Inquilab Logo Happiest Places to Work

آئی پی ایل ۲۰۲۶ء میں کوئی چمک دمک نہیں ، افتتاحی تقریب منسوخ

Updated: March 26, 2026, 3:27 PM IST | Mumbai

بورڈ آف کنٹرول فار کرکٹ ان انڈیا (بی سی سی آئی ) نے ۴؍جون کو پیش آنے والے افسوسناک بھگدڑ کے واقعہ میں جان گنوانے والے افراد کے احترام میں آئی پی ایل ۲۰۲۶ء کی افتتاحی تقریب نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ دفاعی چیمپئن رائل چیلنجرز بنگلور (آر سی بی) ٹورنامنٹ کے آغاز میں سن رائزرس حیدرآباد(ایس آر ایچ) کی میزبانی کریں گے جبکہ سیکریٹری دیواجیت سیکیا نے تصدیق کی ہے کہ سیزن کا آغاز سادگی سے ہوگا اور ۳۱؍ مئی کو شاندار اختتامی تقریب منعقد کی جائے گی۔

IPL 2025.Photo:INN
آئی پی ایل ۲۰۲۵۔ تصویر:آئی این این

بی سی سی آئی نے دو دن بعد شروع ہونے والے آئی پی ایل۲۰۲۶ ءکے لیے افتتاحی تقریب نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے تاکہ گزشتہ سال ایم چنا سوامی اسٹیڈیم کے باہر ہونے والی۴؍ جون کی بھگدڑ میں جان گنوانے والوں کو خراجِ عقیدت پیش کیا جا سکے۔ آر سی بی نے احمد آباد میں پنجاب کنگز کو شکست دے کر اپنی پہلی آئی پی ایل ٹرافی جیتی تھی، جس کے بعد بنگلورو میں جشن منایا گیا، مگر یہ خوشی اس وقت المیے میں بدل گئی جب ۱۴؍ سالہ بچے سمیت ۱۱؍ شائقین ہلاک ہو گئے۔

یہ بھی پڑھئے:اکشے اوبیرائے کی ۲۰۲۶ء میں تین بڑی فلمیں ریلیز ہوں گی

چونکہ روایت کے مطابق افتتاحی میچ اسی میدان میں کھیلا جانا ہے، اس لیے بی سی سی آئی نے آغاز پر کسی ثقافتی یا تفریحی پروگرام کا انعقاد نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ رپورٹس کے مطابق  اگرچہ افتتاحی تقریب نہیں ہوگی، لیکن فائنل کے دن ایک شاندار اختتامی تقریب ضرور منعقد کی جائے گی۔ بی سی سی آئی کے سیکریٹری دیواجیت  نے کہاکہ ’’ گزشتہ سال ۴؍ جون کے افسوسناک واقعے کے باعث آئی پی ایل ۲۰۲۶ء کے آغاز پر کوئی رسمی تقریب نہیں ہوگی۔ بی سی سی آئی اس سانحے میں  ہلاک ہونے والے افراد کے احترام میں کوئی ثقافتی یا تفریحی پروگرام منعقد نہیں کرے گا۔ تاہم، فائنل کے دن (۳۱؍مئی) ایک بڑی تفریحی تقریب کا منصوبہ بنایا جا رہا ہے۔‘‘

یہ بھی پڑھئے:امریکہ نے شہریوں کو ممنوع سستا پیٹرول استعمال کرنے کی مجبوراً اجازت دی


 گزشتہ سال آئی پی ایل کی افتتاحی تقریب ایڈن گارڈنس میں منعقد ہوئی تھی، جہاں شاہ رخ خان   سمیت کئی بالی ووڈ ستاروں نے پرفارم کیا  جبکہ گلوکارہ شریا گھوشال اور کرن اوجلا نے بھی اپنے فن کا مظاہرہ کیا  اور اداکارہ دِشا پٹانی نے رقص پیش کیا۔ اس سے پہلے۲۰۱۹ء میں بھی بی سی سی آئی نے پلوامہ حملہ  کے بعد افتتاحی تقریب منسوخ کر دی تھی، جس میں تقریباً ۴۰؍ سی آر پی ایف اہلکار ہلاک ہوئے تھے  اور اس کے لیے مختص فنڈز متاثرہ خاندانوں کو دے دیے گئے تھے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK