کو پیچھے چھوڑ دیا۔دلچسپ بات یہ ہے کہ سہانہ کماری خود پوجا کی کوچ ہیں اور اس موقع پر ان کے ساتھ تھیں جب پوجا نے گولڈ میڈل جیتا ۔یہ ایشین انڈر۲۰؍ چیمپئن شپ میں ان کا دوسرا تمغہ ہے۔ پوجا نے کامن ویلتھ گیمز۲۰۲۶ء کے لیے کوالیفائنگ معیار(ایک اعشاریہ ۹۲؍میٹر ) کو بھی عبور کر لیا۔ تاہم، وہ ایشین جونیئر ریکارڈ ایک اعشاریہ ۹۶؍میٹر ) سے محض ایک قدم دور رہ گئیں۔پوجا کی یہ کامیابی اس دن حاصل ہوئی جب ہندوستانی ایتھلیٹس نے انڈر ۲۰؍ چیمپئن شپ میں چار گولڈ میڈل سمیت کل سات تمغے جیتے۔
پوجا کا تعلق ہریانہ کے ضلع فتح آباد کے گاؤں بوسٹی سے ہے۔ ان کے والد ایک مزدور ہیں۔ پوجا نے معمولی پس منظر سے تعلق رکھتے ہوئے جدوجہد کی ۔ان کے پاس اعلیٰ تربیت کے وسائل نہیں تھے۔ انہیں سب سے پہلے ان کے گاؤں کے کوچ بلوان سنگھ پترا نے دیکھا، جو انہیں یوگا اور جمناسٹک ٹرینی کے طور پر اپنی اکیڈمی لائے۔ انہوں نے پوجا کی لچک، دھماکہ خیز طاقت اور ٹانگوں کی مضبوطی کو دیکھا۔ ان کی پہلی چھلانگ صرف۹۰؍ سینٹی میٹر تھی، مگر اس نے کوچ کو متاثر کیا۔ وہ بان کی چھڑی اور چاول کی بھوسی اور گھاس سے بنی بوریوں پر مشق کرتی تھیں، جو ان کی لینڈنگ میٹ کا کام کرتی تھیں۔بعد ازاںہندوستانی ڈسکس لیجنڈ سیمہ انٹل نے ان کی اکیڈمی کو پیشہ ورانہ لینڈنگ میٹ فراہم کرنے میں مدد کی۔
یہ بھی پڑھئے: ممبئی کےدادر میں واقع ’’اشوک وڑا پاؤ‘‘ دنیا کے۴۰؍ مشہور ترین سینڈوچ میں شامل
اس سے قبل پوجا نے ۲۰۲۲ء جونیئر نیشنل چیمپئن شپ میں انڈر۱۴؍ کیٹیگری میں گولڈ جیتا اور قومی ریکارڈ قائم کیا، یہ کامیابی انہوں نے لمبی چوٹ سے واپسی کے بعد حاصل کی۔ اس کے بعد۲۰۲۳ء میں ایشین انڈر۱۸؍ چیمپئن شپ میں گولڈ، انڈر۲۰؍ میں سلور، اور۲۰۲۳ء کامن ویلتھ گیمز میں کانسے کا تمغہ جیتا۔۲۰۲۴ء ورلڈ ایتھلیٹکس انڈر۲۰؍ چیمپئن شپ میں انہوں نے قومی ریکارڈ توڑا اور فائنل راؤنڈ کے لیے کوالیفائی کیا۔۲۰۲۵ء ایشین ایتھلیٹکس چیمپئن شپ میں بھی انہوں نے ایک اعشاریہ ۸۹؍میٹر کی چھلانگ لگا کر گولڈ میڈل جیتا۔